فکر و خیالات

ہم ہیں کامیاب-22: دانش خان کی ایک مخلصانہ مدد، جس نے میڈیکل ٹورزم کی راہ دکھائی اور وجود میں آ گئی ایک کمپنی

دانش خان اپنی ٹیم کے اراکین میں مریضوں کے لیے ’خادم‘ والا جذبہ دیکھنا چاہتے ہیں، جس میں ہمدردی بھی ہو اور اخلاص بھی۔ اس کے لیے ہر ہفتہ کی صبح ’میڈاویئٹ‘ کے دفتر میں ’درس‘ کا نظم کیا جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ازبکستان میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ڈاکٹر دانش خان (بائیں)</p></div>

ازبکستان میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ڈاکٹر دانش خان (بائیں)

 

بات 2015 کی ہے۔ راجدھانی دہلی واقع شاہی جامع مسجد کے احاطہ میں موجود ’درگاہ آثار شریف‘ کی زیارت کرنے ترکمانستان کا ایک وفد آیا ہوا تھا۔ اس وفد میں ایک مریض بھی تھا جو کسی اسپتال میں علاج کا خواہش مند تھا۔ اسے کچھ رہنمائی کی ضرورت تھی۔ درگاہ آثار شریف کے سجادہ نشیں سید احراز صاحب نے اس رہنمائی کی ذمہ داری اپنے ایک مخلص دانش خان کو دی۔ قابل احترام احراز صاحب کا حکم بجا لاتے ہوئے دانش خان نے اپولو اسپتال (اندرپرستھ) میں مریض کا علاج کرایا اور پھر یہ وفد خوش و خرم حالت میں وطن واپس لوٹا۔ یہ ایک مخلصانہ مدد تھی جو دانش خان نے سید احراز احمد کے کہنے پر کی تھی، لیکن انھیں کیا پتہ تھا کہ یہی ’مخلصانہ مدد‘ ان کی بے سمت زندگی کو ایک نئی سمت عطا کرے گی۔

جی ہاں، 20 نومبر 1990 کو متھرا میں پیدا ہوئے اور اپنی زندگی کا بیشتر وقت راجدھانی دہلی میں گزارنے والے دانش خان کی زندگی 2015 میں بے سمتی کا ہی شکار تھی۔ بچپن سے انھوں نے ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھا تھا، لیکن میٹرک میں اتنے نمبر نہیں آئے کہ اس طرف قدم بڑھایا جا سکے۔ مجبوراً ڈاکٹر کا خواب چھوڑ کر انجینئر بننے کا ارادہ کیا اور جامعہ ملیہ اسلامیہ سے 2010 میں ’ڈپلوما اِن انجینئرنگ‘ کی ڈگری حاصل کی۔ انھیں 2011 میں ’یماہا‘ کمپنی میں ملازمت بھی مل گئی، لیکن دل کو اس ملازمت سے سکون و اطمینان حاصل نہیں ہوا۔ 2012 میں ملازمت چھوڑ کر ریسٹورینٹ کھول لیا، کیونکہ ان کے والد عبدالعزیز نے دہلی میں ہی طویل عرصہ تک ریسٹورینٹ چلایا تھا۔ امید کے مطابق اس بزنس میں کامیابی نہیں ملی تو ایک سال میں ہی شٹر ڈاؤن ہو گیا۔ پھر کپڑوں کا کاروبار شروع کیا، جوتوں کی دکان بھی کھولی، حتیٰ کہ شیئر مارکیٹ میں بھی قسمت آزمائی کی، لیکن ہر جگہ ناکامی حاصل ہوئی۔ بیرون ملک جانے کا ارادہ کیا تو اس میں بھی کئی طرح کے رخنات پیدا ہوئے۔ گویا کہ 3 سالوں تک دانش خان اِدھر سے اُدھر بھٹکتے نظر آئے اور اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہو گئے۔ اس دوران ذہنی سکون کے لیے انھوں نے اوکھلا میں ہونے والے ’درس‘ پروگرام میں شامل ہونا شروع کر دیا، جس کے مقرر سید احراز احمد ہوا کرتے تھے۔ سید احراز صاحب سے وہ اتنے متاثر ہوئے کہ اکثر ان سے ملاقات کرنے درگاہ آثار شریف پہنچ جاتے تھے۔ وہیں ایک موقع پر ترکمانستانی وفد کی مدد کرنا ان کے لیے ’تاریکی میں روشنی‘ کا سبب بن گیا۔

دانش خان بتاتے ہیں کہ سید احراز صاحب سے ملاقات کرنے اور درگاہ آثار شریف میں حاضری دینے بیرون ممالک سے کئی وفد آتے رہتے تھے۔ ان میں ترکمانستان کے لوگوں کی بھی بڑی تعداد ہوتی تھی۔ جب ایک ترکمانستانی وفد میں شامل مریض کا علاج انھوں نے خوش اسلوبی سے کرا دیا تو احراز صاحب نے کچھ دنوں بعد ایک دیگر ترکمانستانی وفد کے علاج کی ذمہ داری انھیں سونپ دی، جس میں کئی مریض تھے۔ جب علاج کے بعد دانش اپولو اسپتال میں ڈسچارج پیپر وغیرہ کے لیے دوڑ بھاگ کر رہے تھے تو وہاں موجود میڈیکل ٹورزم سے منسلک ایک شخص نے مسکراتے ہوئے کہا ’’بھئی خوب کمائی ہو رہی ہے۔‘‘ یہ سن کر دانش حیران ہوئے اور پوچھا ’’کیسے؟‘‘ اس شخص نے کہا کہ ’’ہر مریض پر کمیشن ملتا ہے، اور اس لحاظ سے تمھیں خاطر خواہ رقم ضرور مل رہی ہوگی۔‘‘ اب تو حیرت اپنی انتہا کو پہنچ گئی، اور دانش نے کہا ’’نہیں، مجھے تو کوئی پیسے نہیں ملتے۔‘‘

اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے دانش خان کہتے ہیں کہ ’’اس وقت میرے ہاتھوں میں 22 بل تھے، جن میں سے 4 سرجری کے تھے۔ اُس شخص کو جب پتہ چلا کہ مجھے پیسے نہیں مل رہے، تو وہ مجھے لے کر بلنگ کاؤنٹر پر گیا اور سبھی کاغذی کارروائی پوری کی۔ پھر مجھے 136000 روپے ملے۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’یہ رقم دیکھ کر میں حیرت میں پڑ گیا۔ سید احراز صاحب سے ملاقات کی اور پوری بات انھیں بتا دی۔ وہ بھی بہت خوش ہوئے اور کہا کہ ضرورت مند بیرون ملکی مریضوں کو اب سے تمھارے حوالے کر دیا کروں گا۔‘‘ یہیں سے دانش خان کو میڈیکل ٹورزم کا راستہ دکھائی دیا۔ انھیں روسی زبان پر عبور حاصل کرنے کے لیے تھوڑی محنت ضرور کرنی پڑی، لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کام کے تئیں دلچسپی پیدا ہونے لگی۔ کچھ ہی وقت بعد 2016 میں انھوں نے ’آثار‘ نام سے ایک کمپنی رجسٹر کی تاکہ منظم انداز میں کام کو آگے بڑھایا جا سکے۔ ظاہر ہے کمپنی کا نام اُسی درگاہ شریف کے نام پر رکھا، جہاں سے انھیں اس بزنس کا راستہ نظر آیا تھا۔ دھیرے دھیرے مریضوں کی تعداد بڑھتی گئی اور اسپتال سے کثیر رقم بھی ملتی رہی۔ ایک وقت ایسا آیا جب حاصل ہونے والی رقم ’انفرادی بلنگ‘ کی آخری حد کو عبور کر گیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بلنگ رک گئی، اور پھر 2019 میں ’مداوا‘ (جس کے معنی ہیں علاج، معالجہ) نام سے پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی رجسٹر کرانی پڑی۔ اس کمپنی میں انھوں نے سید احراز احمد کو احتراماً پارٹنر بنایا اور احراز صاحب کا دست شفقت بھی ہمیشہ ان کے سر پر قائم رہا۔

نئی کمپنی بنانے کے بعد دانش خان نے میڈیکل ٹورزم میں کچھ نئے دروازے کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا۔ اس میں ان کا بھرپور ساتھ دیا عباس اور ویپن نے۔ عباس نے عرب ممالک کی ذمہ داری سنبھالی اور ویپن افریقی ممالک کے مریضوں کو سنبھالنے لگے۔ اس طرح ایک ایسی ٹیم بن گئی، جو آسمان پر کمند ڈالنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ کچھ بڑا کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے دانش خان نے 2019 کے ابتدا میں ہی ایک کمپنی سے 35 لاکھ روپے کا فنڈ (ایکویٹی کی شکل میں) حاصل کیا۔ 20 مارچ کو وہ ازبکستان کا دورہ کرنے والے تھے، لیکن ’کورونا وبا‘ نے منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔ ترکمانستان اور ازبکستان ان ممالک میں شامل تھے جہاں سب سے پہلے سفری پابندی لگائی گئی۔ مریضوں کی آمد بند ہوئی تو معاشی مسائل پیدا ہونے لگے۔ دانش کہتے ہیں کہ ’’کورونا ہمارے لیے امتحان بن کر آیا تھا، جس نے ہمیں ایک بڑا سبق سکھایا۔ ہمیں اندازہ ہوا کہ ترکمانستان پر انحصار چھوڑ کر دیگر ممالک پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سمت میں کام شروع بھی کر دیا کیونکہ کچھ ممالک سے مریض آنے شروع ہو گئے تھے۔‘‘

کورونا سے پیدا حالات نے ایک مشکل یہ بھی پیدا کر دی کہ جس کمپنی نے فنڈ دیا تھا، اس نے تقاضہ شروع کر دیا۔ دراصل وہ کورونا وبا کے دوران ’مداوا‘ کی کارکردگی کو لے کر تشویش میں مبتلا ہو گئی تھی۔ دانش خان نے کمپنی کے مالک کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن بالآخر جون 2020 میں انھوں نے 35 لاکھ واپس کر دیے۔ یقیناً یہ دانش کے لیے بہت مشکل فیصلہ رہا ہوگا، لیکن اکتوبر 2020 میں انھوں نے مزید ایک فیصلہ لیا۔ وہ فیصلہ تھا رشتۂ ازدواج سے منسلک ہونے کا۔ زیب النساء ان کی زندگی میں خوشیوں کی بہار لے کر پہنچیں، اور پھر دانش کی کامیابی کی نئی داستان کا آغاز ہوا۔ 2021 سے عالمی سطح پر حالات بہتر ہونے شروع ہوئے، اور ساتھ ہی ’مداوا‘ کی ترقی کا دور بھی شروع ہو گیا۔ ترکمانستان 2021 کے آغاز میں بھی بند تھا، اس لیے دانش خان نے ازبکستان کا دورہ کیا تاکہ اپنی کمپنی کا تعارف وہاں طبی حلقہ میں کرا سکیں۔ ایک ماہ کا وقت گزارنے کے بعد بھی کچھ فائدہ نظر نہیں آیا، کیونکہ وہاں کا طبی حلقہ پہلے ہی کسی نہ کسی ہندوستانی کمپنی کے رابطے میں تھا۔ دانش نے 2022 میں نئے منصوبہ کے ساتھ دوبارہ ازبکستان کا دورہ کیا۔ اس بار عام لوگوں اور سماجی کارکنان سے ملاقات کی گئی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’لوگوں کو جب پتہ چلتا تھا کہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کے ملک سے آیا ہوں، تو خوب محبت لٹاتے تھے۔ وہ بالی ووڈ اور مشہور اداکاروں کی باتیں کر کے بہت خوش ہوتے تھے۔‘‘ اس دورہ سے خوب فائدہ ہوا، کیونکہ مقامی لوگوں کی زبانی تشہیر کے بعد مریض ’مداوا‘ سے براہ راست رابطہ کرنے لگے۔

دانش خان اپنی کمپنی کی کامیابی کا سہرا سبھی ٹیم اراکین کے سر باندھتے ہیں، جنھوں نے خود کو کمپنی کے تئیں وقف کر رکھا ہے۔ عباس اور ویپن تو دانش خان کے ساتھ ابتدا سے جڑے ہوئے ہیں، 2021 میں عمران خان نے کمپنی کو جوائن کیا جنھیں وسط ایشیا کی ذمہ داری سونپی گئی۔ یہ سبھی اپنا کام نہ صرف ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہے ہیں، بلکہ دفتر کا ماحول بھی انتہائی خوشگوار بنا رکھا ہے۔ دانش خان کہتے بھی ہیں کہ ’’یہاں نہ کوئی باس ہے، نہ ملازم... ہم سبھی بھائی ہیں۔‘‘ عمران خان کے بارے میں وہ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ان کی ذمہ داری ہے میرا سارا کام سنبھال کر مجھے سکون عطا کریں۔‘‘ کم وقت میں ہی عمران خان کمپنی کے مضبوط ستون بن گئے ہیں۔ انھیں روسی زبان پر قدرت حاصل ہے اور میڈیکل ٹورزم کا خاصہ تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ بات چیت کے دوران انھوں نے بتایا کہ ’’میں اپنی میڈیکل ٹورزم کمپنی کھولنے کا ارادہ رکھتا تھا، لیکن دانش بھائی کی کمپنی میں کسی اجنبیت کا احساس ہی نہیں ہوتا۔ ایسا لگتا ہی نہیں کہ میں کسی دوسرے کی کمپنی میں کام کرتا ہوں۔ اب تو اس کمپنی کی ترقی ہی میری ترقی ہے۔‘‘

بہرحال، ’مداوا‘ کمپنی نے 2023 میں اپنا نام بدل کر ’میڈاویئٹ‘ کر لیا، جو کہ 2 الفاظ ’میڈیکل‘ کے ’میڈ‘ اور ’ایویشن‘ کے ’ایویئٹ‘ کا مرکب ہے۔ یہ نام ٹیم کے سبھی لوگوں کے مشورہ پر رکھا گیا، کیونکہ انھیں ایک ایسا نام چاہیے تھا جو سبھی ممالک کے لیے پُرکشش ہو۔ اس وقت دانش خان اپنی ٹیم کے تعاون سے کمپنی کو اُس اونچائی تک لے جا چکے ہیں، جہاں انعامات و اعزازات ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ 2024 میں ’راجنیتی کی پاٹھ شالہ‘ نے ’ینگ بزنس لیڈر ایوارڈ‘ سے نوازا اور 2025 میں ازبکستان حکومت کی جانب سے ’سرٹیفکیٹ آف گریٹیٹیوڈ‘ حاصل ہوا جو اب تک ہندوستان میں کسی دیگر کمپنی کو نہیں ملا ہے۔ کئی دیگر اعزازات بھی ملے ہیں، جسے شمار کرایا جائے تو فہرست بہت طویل ہے۔ بڑی بات یہ ہے کہ 9 مستقل ملازمین پر مشتمل یہ کمپنی کسی نہ کسی شکل میں کم و بیش 200 لوگوں کے روزگار کا ذریعہ بنی ہوئی ہے۔ ان سبھی کی محنت اور شفایاب ہونے والے مریضوں کی دعائیں کمپنی کو ترقی کے زینے پر چڑھا رہی ہیں۔

’میڈاویئٹ‘ کی کامیابی کا اندازہ آپ اس بات سے بخوبی لگا سکتے ہیں کہ یہ کمپنی کم و بیش 20 ممالک کے مریضوں کو خدمات پیش کر رہی ہے۔ اس نے ہندوستان کے سبھی بڑے اسپتالوں سے رابطہ بنایا ہوا ہے تاکہ ایمرجنسی حالات میں کوئی دقت نہ ہو۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دانش خان اپنی ٹیم کے اراکین میں مریضوں کے لیے ’خادم‘ والا جذبہ دیکھنا چاہتے ہیں، جس میں ہمدردی بھی ہو اور اخلاص بھی۔ اس کے لیے ہر ہفتہ (سنیچر) کی صبح ’لیونگ اسٹائل مال‘ (جسولا، اوکھلا) واقع دفتر میں ’درس‘ کا نظم کیا جاتا ہے، جس میں سبھی ٹیم اراکین کی شرکت لازمی ہوتی ہے۔ اس ہفتہ وار محفل میں مولانا دستگیر صاحب کی تقریر ہوتی ہے جو دلوں میں روحانیت بھی پیدا کرتی ہے اور ہمدردی کا جذبہ بھی۔ آخر میں بتاتے چلیں کہ دانش خان نے اب ایک نئی کمپنی کی بنیاد ڈال دی ہے، جس کا نام ہے ’ویدم ہربس‘۔ اس کمپنی کے تحت 5 دوائیں جلد ہی لانچ ہونے والی ہیں۔ یہ جاننا آپ کے لیے دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ ’ویدم ہربس‘ میں دانش خان سمیت 4 پارٹنرس ہیں، اور یہ سبھی کسی نہ کسی شکل میں ’میڈاویئٹ‘ سے منسلک ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔