
ممبئی: فلم ساز رام گوپال ورما نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے استعمال اور روزگار پر اس کے اثرات کے حوالے سے ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی ہے، جسے انہوں نے ’دی اے آئی ٹروتھ بمب‘ کا نام دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں اے آئی استعمال کرنے والے افراد ان لوگوں کی جگہ لے لیں گے جو اس ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرتے۔
رام گوپال ورما کے مطابق، آج کئی کمپنیوں میں ملازمین اے آئی کے باعث ملازمتیں ختم ہونے کے خدشے پر احتجاج کر رہے ہیں، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود ہی اپنے کام اے آئی سے کروا کر اپنی اہمیت کم کر رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ پہلے سافٹ ویئر انجینئر خود کوڈ لکھتے تھے، لیکن اب وہ اپنی ضروریات اے آئی ٹول ’کلاڈ‘ کو بتاتے ہیں اور چند سیکنڈ میں تیار کوڈ حاصل کر لیتے ہیں۔ اس کے بعد معمولی تبدیلیاں کرکے اسے اپنا کام ظاہر کرتے ہیں۔ اسی طرح مارکیٹنگ سے وابستہ ملازمین بھی نئی مہمات کے خیالات چیٹ جی پی ٹی سے حاصل کرتے ہیں اور اس کے دیے گئے متبادل میں سے کسی ایک کو اپنا آئیڈیا بتا کر پیش کر دیتے ہیں۔
انہوں نے تجزیہ کاروں اور ڈیزائنرز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پہلے تجزیہ کار اعداد و شمار کا جائزہ لے کر اہم معلومات نکالتے تھے، لیکن اب وہ پوری اسپریڈشیٹ اے آئی پر اپ لوڈ کرکے اس سے خامیوں کی نشاندہی اور رپورٹ تیار کرواتے ہیں۔ اسی طرح ڈیزائنرز مڈجرنی میں اپنی ضرورت کی تفصیلات درج کرکے 20 ڈیزائن تیار کرواتے ہیں اور ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرکے معمولی تبدیلیاں کر دیتے ہیں تاکہ کسی کو معلوم نہ ہو کہ یہ کام اے آئی نے کیا ہے۔
رام گوپال ورما کے مطابق، کسٹمر سپورٹ کے ملازمین بھی صارفین کے لیے جوابات اے آئی سے تیار کرواتے ہیں تاکہ ان میں اپنائیت محسوس ہو، اور پھر انہیں بغیر کسی تبدیلی کے بھیج دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین اے آئی کے استعمال کو چھپانے کے لیے مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں۔ وہ الگ بیٹھ کر کام کرتے ہیں اور یہاں تک کہ اپنے براؤزر کی ہسٹری بھی صاف کر دیتے ہیں تاکہ کسی کو پتا نہ چلے کہ کام اے آئی کی مدد سے کیا گیا ہے۔ ان کے بقول تقریباً ہر کوئی ایسا کر رہا ہے، لیکن کھل کر اس کا اعتراف نہیں کرتا۔
ہدایت کار نے کہا کہ کمپنیوں کو اس حقیقت کا پتا لگانے کے لیے جاسوسوں یا کیمروں کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ کام کے اعداد و شمار ہی بتا دیتے ہیں کہ ملازمین تنخواہ تو لے رہے ہیں، لیکن اصل کام اے آئی انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے اے آئی کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کام کی رفتار اور معیار بہتر ہوا ہے، کام وقت پر مکمل ہو رہا ہے اور کمپنیوں کا منافع بڑھ رہا ہے۔ اے آئی دن رات کام کر سکتا ہے، اسے وقفے کی ضرورت نہیں، وہ بیمار نہیں پڑتا، شکایت نہیں کرتا اور تنخواہ بڑھانے کا مطالبہ بھی نہیں کرتا۔
رام گوپال ورما نے کہا کہ جب کمپنیاں ملازمین کی چھانٹی کرتی ہیں تو وہ حیران ہوتے ہیں اور کمپنی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، حالاں کہ وہ خود خاموشی سے اپنا کام اے آئی کے حوالے کرکے اپنی ضرورت کم کر رہے ہوتے ہیں۔
اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے اے آئی کے استعمال کو چھپانے کے بجائے کھلے عام اپنانے کی صلاح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل ان لوگوں کا ہوگا جو بلا جھجھک اے آئی استعمال کریں گے اور یہ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ان لوگوں کی جگہ لے لیں گے جو اس سے دور رہیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔