عرب ممالک

حج 2027 سے قبل سعودی عرب کا حج مشن اراکین اور گروپ سربراہان کے لیے تربیتی پروگرام

سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2027 سے قبل مشن دفاتر اور گروپ سربراہان کے لیے تربیت شروع کر دی۔ پروگرام میں انتظام، نقل و حمل، رہائش، صحت، ہجوم اور بحرانوں سے نمٹنے پر توجہ دی جائے گی

<div class="paragraphs"><p>حج بیت اللہ / فائل تصویر / Getty Images</p></div>

حج بیت اللہ / فائل تصویر / Getty Images

 
-

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے حج 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں حج مشن دفاتر کے اراکین اور گروپ سربراہان کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمینِ حج کو زیادہ منظم، محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام اور منتظمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تربیتی پروگرام کو 11 مختلف شعبوں یا ٹریکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ شعبے شرکاء کی قائدانہ، انتظامی اور عملی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے اپنے ممالک کے عازمین کی رہنمائی اور خدمات کے انتظام میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

یہ پروگرام جدہ میں 8 سے 11 نومبر تک منعقد ہونے والی چھٹی حج کانفرنس اور نمائش کے موقع پر منعقد کیا جائے گا۔ کانفرنس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں منعقد ہو رہی ہے جبکہ اس میں پِلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کا بھی تعاون شامل ہے، جس کا بنیادی مقصد زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

حج کانفرنس اور نمائش میں سعودی عرب اور بیرونِ ملک سے 520 سے زائد سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش ادارے شریک ہو رہے ہیں۔ اس عالمی اجتماع میں 150 سے زیادہ ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جو حج کے انتظامات، خدمات اور آئندہ سیزن کے لیے تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

تربیتی پروگرام میں نقل و حمل، رہائش، خوراک، ہجوم کے انتظام، صحت کی نگہداشت اور مقدس مقامات پر خدمات کی فراہمی جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شرکاء کو تیاری و مستعدی، کسٹمر سروس، مؤثر ابلاغ، میڈیا سے رابطہ، مہمان نوازی مراکز کی قیادت اور گروپ لیڈرشپ کے بارے میں بھی تربیت دی جائے گی۔

وزارت کے مطابق تربیت حاصل کرنے والے افراد منصوبہ بندی، تنظیم سازی، نگرانی اور فیصلہ سازی کی عملی مہارتیں سیکھیں گے۔ انہیں خطرات، بحرانوں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے، مقررہ طریقۂ کار کے تحت رپورٹس تیار کرنے اور مختلف اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کی تربیت بھی دی جائے گی۔

چار روزہ حج کانفرنس کے دوران حج امور کے دفاتر، خدمات فراہم کرنے والے ادارے اور متعلقہ حکام آئندہ حج سیزن کے طریقہ کار، انتظامی منصوبوں اور معاہدوں کو حتمی شکل دیں گے۔ کانفرنس کے سیشنز بنیادی ڈھانچے اور عملیاتی خدمات، بااختیاریت و انضمام، اور ترقی و پائیداری کے تین مرکزی موضوعات پر مشتمل ہوں گے۔ حج کونسل کے تحت 32 سیشنز ہوں گے، جن میں 42 مقررین حج انتظامات کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کریں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔