ویڈیوز

قومی آواز بلیٹن: اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہزار سے زیادہ، سمیت دن بھر کی اہم خبریں

اٹلی میں ہلاکتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور اب وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار سے اوپر پہنچ گئی ہے اور متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں

شبِ برأت پر گھروں میں ہی عبادت کریں: مفتی مکرم احمد

کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان سب سے زیادہ مسئلہ مذہبی عبادات کو لے کر ہو رہا ہے۔ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی و دیگر مذاہب کے لوگ گھروں پر ہی دعاء و عبادت کرنے پر مجبور ہیں، کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے سبھی مندر، مسجد، گورودوارے و چرچ وغیرہ میں عبادت کرنے پر پابندی عائد ہے۔ اس درمیان شب برأت کو لے کر بھی مسلم علماء و دانشوران نے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر باہر نہ نکلیں اور گھروں میں ہی شب بیداری و عبادت کریں۔

Published: undefined

ٹرمپ کا ڈبلو ایچ او پر الزام، فنڈنگ بند کرنے کی دھمکی

کورونا وائرس نے امریکہ میں کہرام مچا رکھا ہے۔ ہر دن ریکارڈ اموات ہو رہی ہیں۔ اس درمیان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس مہلک بیماری سے نمٹنے کو لے کر عالمی صحت ادارہ (ڈبلیو ایچ او) کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او چین پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ "ڈبلیو ایچ او کو امریکہ نے بڑے پیمانے پر معاشی مدد دی ہے۔ جب میں نے چین کے لیے سفر پر پابندی لگائی تو ڈبلیو ایچ او مجھ سے متفق نہیں تھا اور انھوں نے میری تنقید کی۔ وہ کئی چیزوں کے بارے میں غلط تھے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ ان کی توجہ چین پر زیادہ ہے۔ ہم ڈبلیو ایچ او پر خرچ کی جانے والی فنڈنگ پر روک لگانے جا رہے ہیں۔"

Published: undefined

کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے 14 لاکھ کے پار

یوروپ کے کئی بڑے ممالک سمیت امریکہ میں کورونا کا قہر جاری ہے اور اب اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑے 14 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 83 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ادھر سپر پاور کہے جانے والے ملک امریکہ میں اس وائرس کی وجہ سے حالات بہت خراب ہیں اور وہاں کل سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکہ میں آخری اعداد و شمار ملنے تک متاثرین کی تعداد چارلاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے اور وہاں اس وبائی مرض سے ہونے والی اموات کی تعداد 12857 ہوگئی ہے۔

Published: undefined

لاک ڈاؤن ہٹانے سے پہلے ریاستوں سے مشورہ کریں: چدمبرم

لاک ڈاؤن کی حمایت کرنے والے سب سے پہلے سیاسی رہنماؤں میں سے ایک سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم ہیں جنہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ لاک ڈاؤن ہٹانے کے تعلق سے فیصلہ لینے سے قبل ریاستوں سے مشاورت کی جانی چاہیے۔ پی چدمبرم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ غریبوں کو نقد رقم فراہم کرے۔ چدامبرم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ’’لاک ڈاؤن کی حمایت کرنے والے پہلے لوگوں میں شامل ہونے کے ناطے میں مرکزی حکومت کی ریاستوں سے مشاورت کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ آیا 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن ہٹایا جانا چاہیے یا نہیں۔‘‘

Published: undefined

دہلی پولیس کے اے ایس آئی میں کورونا کی تصدیق

دہلی پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی رپورٹ کورونا کے لئے پازیٹو پائی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے آنے کے ساتھ ہی دہلی پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کھلبلی مچ گئی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد کالکا جی پولیس کالونی کو مکمل طور سے سینیٹائز کر دیا گیا ہے کیونکہ اس اے ایس آئی کی رہائش یہیں پر ہے دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر دیویش چندر سریواستو نے خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ دہلی پولیس کے ٹریفک یونٹ میں تعینات ایک اے ایس آئی کو کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔

Published: undefined

کورونا: کرنسی نوٹوں کو استری کرنے کا منفرد طریقہ

دنیا کے بیشتر علاقوں میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پوری دنیا میں اس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ کرنسی نوٹ بھی کورونا وائرس پھیلانے کا موجب بن سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جارجیا نے کرنسی نوٹوں اور دھاتی سکوں کو کورونا سے پاک کے لیے ایک نیا طریقہ اختیار کیا ہے۔

Published: undefined

سعودی عرب میں عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد معطل

سعودی عرب کے فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزيز نے ایک شاہی فرمان جاری کیا ہے جس کے تحت بعض عدالتی فیصلوں اور احکامات پر عمل درآمد معطل کر دیا گیا ہے۔ فرمان کے تحت نجی حقوق کے سلسلے میں اُن قرض نادہندگان کو عارضی طور پر فوری رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے جن کو عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے حراست میں رکھا گیا تھا۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ فرمان منگل کے روز جاری کیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined