فکر و خیالات

ہم ہیں کامیاب-21: ’آدھار‘ بنوانے کے لیے 4 گھنٹوں کے انتظار نے بدل دی اَنیس ساحل کی زندگی، کھڑی کر دی اپنی کمپنی

انیس ساحل نے کورونا کا دور یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد جب دکان دیکھنے پہنچا، تو شٹر کا تالا ٹوٹا ہوا تھا اور وہاں رکھے گئے 2 کمپیوٹر اور پنکھے وغیرہ غائب تھے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>انیس ساحل اور کہکشاں صدیقی</p></div>

انیس ساحل اور کہکشاں صدیقی

 

اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر یا اس کے اطراف میں سڑکوں و گلیوں سے گزرتے ہوئے آپ کو سیاسی پارٹیوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کے کئی فلیکس بورڈ، بینر، پوسٹر اور بل بورڈ نظر آ جائیں گے۔ ان میں کچھ بورڈ اور بینرس اپنی دلکشی کے سبب نگاہوں کو اپنی طرف کھینچتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ ایسے بورڈ و بینرس کی بڑی تعداد ’ہائی ٹیک پرنٹرس اینڈ ایڈورٹائزنگ‘ کی تیار کی ہوئی ہے، جس نے خوبصورت ڈیزائننگ کے سبب قرب و جوار میں اپنی ایک خاص پہچان بنا لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنچایت انتخاب یا اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے موقع پر ’ہائی ٹیک پرنٹرس اینڈ ایڈورٹائزنگ‘ کے دفتر میں بھیڑ لگی ہوتی ہے۔ یہ بھیڑ اُس وقت بھی نظر آتی ہے جب اسکولوں میں نیا تعلیمی سیشن شروع ہوتا ہے اور سبھی پرائیویٹ اسکولز اپنی تشہیر کے لیے بورڈ، بینر یا پمفلٹ شائع کراتے ہیں۔

آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ اپنے ڈیزائن سے لوگوں کو متوجہ کرنے والی اس کمپنی میں ڈیزائنرس کی کوئی ٹیم نہیں ہے، بلکہ تن تنہا ایک شخص انیس ساحل نے پوری ذمہ داری اپنے کندھوں پر سنبھال رکھی ہے۔ فلیکس بورڈ کا ڈیزائن ہو یا وال پینٹنگ کا، پمفلٹ کا ڈیزائن ہو یا اسٹیکر کا، انھیں بناتے وقت ’کی بورڈ‘ پر انیس کی انگلیاں اس ترتیب کے ساتھ چلتی ہیں کہ دیکھنے والا کبھی ان کی انگلیوں کو دیکھتا ہے اور کبھی اسکرین پر بن رہے ڈیزائن کو۔ سب سے زیادہ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ ’ہائی ٹیک پرنٹرس اینڈ ایڈورٹائزنگ‘ کے بانی انیس ساحل نے محض تیسرے درجہ تک تعلیم حاصل کی ہے۔ جی ہاں، ایک غیر تعلیم یافتہ شخص نے اپنے جنون اور لگن سے کچھ ایسی اونچائی حاصل کر لی ہے، جہاں پہنچنا کسی غیر تعلیم یافتہ کے لیے محال ہی ہے۔ یہ جنون انھیں حاصل ہوا اس کمپیوٹر سنٹر سے جہاں وہ ’آدھار کارڈ‘ بنوانے گئے تھے اور اس کے لیے انھیں 4 گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑا۔ حالانکہ اَنیس ساحل کی جدوجہد کی کہانی اُس سے بہت پہلے ہی شروع ہو گئی تھی۔

4 اپریل 1994 کی بات ہے جب مظفر نگر کے میرا پور گاؤں میں محمد نفیس کے گھر انیس ساحل کی پیدائش ہوئی تھی۔ پہلے بیٹے کی ولادت نے گھر میں خوشیوں کا ماحول پیدا کر دیا تھا، لیکن معاشی حالت ایسی نہ تھی کہ ان خوشیوں کو ’جشن‘ کی شکل عطا کی جا سکے۔ محمد نفیس گھر گھر جا کر مزدوری کیا کرتے تھے۔ اس کے لیے انھیں کبھی پیسے مل جاتے تھے اور کبھی کچھ اناج میسر ہو جاتا تھا۔ مفلسی کی حالت میں کوئی جشن منانے کا تصور کیسے کر سکتا ہے، اس لیے خوشی کے دن یوں ہی گزر گئے۔ اس کے بعد انیس کے 2 بھائی اور 2 بہنیں بھی پیدا ہوئیں، جن کی پرورش محمد نفیس کے لیے بہت آسان نہ تھی۔ ان مشکل حالات کے سبب محمد انیس کو تیسرے درجہ کے بعد تعلیم ترک کرنی پڑی۔ اس وقت ان کی عمر 10-9 سال ہوگی۔ اسکول چھوٹنے کے بعد وہ گھر کے کام میں ہاتھ بٹانے لگے۔ خالی وقت میں دوستوں کے ساتھ گھومتے اور آس پڑوس کے بھی کچھ کام آ جاتے۔ دن، مہینے اور سال یوں ہی گزرتے رہے، اَنیس ساحل کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ کچھ کرنا ضرور چاہتے تھے، لیکن راستہ نظر نہیں آتا تھا۔

2009 کی بات ہے جب انیس ساحل ’آدھار کارڈ‘ بنوانے ایک سنٹر پر گئے۔ وہاں انھیں 4 گھنٹوں کا طویل انتظار کرنا پڑا، جس سے وہ بہت پریشان ہوئے۔ انھیں اتنا غصہ آیا کہ خود کمپیوٹر سیکھ کر کمپیوٹر سنٹر کھولنے کا عزم کر لیا۔ اپنا ارادہ انھوں نے والد محمد نفیس کے سامنے ظاہر کیا، لیکن مسئلہ یہ تھا کہ تیسرے درجہ تک تعلیم حاصل کرنے والا شخص کمپیوٹر کیسے سیکھ سکتا تھا! والد نے سوچا کہ کچھ دن گزرنے کے بعد بیٹے کی ضد خود بہ خود ختم ہو جائے گی، حالانکہ ایسا نہیں ہوا۔ بار بار اصرار کرنے کے بعد محمد نفیس یہ سوچنے پر مجبور ہوئے کہ بیٹے کو کمپیوٹر سیکھنے کہاں بھیجا جائے۔ بہت غور و فکر سے ایک راستہ نظر آیا، اور وہ انیس کو لے کر میراپور میں ہی موجود ’میواتی کمپیوٹر سنٹر‘ پہنچے جو دور کے رشتہ دار آفتاب عالم چلا رہے تھے۔ انھوں نے بھی انیس سے یہی سوال کیا کہ ’’تیسرے درجہ تک پڑھے ہو، کمپیوٹر کس طرح سیکھو گے؟‘‘ جواب میں انیس نے کہا ’’میں سیکھ جاؤں گا، بس مجھے کام پر رکھ لو۔‘‘

انیس ساحل کی ضد دیکھ کر آفتاب عالم نے انھیں اپنے پاس رکھ تو لیا، لیکن کئی مہینوں تک یہی سمجھ نہیں آیا کہ کمپیوٹر کس طرح سکھایا جائے۔ انیس خود بتاتے ہیں کہ ’’آفتاب بھائی نے بہت کوشش کی کہ میں دوبارہ پڑھائی شروع کروں، لیکن میرا دل اس طرف مائل ہی نہیں ہوا۔ مجھے صرف کمپیوٹر سیکھنے اور ڈیزائننگ کرنے کا جنون تھا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’تقریباً 2 سالوں تک تو میں دکان کھولنے اور بند کرنے کے علاوہ صرف صاف صفائی کا ہی دھیان رکھا کرتا تھا۔ دور سے کھڑے ہو کر جب لوگوں کو کمپیوٹر چلاتا دیکھتا، تو دل میں ایک امنگ ضرور پیدا ہوتی تھی کہ ایک دن میں بھی اسی طرح کمپیوٹر چلاؤں گا۔‘‘ انیس کی زندگی میں بدلاؤ کی لہر تب پیدا ہوئی جب انھوں نے تصویر کھینچنی شروع کی۔ پھر آفتاب عالم نے انھیں فوٹو شاپ کی باریکی کے بارے میں بھی تھوڑا بہت بتانا شروع کیا۔ اس موقع کا انیس نے خوب فائدہ اٹھایا اور دل لگا کر ڈیزائننگ کا ہنر سیکھنا شروع کر دیا۔ وقت تیزی سے گزرتا گیا، ساتھ ہی انیس کے جنون نے بھی رنگ دکھانا شروع کر دیا۔ پھر وہ وقت آیا جب انیس فلیکس بورڈ، بینر اور پوسٹر وغیرہ خود ڈیزائن کر اسے پرنٹ کرانے مظفر نگر شہر جانے لگے۔ اس طرح ایک طرف وہ کمپیوٹر پر ڈیزائننگ کی باریکیوں کو سیکھ رہے تھے، اور دوسری طرف پرنٹنگ شعبہ سے جڑے لوگوں سے روابط بھی بڑھ رہے تھے۔

2017 کی بات ہے، جب انیس ساحل ’میواتی کمپیوٹر سنٹر‘ سے الگ ہو کر مظفر نگر شہر میں فلیکس بورڈ بنانے والی کمپنی سے منسلک ہوئے۔ ابتدا میں ان کی تنخواہ 1500 روپے ماہانہ مقرر کی گئی، اور پھر ڈیزائننگ کا ہنر دیکھ کر 8-7 ماہ میں ہی تنخواہ بڑھا کر 3000 روپے ماہانہ کر دی گئی۔ پھر ان کی زندگی میں ایک ایسا موڑ آیا، جس نے ان کی پوری زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ اس کمپنی میں اُن کی ملاقات اکاؤنٹینٹ کہکشاں صدیقی سے ہوئی جو انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کر چکی تھیں۔ ایک طرف کہکشاں کو انیس کی ڈیزائننگ دیکھ کر حیرت ہوتی تھی، اور دوسری طرف انیس بھی کہکشاں کی تعلیمی لیاقت سے بے حد متاثر تھے۔ اس طرح دونوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے تئیں عزت و شفقت پیدا ہوئی، جو جلد ہی محبت میں بدل گئی۔ بلاتاخیر دونوں نے رشتۂ ازدواج سے منسلک ہونے کا فیصلہ بھی کر لیا، کیونکہ ایک روشن مستقبل کا خاکہ پہلے ہی تیار ہو چکا تھا۔

شادی کے فوراً بعد انیس اور کہکشاں نے منصوبہ کے مطابق اپنی نئی کمپنی قائم کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ انیس نے 2018 کے آخر میں ملازمت ترک کر ایک دکان کی تلاش شروع کی، جہاں کمپیوٹر وغیرہ لگایا جا سکے۔ بہت مشقتوں کے بعد 2019 کے وسط میں ’ہائی ٹیک فلیکس‘ کے نام سے دکان کھلی، جس کے لیے انیس کو 2 لاکھ روپے کا قرض دوست و احباب سے لینا پڑا۔ کہکشاں نے بھی دوسری جگہ ملازمت چھوڑ کر ’ہائی ٹیک فلیکس‘ کا اکاؤنٹس سنبھالنا شروع کر دیا۔ دونوں شوہر-بیوی تیزی کے ساتھ ترقی کر رہے تھے کہ اچانک کورونا نے زوردار جھٹکا دیا۔ انیس کہتے ہیں کہ ’’2020 کی ابتدا میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہوتے ہی ایسا محسوس ہوا جیسے سب کچھ ختم ہو گیا۔ سیاسی پارٹیوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کے کئی پروجیکٹ مکمل ہو چکے تھے، جس کے پیسے نہیں ملے تھے۔ کئی پروجیکٹ ہاتھ میں تھے، جو کینسل ہو گئے۔ مارکیٹ میں 9-8 لاکھ روپے پھنس گئے، جن میں سے محض 3-2 لاکھ ہی حاصل ہو سکے۔‘‘ اُس مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے انیس بتاتے ہیں کہ ’’دکان بند کر کے ہم سبھی اپنے گھر آ گئے تھے۔ 3-2 مہینے بعد جب پہلی بار لاک ڈاؤن کھلا تو میں دکان دیکھنے پہنچا۔ دکان کے شٹر کا تالا ٹوٹا ہوا تھا اور وہاں رکھے گئے 2 کمپیوٹر اور پنکھے وغیرہ غائب تھے۔‘‘

اس مشکل وقت میں کہکشاں نے اپنے شوہر انیس کی ہمت ٹوٹنے نہیں دی۔ دونوں نے مل کر نئی شروعات کرنے کا فیصلہ کیا اور قسطوں پر کمپیوٹر کی خریداری کر دوبارہ محنت شروع کر دی۔ بار بار لاک ڈاؤن لگنے اور فلیکس بورڈ و بینر کا کام ٹھپ پڑنے کے باوجود دونوں کی جدوجہد رنگ لائی۔ کورونا کی وبا ختم ہوتے ہی کمپنی ایک بار پھر تیزی سے آگے بڑھنے لگی، جس میں سیاسی تقاریب کا اہم کردار رہا۔ کانگریس، سماجوادی پارٹی، بی جے پی سبھی پارٹیوں کے مقامی لیڈران و کارکنان اپنے پروگرام کے فلیکس بورڈ اور بینر بنوانے پہنچنے لگے۔ انیس ساحل نے بات چیت کے دوران بتایا کہ آج مقامی سطح پر سماجوادی پارٹی کے 70 فیصد کام ’ہائی ٹیک پرنٹرس اینڈ ایڈورٹائزنگ‘ کو ہی ملتے ہیں۔

یہاں ذہن میں ایک سوال پیدا ہونا لازمی ہے کہ انیس ساحل نے اپنی کمپنی ’ہائی ٹیک فلیکس‘ کے نام سے کھولی تھی، پھر یہ ’ہائی ٹیک پرنٹرس اینڈ ایڈورٹائزنگ‘ کیسے بن گئی۔ غالباً 2024 کی بات ہے جب انیس ساحل نے اپنی رفیق حیات اور رفیق کار کہکشاں صدیقی کو ایک تحفہ پیش کیا۔ یہ تحفہ تھا ’ہائی ٹیک پرنٹرس اینڈ ایڈورٹائزنگ‘ کا مالکانہ حق کہکشاں کے نام کرنے کا۔ انیس کہتے ہیں کہ ’’کمپنی میرے نام سے رہے یا کہکشاں کے نام سے، کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہم دونوں کا مقصد کمپنی کو اونچائیوں تک لے جانا ہے اور آنے والے دنوں میں ہم ساتھ مل کر کامیابی کی نئی اونچائیوں کو چھوئیں گے۔‘‘ کہکشاں صدیقی بھی انیس کی حمایت کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ’’پہلے میں ان کی ڈیزائننگ سے متاثر تھی، اور اب ان سے مل رہی شفقت سے متاثر ہوں۔ ہماری بانڈنگ بہت اچھی ہے، اس لیے گھر اور دفتر دونوں جگہ ماحول بہت خوشگوار رہتا ہے۔‘‘

بہرحال، انیس ساحل بتاتے ہیں کہ 6 ماہ قبل انھوں نے جدید ٹیکنالوجی سے مزین پرنٹنگ کی ایک مشین خریدی ہے جس کی قیمت تقریباً 17 لاکھ ہے۔ اس مشین کو خریدنے میں حکومت کی طرف سے سبسیڈی بھی ملی ہے اور 7 لاکھ روپے کا قرض بھی لیا گیا ہے، جو 3 سالوں میں ادا کرنا ہے۔ گویا کہ کمپنی نے اپنا ایک معیاری سیٹ اَپ تیار کر لیا ہے جس سے وہ ترقی کی نئی سیڑھیاں چڑھنے والی ہے۔ اس کمپنی میں انیس اور کہکشاں کے علاوہ 2 مشین آپریٹر، 2 مشین ہیلپر اور 3 دیگر ہیلپر بھی ہیں جو مستقل ملازمت کر رہے ہیں۔ جب کام زیادہ ہوتا ہے تو ٹھیکہ پر ہیلپر بلائے جاتے ہیں اور ان کی اجرت فوراً ادا کی جاتی ہے۔ انیس کے مطابق ایک کمپنی کی ترقی کے لیے یہ بہت ضروری ہے، کیونکہ اس سے بھروسے والا ایک رشتہ قائم ہوتا ہے۔ یقیناً کامیابی کے زینے طے کرنے کے لیے مالک اور ملازم کے درمیان ’بھروسہ‘ قائم ہونا بہت ضروری ہے۔ ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ غیر تعلیم یافتہ انیس ساحل نے اپنی بیگم کی تعلیم کو کبھی رخنہ انداز نہیں ہونے دیا۔ کہکشاں بی کام کر چکی ہیں اور اب وہ لاء کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ یعنی کام بھی جاری ہے اور تعلیم بھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔