عرب ممالک

سعودی خواتین کے لیے تاریخی لمحہ، گاڑی ڈرائیونگ کر منایا جشن

سعودی خواتین کی ڈرائیونگ پر عشروں سے عائد پابندی ختم کیے جانے پر آج خواتین جشن منا رہی ہیں۔ یہ قدم دراصل سعودی ولی عہد کی سماجی اصلاحات کے پلان کا ایک حصہ ہے۔

تصویر ڈی ڈبلیو
تصویر ڈی ڈبلیو 

اتوار کی رات بارہ بجتے ہی سعودی خواتین ڈرائیورز نے ریاض اور دیگر شہروں میں اپنی کار میں بلند آواز میں میوزک چلا کر اس پابندی کے خاتمے کا جشن منایا۔ ایک ٹی وی ٹاک شو کی میزبان اور مصنفہ سمر الموگرین نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ مجھے پتہ تھا کہ ایسا ہو گا لیکن اتنی جلدی ایسا ہونے کی توقع نہیں تھی۔ مجھے لگ رہا ہے کہ میں کسی پرندے کی طرح آزاد ہوں۔‘‘

ٹی وی میزبان سبیکا دوساری نے گاڑی چلانے کی اجازت ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ہر سعودی خاتون کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔‘‘ سعودی حکومت کے اس اقدام سے خواتین کے لیے بہت سہولت ہو گئی ہے۔ اب انہیں کہیں آنے جانے کے لیے ڈرائیوروں یا مرد رشتہ داروں پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔ سعودی عرب میں ایک مشاورتی فرم کا کہنا ہے کہ سن 2020 تک قریب تین ملین خواتین ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر کے گاڑی چلا سکیں گی۔

Published: undefined

تصویر سوشل میڈیا

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سعودی حکومت کی لچک دار اور لبرل تصویر اجاگر کرنے کی کوششوں میں ہیں۔ تاہم ایک طرف تو محمد بن سلمان نے خواتین کے گاڑی چلانے پر عائد پابندی ختم کرنے کا فرمان جاری کیا ہے لیکن دوسری جانب حقوق نسواں کے لیے آواز اٹھانے والی سرگرم عمل خواتین کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ولی عہد محمد بن سلمان نئی اصلاحات کے ذریعے بظاہر ملک میں موجودہ سخت سماجی قوانین میں نرمی لانا چاہتے ہیں لیکن حالیہ کریک ڈاؤن نے سعودی عرب میں ولی عہد کے ترقی پسندانہ رحجانات کے نفاذ کے عمل کو متاثر بھی کیا ہے۔ انسانی حقوق کے فعال کارکنان اور سعودی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں گرفتاریوں کا نیا سلسلہ غالباﹰ ملک میں قدامت پسند عناصر کو خوش کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے اور یہ بھی کہ شاید یہ انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکنان کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ اپنے مطالبات پیش کرنے میں حکومت کی متعین کردہ حدود سے باہر نہ نکلیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined