کھیل

ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم نے چوتھی بار ایشین چمپئنز ٹرافی پر کیا قبضہ، چین کو 1-3 سے دی شکست

فائنل مقابلہ میں ہندوستان کی جیت کی ہیرو دپیکا رہیں، جنہوں نے پنالٹی کارنر کے ذریعہ 2 شاندار گول کیے۔ ایشیکا نے بھی ایک فیلڈ گول کر کے ٹیم کی جیت میں اہم تعاون دیا۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستان خاتون ہاکی ٹیم، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/TheHockeyIndia">@TheHockeyIndia</a></p></div>

ہندوستان خاتون ہاکی ٹیم، تصویر ’ایکس‘ @TheHockeyIndia

 

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ’ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026‘ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ ہفتہ کو کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستان نے چین کو 1-3 سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے مقابلے کی تاریخ میں اپنا چوتھا خطاب بھی جیت لیا۔ آج کھیلے گئے فائنل مقابلہ میں ہندوستان کی جیت کی ہیرو دپیکا رہیں، جنہوں نے پنالٹی کارنر کے ذریعہ 2 شاندار گول کیے۔ ایشیکا نے بھی ایک فیلڈ گول کر کے ٹیم کی جیت میں اہم تعاون دیا۔ چین کی جانب سے واحد گول چن یوجن نے کیا۔

فائنل مقابلہ کے آغاز میں چین نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہندوستانی دفاعی کھلاڑیوں پر دباؤ بنایا۔ چین کو 25ویں منٹ میں کامیابی ملی، جب چن یوجن نے فیلڈ کوشش کے ذریعہ گول کر کے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف میں ہندوستانی ٹیم برابری کے لیے جدوجہد کرتی رہی۔ تاہم دوسرے ہاف میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار واپسی کی۔ 38ویں منٹ میں دپیکا نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے ہندوستان کو 1-1 کی برابری دلا دی۔ اس کے بعد 42ویں منٹ میں ایشیکا نے نیہا گویل اور نونیت کور کے درمیان بہترین تال میل کے بعد ملے موقع کو گول میں تبدیل کر کے ہندوستان کو 1-2 سے آگے کر دیا۔ اس کے ٹھیک ایک منٹ بعد، یعنی 43ویں منٹ میں دپیکا نے مزید ایک پنالٹی کارنر پر درست فلک لگاتے ہوئے گول کر دیا۔ اس گول کے ساتھ ہندوستان کی برتری 1-3 ہو گئی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے چین کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔

ہندوستانی ٹیم کی جیت میں دپیکا کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 10 گول کیے اور سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑی بنیں۔ ان میں 9 گول پنالٹی کارنر اور ایک گول فیلڈ پلے کے ذریعہ کیا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنا دبدبہ برقرار رکھا اور ایک بھی مقابلہ نہیں ہاری۔ راؤنڈ رابن مرحلے میں بھی ہندوستان نے چین کو 2-6 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد فائنل میں ایک بار پھر چین کو شکست دے کر ٹیم نے خطاب پر قبضہ جما لیا۔ اس سے پہلے ہندوستان نے 2023 میں رانچی اور 2024 میں راجگیر میں منعقدہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کا خطاب جیتا تھا۔ اب 2026 میں مسلسل تیسری بار ٹرافی جیت کر ہندوستانی ٹیم نے اپنی بالادستی برقرار رکھی ہے۔

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کے لیے یہ سال کئی معنوں میں یادگار رہا ہے۔ 25 نومبر کو جاپان کے خلاف 0-4 کی جیت کے بعد ہندوستانی ٹیم عالمی رینکنگ میں اپنی تاریخ کے بہترین چوتھے مقام پر پہنچ گئی تھی۔ اس کے علاوہ اس سال ایشین گیمز میں چین کو 0-1 سے شکست دے کر ہندوستانی ٹیم نے 2028 اولمپکس کے لیے بھی براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی یہ خطابی جیت ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ دپیکا، ایشیکا اور پوری ٹیم کی شاندار کارکردگی نے ایک بار پھر بین الاقوامی ہاکی میں ہندوستان کی طاقت ثابت کر دی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔