
ویلنگٹن ٹیسٹ، تصویر، بی سی سی آئی @BCCI
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ آج سے ویلنگٹن کے بیسن ریزرو اسٹیڈیم میں شروع ہو گیا۔ اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔ ایک وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے محض 70 رنز پر ہی 5 وکٹ گنوا دیے تھے، جس کے بعد ہنری نکولس اور گلین فلپس نے مل کر چھٹے وکٹ کے لیے 173 رنوں کی شراکت داری کی اور اپنی ٹیم کو واپسی کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر نکولس 113 رنز اور گلین فلپس 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے ویلنگٹن کی پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ لینے میں ذرا بھی دیر نہیں کی۔ ٹیم انڈیا کے اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے پہلے ہی اوور میں کیوی کپتان ٹام لیتھم کو آؤٹ کر کے شبھمن گل کے فیصلے کو درست بھی ثابت کر دیا۔ اس کے بعد ڈیون کونوے بھی محض 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ رچن رویندرا 15 اور ڈیرل مچل ایک رن بنا کر پہلے ہی سیشن میں پویلین لوٹ گئے۔ ویلنگٹن ٹیسٹ میں پہلے دن کے دوسرے سیشن کا کھیل شروع ہوتے ہی ہندوستانی گیند بازوں نے ایک بار پھر اچھی شروعات کی۔ بمراہ نے ٹام بلنڈل کو آؤٹ کر کے اپنا تیسرا وکٹ حاصل کیا اور 70 رنز کے اسکور پر نیوزی لینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے میدان میں اترنے والے گلین فلپس، جنہوں نے محدود اوورز کے فارمیٹ میں شاندار فارم کا مظاہرہ کیا تھا، انہوں نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر نہ صرف اننگز کو سنبھالا، بلکہ تیزی سے رنز بھی بنائے۔ اس سے ہندوستانی گیند بازوں پر دباؤ بڑھ گیا اور دوسرے سیشن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا لیے تھے۔
دن کے آخری سیشن میں ہنری نکولس اور گلین فلپس نے ہندوستانی گیند بازوں کو وکٹ حاصل کرنے سے روکنے کی پوری کوشش کی۔ اس دوران نکولس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔ وہ ایک خراب شاٹ بھی کھیل بیٹھے، لیکن دیودت پڈیکل نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔ اس کے بعد میدان پر ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کے حوصلے بھی کافی پست نظر آئے۔ اگر ٹیم پر نظر ڈالی جائے تو ہندوستان کی جانب سے کے ایل راہل، یشسوی جیسوال، دیودت پڈیکل، شبھمن گل (کپتان)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، دھرو جوریل، آکاش دیپ، انشول کمبوج، جسپریت بمراہ، پرسدھ کرشنا کھیل رہے تھے۔ جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کونوے، ہنری نکولس، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، نیتھن اسمتھ، کائل جیمیسن، میٹ ہنری، جیکب ڈفی ٹیم کا حصہ تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔