فکر و خیالات

قومی یومِ تعلیم: مطالعہ معاشرے کی تعمیر اور شخصیت سازی کا مؤثر ذریعہ...سید قمر عباس قنبر نقوی

مطالعہ شخصیت سازی، فکری بالیدگی اور معاشرتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ نئی نسل میں کتاب بینی کا شوق پیدا کرنا، لائبریریوں کو آباد کرنا اور مطالعے کی عادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے آئی</p></div>

علامتی تصویر / اے آئی

 

کتاب کی اہمیت ہر دور میں مسلم رہی ہے اور کتاب بینی بہترین سرمایۂ حیات ہے۔ علم اور کتابی مطالعہ کے اثرات انسانی زندگی پر اتنے خوبصورت ہوتے ہیں کہ اس سے فکر میں بلندی، معیار میں پختگی، کردار میں مضبوطی، نظریات میں پاکیزگی و شفافیت، معاشرے میں تعلیم و ترقی اور شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ صاحبِ مطالعہ شخص کبھی نفرت اور دہشت گردی کی غلیظ راہوں کا انتخاب نہیں کر سکتا۔ اچھی کتابوں کا مطالعہ ذہنی تناؤ اور پریشانی کو کم کرنے، شخصیت کو پُرکشش بنانے میں انتہائی مفید ہے۔ مشاہدہ گواہ ہے کہ اچھی کتابوں کا مطالعہ خرافات سے بچنے کی محفوظ پناہ گاہ، نیز طولِ عمری و صحت کا سبب بھی بنتا ہے۔

شعور کی بیداری اور قومی ترقی

بہترین اور معیاری کتب کے مطالعہ سے شعور و آگہی میں استحکام اور مضبوطی پیدا ہوتی ہے، جو دنیا میں عزت و عافیت اور آخرت میں نجات کا باعث بنتی ہے۔ صاحبِ مطالعہ ہی ملک و ملت کے لیے نمایاں خدمات انجام دے کر اپنے وطن یعنی ملک، شہر، گاؤں کا نام روشن کرتے ہیں اور یہی افراد معاشرے میں اپنے والدین کی عزت کا سبب بھی بنتے ہیں۔ ماہرینِ نفسیات کہتے ہیں کہ مطالعہ دماغی صحت کے لیے ویسا ہی ضروری ہے، جیسے جسم کی مضبوطی کے لیے ورزش لازمی ہے۔ مطالعہ سے ہمیں دورِ سابقہ اور دورِ حاضر کے عظیم دانشوروں کے علم، تجربات اور مشاہدات سے استفادہ کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے، جو کامیاب زندگی کے لیے ایک مضبوط زینہ ہے۔

طلبہ! مطالعے سے علم کی نئی راہیں تلاش کریں

طلبہ نصابی کتب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی کتب کا مطالعہ ضرور کریں، کیونکہ نصابی کتابیں نمبرات حاصل کرنے کے لیے تو بہت ضروری ہیں، لیکن زندگی میں نکھار و بلندی، نیز معاشرے میں علمی ماحول اور پاکیزگی صرف ان ہی سے ممکن نہیں ہے۔ معاشرہ شاہد ہے کہ سائنس، ریاضی، میڈیکل اور انجینئرنگ کے طلبہ اپنے اپنے میدان میں ماہر تو ہو سکتے ہیں، لیکن یہ ضروری نہیں کہ وہ اپنے معاشرے کے لیے معاون بھی ثابت ہوں۔ انہیں چاہیے کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات سیکھیں، والدین، عزیز و اقارب اور پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں اور ان کا حق ادا کریں۔

اسلام میں علم کا مرتبہ

قاریانِ محترم! اسلام نے علم کو زندگی اور جہالت کو موت قرار دیا ہے۔ یہاں ہر مرد اور عورت پر علم حاصل کرنا لازمی امر ہے۔ اسلام کی "کتابِ دستور" یعنی قرآن مجید کا آغاز ہی لفظ "اقرا" سے ہوا ہے، یعنی پڑھو، سیکھو اور سمجھو۔ کتاب کی اہمیت کا اندازہ یوں بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ رب العزت نے اپنے کلام کا نام "الکتاب" رکھا ہے۔ قرآن مجید نے بالکل ابتدا میں ہی اپنا تعارف "الکتاب" کے طور پر کروایا ہے۔ اللہ نے اپنے کلامِ مقدس کو الکتاب کہہ کر کتاب اور علم کے مرتبہ کو اتنا بلند کر دیا ہے کہ اس سے زیادہ ممکن نہیں۔ کتاب دوستی نعماتِ الٰہیہ میں سے ایک بڑی نعمت ہے، یہ جسے نصیب ہو جائے، وہی اس کا لطف محسوس کر سکتا ہے۔ کتاب دوستی ہر دور میں مبلغین، مدرسین، مخلصین اور مدبرین کا طُرّۂ امتیاز رہی ہے۔ آج بھی دورِ سابقہ کے بعض بزرگ علماء و مفکرین کا یہ فرمان کتابوں میں محفوظ ہے کہ: "اپنے اثاثے بیچ کر کتابیں خریدیں، کیونکہ علم ہمارا ورثہ ہے اور علم ہی ہماری پہچان ہے"۔ علم حاصل کرنا ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔

ہماری ذمہ داریاں اور عملی اقدامات

لہذا قومی یومِ تعلیم کے اس موقع پر ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کتاب بینی کا رواج عام کریں، مطالعہ کی عادت کو فروغ دیں اور اس کام کو ایک تحریک کی شکل میں شروع کریں۔ اس کے لیے درج ذیل اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں:

مطالعہ کے انعامی مقابلے منعقد کرائے جائیں۔

کتابوں کی نمائش (بک فیئرس ) کا باقاعدگی سے اہتمام کیا جائے۔

کتابیں انتہائی معقول اور رعایتی قیمت پر فروخت کی جائیں۔

عوامی لائبریریوں کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ گھروں میں ذاتی لائبریری قائم کی جائے۔

بچوں میں کھیل اور تفریحی کتب کے ذریعے بچپن ہی سے کتاب خریدنے کی عادت ڈالی جائے تاکہ جوان ہو کر وہ صالح معاشرے کا مضبوط ستون بنیں۔

یاد رکھیے، کتاب انسان کی بہترین اور سچی ساتھی ہے۔ فارسی کی مشہور کہاوت ہے: "کتاب سے بہتر کوئی ہم نشین تلاش کرنا فضول ہے"۔ آپ مستقبل کی بہتری اور مضبوطی کے لیے جو بھی پالیسی بنائیں، اس میں کتاب سے مشورہ ضرور لیں، کیونکہ کتاب کے بغیر حقیقی کامیابی ممکن نہیں۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک جو پوری دنیا پر راج کر رہے ہیں، ان کی وجہ صرف اور صرف علم دوستی اور کتب دوستی ہے۔ وہاں کی عوام، خصوصاً نوجوان باقاعدگی سے کتابیں پڑھتے ہیں اور اپنے بجٹ کا ایک بڑا حصہ کتابوں پر خرچ کرتے ہیں۔

ڈیجیٹل دور کے چیلنجز اور کتاب کی بقا

سائبر اور سوشل میڈیا کے فوائد اور اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن اس کے خطرات، مشکلات اور چیلنجوں کی شناخت اور ان سے احتیاط، اگر ناممکن نہیں تو مشکل ترین عمل ضرور ہے۔ آج سائبر میڈیا کے بے جا اور غیر متوازن استعمال سے طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور اسکالرز کی حقیقی مطالعہ کی صلاحیتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ آج سائبر کلچر نے ہماری کتاب سے دوری کے سبب انسانی زندگی کے تمام شعبوں، حتیٰ کہ قومی تہذیب اور دینی اقدار کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ہماری اس غفلت سے مستقبل میں بھیانک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس تحریر کے ذریعے میرا مقصد ڈیجیٹل میڈیا یا ویب سیریز کی کلی مخالفت کرنا نہیں ہے، بلکہ اہمیتِ مطالعہ اور فوائدِ مطالعہ کو واضح کرنا مقصود ہے۔

قاریانِ محترم! دورِ حاضر میں مطالعہ کی ضرورت کم نہیں ہوئی بلکہ مزید بڑھ گئی ہے، کیونکہ سائبر رجحان بالخصوص پی ڈی ایف کلچر بھی کتاب کی مجلد یعنی ہارڈ کاپی صورت کی ساکھ اور اہمیت کو متاثر نہیں کر سکا۔ ایک معمولی سا وائرس آپ کے کل ڈیجیٹل ڈیٹا کو پل بھر میں ختم کر سکتا ہے، لیکن کتاب کی اصل صورت صدیوں سے ہر دور میں اپنے وجود کا لوہا منوا رہی ہے۔

حرفِ آخر

قوم کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ جہالت اور نفرتوں سے پاک ایک خوبصورت معاشرے کی تشکیل کے لیے کتب بینی اور کتاب خریدنے اور خریدوانے کی کوشش ضرور کرے، تاکہ آپ کی موجودہ اور آنے والی نسلیں کامیاب زندگی بسر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں سے بھی باخبر رہیں اور دشمنانِ ملک و ملت کا ہر موڑ پر علمی اثاثے سے مقابلہ کر سکیں۔ علم درحقیقت زندگی اور روشنی ہے، اور علم سے دوری جہالت و جاہلیت ہے، اور مومن جاہل نہیں ہوتا۔ اساتذہ اور طلبہ ملت کو کتب بینی کی طرف متوجہ کرنے میں اپنا مضبوط کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کسی بھی اسکول اور استاد کا اپنے طالب علم کے لیے اس سے بڑا تحفہ نہیں ہو سکتا کہ وہ اس میں اچھی کتابوں کے مطالعہ کا شوق اور عادت پیدا کر دے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔