
آئی اے این ایس
جمہوریت میں کوئی بھی حکومت ہو، اس کی پہلی کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنا اقتدار برقرار رکھے اور اگلے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے۔ اس مقصد کے لیے حکومتیں اپنی سیاسی حکمت عملی بناتی ہیں، نئے وعدے کرتی ہیں اور ایسے فیصلے بھی کرتی ہیں جن سے انہیں سیاسی فائدہ پہنچنے کی امید ہوتی ہے اور حزب اختلاف کی کوشش یہ ہوتی ہے حکمراں اتحاد اقتدار سے بے دخل ہو۔ سوال یہ ہے کہ کیا کسی حکومت کی کامیابی کا پیمانہ صرف اقتدار میں رہنا ہے یا حزب اختلاف کا پیمانہ حکمراں اتحاد کو بے دخل کرنا یا عوام کے مسائل کو حل کرنا اور ان کی زندگی میں بہتری لانا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے؟
آج ملک میں روزگار، تعلیم، مہنگائی، صحت اور معاشی عدم مساوات جیسے مسائل موجود ہیں۔ نوجوان ملازمتوں کے انتظار میں ہیں، تعلیم حاصل کرنے کے باوجود لاکھوں نوجوانوں کو مناسب روزگار نہیں مل رہا، چھوٹے کاروبار مشکلات کا شکار ہیں اور عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔ ایسے حالات میں حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس منصوبے سامنے لائے۔ لیکن حکومت کی توجہ ایک مرتبہ پھر حد بندی کے معاملے پر مرکوز ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
حد بندی کا مطلب ملک کے انتخابی حلقوں کی نئی تقسیم اور آبادی کے تناسب سے ان میں نمائندگی کا تعین کرنا ہے۔ ہندوستان میں آخری مرتبہ بڑے پیمانے پر حد بندی کا عمل 2002 میں قائم کمیشن کے ذریعہ مکمل ہوا تھا، جس کے احکامات 2008 میں نافذ ہوئے۔ اب حکومت اس عمل کو نئے سرے سے شروع کرنا چاہتی ہے۔
اپریل 2026 میں حکومت نے پارلیمنٹ میں حد بندی سے متعلق بل پیش کیا تھا، لیکن آئینی ترمیم کے لیے درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے یہ منظور نہیں ہو سکا۔ اس وقت اپوزیشن اور کئی علاقائی جماعتوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ نئی حد بندی سے مختلف ریاستوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کا تناسب بدل سکتا ہے۔ خاص طور پر جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کو اندیشہ تھا کہ جن ریاستوں نے آبادی پر قابو پانے کے لیے بہتر کام کیا ہے، انہیں اس کا سیاسی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
اب نومبر کے آخری ہفتے میں حکومت نے ایک نئے منصوبے کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے ارکان کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔ لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستیں بڑھ کر تقریباً 815 ہو سکتی ہیں، جبکہ آئینی طور پر زیادہ سے زیادہ نشستوں کی حد 850 مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 850 ارکان کی تعداد فوری طور پر طے نہیں کی گئی، بلکہ یہ زیادہ سے زیادہ حد ہوگی۔ اس منصوبے میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو بھی جلد نافذ کرنے کا مقصد شامل ہے۔
یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ملک کی پارلیمنٹ میں ارکان کی تعداد بڑھانا واقعی وقت کی ضرورت ہے؟ یقیناً ہندوستان کی آبادی بہت زیادہ ہے۔ ملک کے کئی انتخابی حلقوں میں ووٹروں کی تعداد کروڑوں تک پہنچ جاتی ہے۔ ایک رکن پارلیمنٹ کے لیے اتنی بڑی آبادی کے مسائل کو سمجھنا اور ان کی نمائندگی کرنا آسان نہیں۔ اس اعتبار سے ارکان کی تعداد میں اضافہ ایک قابلِ غور تجویز ہوسکتی ہے۔ لیکن اس کے ساتھ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا صرف ارکان کی تعداد بڑھانے سے عوام کے مسائل حل ہوجائیں گے؟
اس منصوبے کے تحت اگر لوک سبھا میں تقریباً 815 ارکان ہوجاتے ہیں تو ظاہر ہے کہ پارلیمنٹ کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔ ہر رکن پارلیمنٹ کو تنخواہ، روزانہ الاؤنس، سفر کی سہولت، دفتر، عملہ اور دیگر مراعات حاصل ہوتی ہیں۔ دہلی میں رہائش کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔ اگر ارکان کی تعداد میں تقریباً 272 کا اضافہ ہوتا ہے تو ان تمام سہولتوں کے لیے اضافی بجٹ درکار ہوگا۔
یہاں سوال صرف تنخواہ کا نہیں بلکہ سرکاری رہائش، بنگلے، گاڑیوں، سکیورٹی، عملے اور دیگر انتظامی اخراجات کا بھی ہے اور یہ سب عوام سے حاصل ٹیکس کے ذریعہ پورا کیا جائے گا۔ البتہ یہ سمجھنا درست نہیں ہوگا کہ ہر نئے رکن کو لازماً ایک بڑا بنگلہ ہی دیا جائے گا۔ رہائش کا تعین قواعد اور دستیابی کے مطابق ہوتا ہے۔ اس کے باوجود حکومت کو پارلیمنٹ میں ارکان کی تعداد بڑھانے سے پہلے اس کے مجموعی مالی اثرات عوام کے سامنے رکھنے چاہئیں۔
کیا اس اضافے سے پارلیمنٹ کی کارروائی زیادہ مؤثر ہوگی؟ کیا ارکان کو عوامی مسائل پر بحث کرنے کے لیے زیادہ وقت ملے گا؟ یا پھر ارکان کی تعداد تو بڑھ جائے گی لیکن پارلیمنٹ میں شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ پہلے کی طرح جاری رہے گا؟ اس پر کسی ماہر کی رائے نہیں لی گئی اور میرے خیا ل سے نہ ہی کوئی کمیٹی بنائی گئی۔
حد بندی کے معاملے میں سب سے حساس پہلو شمالی اور جنوبی ہندوستان کے درمیان نمائندگی کا توازن ہے۔ اتر پردیش، بہار، راجستھان اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں آبادی میں اضافہ نسبتاً زیادہ رہا ہے، جبکہ کیرالم اور تمل ناڈو جیسی جنوبی ریاستوں نے آبادی پر قابو پانے میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
اگر صرف آبادی کی بنیاد پر نشستوں کی تقسیم کی جائے تو زیادہ آبادی والی ریاستوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی بڑھ سکتی ہے۔ اس سے قومی سیاست میں ان ریاستوں کا اثر و رسوخ بھی بڑھ جائے گا۔ دوسری طرف جنوبی ریاستوں کو خدشہ ہے کہ آبادی کو کنٹرول کرنے کی کامیابی کہیں ان کے لیے سیاسی نقصان کا سبب نہ بن جائے۔ نئے منصوبے میں ہر ریاست کی موجودہ نشستوں میں 50 فیصد اضافے کی بات کہی گئی ہے، تاکہ ریاستوں کے درمیان موجودہ نمائندگی کا تناسب برقرار رکھا جاسکے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام ریاستوں کو اعتماد میں لیا جائے اور حد بندی کا عمل شفاف ہو۔
میرا سوال حکومت سے یہ ہے کہ ملک میں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے۔ نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد بھی ملازمتوں کے لیے بھٹک رہے ہیں۔ سرکاری اداروں میں لاکھوں آسامیاں خالی ہونے کی شکایات ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر بنانے، سرکاری اسپتالوں میں سہولتیں فراہم کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ چھوٹے کاروباری افراد اور کسان بھی مختلف معاشی مسائل سے دوچار ہیں۔
ایسے میں حکومت کو چاہیے کہ وہ روزگار پیدا کرنے، تعلیم کو بہتر بنانے، مہنگائی پر قابو پانے اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ ملک میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا محض انتخابی وعدہ نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینا بھی ایک اہم قدم ہے۔ لیکن خواتین کو نمائندگی دینے کے نام پر حد بندی کے پورے معاملے کو جلد بازی میں آگے بڑھانا مناسب نہیں ہوگا۔ خواتین کی سیاسی شمولیت کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم، روزگار اور معاشی خود مختاری کے مواقع بھی فراہم کرنے ہوں گے۔
آخر میں سوال یہی ہے کہ کیا ہندوستان کو واقعی مزید ارکان پارلیمنٹ کی ضرورت ہے یا پہلے موجودہ ارکان کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے؟ جمہوریت میں نمائندگی اہم ہے، لیکن نمائندگی کا اصل مقصد عوام کے مسائل کو پارلیمنٹ تک پہنچانا اور ان کا حل تلاش کرنا ہے۔
حکومت کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ ارکان کی تعداد بڑھانے پر عوام کے ٹیکس کا کتنا پیسہ خرچ ہوگا اور اس اضافی خرچ سے ملک کو کیا فائدہ حاصل ہوگا۔ جمہوریت صرف انتخابات جیتنے، نشستیں بڑھانے اور اقتدار برقرار رکھنے کا نام نہیں ہے۔ جمہوریت کا اصل مقصد عوام کی زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، لیکن عوام کے مسائل اپنی جگہ موجود رہتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ پارلیمنٹ میں ارکان کی تعداد بڑھانے سے پہلے ملک میں روزگار، تعلیم، صحت اور مہنگائی جیسے بنیادی مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔اس لئے حزب اختلاف اور بر سر اقتدار اتحاد کو یہ چاہئے کہ وہ سنجیدگی سے سر جوڑ کر بیٹھیں اور کوئی حل تلاش کریں ۔ حکومت آنی جانی چیز ہے اصل مقصد یہ ہونا چاہئے کہ آپ کو جس امید کے ساتھ عوام نے ووٹ دیا ہے اس پر پورا اتریں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔