
علامتی تصویر
نئی دہلی: 2 ہزار روپے سے زیادہ کے یو پی آئی لین دین پر چارج عائد کیے جانے کی مجوزہ تجویز نے دہلی کے بڑے تجارتی مراکز کے تاجروں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ صدر بازار، چاندنی چوک، سروجنی نگر اور لاجپت نگر کی تاجر تنظیموں نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کاروبار کا اہم حصہ بن چکی ہے اور اس پر اضافی چارج عائد ہونے سے ان کی کاروباری لاگت بڑھ سکتی ہے۔
صدر بازار باری مارکیٹ ٹریڈز ایسوسی ایشن کے صدر پرمجیت سنگھ پما نے کہا کہ یو پی آئی کروڑوں تاجروں اور صارفین کے لیے تیز، آسان اور سہل ادائیگی کا ذریعہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق چھوٹے اور درمیانے تاجروں کا منافع پہلے ہی محدود ہے، ایسے میں بڑے ڈیجیٹل لین دین پر چارج عائد ہونے سے ان کی آمدنی اور بچت متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صدر بازار جیسے تھوک بازاروں میں روزانہ ہزاروں لین دین 2 ہزار روپے سے زیادہ کے ہوتے ہیں، اس لیے معمولی چارج بھی مجموعی طور پر بڑا مالی بوجھ بن سکتا ہے۔
پما نے کہا کہ تاجر ڈیجیٹل انڈیا اور نقدی سے پاک معیشت کو فروغ دینے میں تعاون کر رہے ہیں۔ یو پی آئی کے استعمال سے نقد رقم سنبھالنے کی دشواری کم ہوئی ہے اور ادائیگی کا عمل بھی آسان ہوا ہے۔ ان کے مطابق اگر ڈیجیٹل ادائیگی کے اسی نظام پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جاتا ہے تو اس کے مقصد پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔
دہلی ہندوستان مرکنٹائل ایسوسی ایشن، چاندنی چوک کے جنرل سکریٹری اور کپڑا تاجر بھگوان بنسل نے کہا کہ لوگ طویل عرصے سے نقدی سے ڈیجیٹل ادائیگی کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی ایم اور یو پی آئی جیسے ذرائع نے اس تبدیلی کو تیز کیا ہے، لیکن مرچنٹ لین دین پر چارج لگنے سے تاجروں کے اخراجات بڑھیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دن بھر میں متعدد بڑے ادائیگیوں پر روزانہ 300 سے 400 روپے تک اضافی خرچ بن سکتا ہے۔
سروجنی نگر منی مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک رندھاوا نے یو پی آئی ادائیگی پر 0.4 فیصد چارج کی بھی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ نظام میں یہ فیس تاجر کو ادا کرنی ہوگی، جس کا براہ راست اثر اس کی جیب اور منافع پر پڑے گا۔ انہوں نے مہنگائی اور صارفین کی خریداری کی کم ہوتی صلاحیت کا بھی حوالہ دیا۔
فیڈریشن آف لاجپت نگر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری کلدیپ کمار نے کہا کہ اضافی چارج سے کاروباری لاگت بڑھ سکتی ہے اور بالواسطہ طور پر اس کا بوجھ صارفین تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی آئی نے نقد لین دین کم کرنے اور بازار میں ادائیگیوں کو زیادہ شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تاجر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یو پی آئی لین دین کو تاجروں کے لیے فیس سے پاک رکھا جائے اور کسی بھی حتمی فیصلے سے پہلے ان سے مشاورت کی جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔