
مکہ مکرمہ، تصویر بشکریہ @HaramainInfo
ایک خبر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے کہ سعودی عرب میں ایک خودکش حملہ آور نے مسجد الحرام کے اندر دھماکہ خیز مواد سے بھری جیکٹ میں دھماکہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ڈیوائس میں خرابی کے باعث کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ حملہ آور خانۂ کعبہ کے قریب پہنچ گیا تھا۔ تاہم سعودی حکام نے مکہ کی مسجد الحرام میں خودکش بم دھماکہ کی کوشش سے متعلق کسی بھی خبر کو مسترد کر دیا ہے۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے بارے میں پھیلائے جا رہے دعوے فرضی ہیں۔
سعودی پبلک سیکورٹی نے بتایا کہ مقدس مقام پر ایک شخص کو راہ گیروں کو پریشان کرنے اور ان میں گھبراہٹ و خوف پیدا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ اس شخص کے خلاف فوری کارروائی کی گئی اور معاملے کو پبلک پرازیکیوشن کے حوالے کرنے سے پہلے ضروری قانونی اقدامات کیے گئے۔ حکام نے مزید کہا کہ اس شخص کے خلاف اسی وقت فوری کارروائی کی گئی اور آن لائن پھیلائی جا رہی خبروں کو واضح طور پر مسترد کر دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعہ کے بارے میں پھیلائے جا رہے دعووں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ سعودی حکام نے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس سے قبل سامنے آنے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک مشتبہ خودکش حملہ آور نے مسجد الحرام کے اندر دھماکہ خیز جیکٹ میں دھماکہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر حملہ کی کوشش روکے جانے سے پہلے وہ خانۂ کعبہ کے قریب پہنچ گیا تھا۔ حالانکہ اس وقت ان خبروں کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی تھی۔ تاہم سعودی حکام کے تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شخص کو لوگوں کو پریشان کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، نہ کہ بم دھماکا کرنے کی کوشش کے الزام میں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔