بالی ووڈ

بے مثال اداکاری سے ہر کردار کو یادگار بنانے والا فنکار سعید جعفری... یوم پیدائش پر خاص

پردے پر سعید جعفری کو دیکھ کر ایسا لگا ہی نہیں کہ وہ اداکاری کر رہے ہیں۔ وہ ہندوستان کے پہلے ایسے کامیاب اداکار تھے جنھوں نے پہلے ہالی ووڈ کی فلموں میں اداکاری کی اور پھر بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

’چشم بد دور‘ کا خالص پرانی دہلی کی زبان بولنے والا پان والا للن ہو یا فلم ’معصوم‘ کا ٹھیٹھ پنجابی کردار مسٹر سوری، فلم ’شطرنج کے کھلاڑی‘ کا میر روشن علی (جو اٹھارہویں صدی کے لکھنؤ کی خالص اردو بولتا تھا) ہو یا پھر ’گاندھی‘ کے سنجیدہ کردار سردار بلبھ بھائی پٹیل، ان سبھی کرداروں کو پردے پر زندہ جاوید کرنے والے سعید جعفری نے جو بھی کردار نبھایا وہ یادگار بن گیا۔

8 جنوری 1929 کو پنجاب کے مالیر کوٹلہ میں پیدا ہوئے سعید جعفری کی تعلیم الٰہ آباد اور لکھنؤ میں ہوئی۔ اپنے کیریر کے شروعاتی دنوں میں وہ امریکہ میں ریڈیو سے جڑے اور پھر ڈراموں میں حصہ لینے لگے۔ بعد میں سعید کو امریکہ اور انگلینڈ کے سیریلوں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے کا موقع ملا۔

Published: undefined

سعید کی پہلی ہندی فلم تھی ستیہ جیت رے کی ’شطرنج کے کھلاڑی‘۔ اس کے بعد ریچرڈ ایٹن برو نے انھیں فلم ’گاندھی‘ میں موقع دیا۔ اسی دوران انھیں بالی ووڈ کی پہلی فلم ’چشم بد دور‘ مل گئی۔ ’چشم بد دور‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی سعید کو بالی ووڈ نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ ’معصوم‘، ’کسی سے نہ کہنا‘، ’منڈی‘، ’مشعل‘، ’رام تیری گنگا میلی‘، ’رام لکھن‘، ’عجوبہ‘ اور ’حنا‘ جیسی فلموں میں اپنی بے مثال اداکاری کی وجہ سے سعید جعفری نے اداکاری کی دنیا میں خود کو تابندہ کر دیا۔ سعید جعفری بیرون ملکی سیریل ’تندوری نائٹس‘ اور ’جویل ان دی کراؤن‘ جیسے کئی ٹی وی شوز میں اداکاری کے لیے بھی موضوعِ بحث رہے۔

Published: undefined

سعید جعفری کی شادی 19 سال کی عمر میں 17 سال کی مہرالنساء سے ہوئی تھی، لیکن سعید اپنی بیوی کے گھریلوپن اور سادگی سے پریشان رہتے تھے۔ وہ اپنی بیوی کو ایسی ماڈرن خاتون کی شکل میں دیکھنا چاہتے تھے جو ایک حد تک انگریزی کلچر میں رچی بسی ہو۔ آخر کار مہرالنساء سے ان کا طلاق ہو گیا۔ بعد میں مہرالنساء مدھر جعفری کے نام سے مشہور ہوئیں۔ جعفری کی تین بیٹیاں ہوئیں۔ میرا، ضیا اور سکینہ۔ سکینہ خود ایک اداکارہ ہیں۔ 1982 میں آئی فلم ’مسالہ‘ میں سکینہ نے سعید جعفری کے ساتھ اداکاری بھی کی۔ مہرالنساء کے بعد سعید نے دو شادیاں مزید کیں۔

70 سے زیادہ ہندی فلمیں کر چکے سعید جعفری کو 90 کی دہائی میں بالی ووڈ میں انکل یا سسر ٹائپ کے ہی کردار ملنے لگے جس سے وہ اُکتانے لگے۔ ایسے وقت میں انھوں نے ممبئی کو الوداع کہا اور لندن جا کر رہنے لگے۔ آخر وقت تک سعید لندن میں رہتے رہے جہاں 15 نومبر 2015 کو ان کا انتقال ہو گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined