
سجیت کلکل، تصویر ’ایکس‘ @airnewsalerts
ہندوستانی پہلوان سجیت کلکل نے ’ایشین گیمز 2026‘ میں ایک بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے مردوں کی 65 کلوگرام فری اسٹائل زمرہ میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔ طلائی تمغہ کے اس مقابلہ میں سجیت نے تاجکستان کے عبدالماجد کے خلاف ابتدا میں پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کی اور 9-10 سے شاندار جیت درج کی۔ طلائی تمغہ کے لیے اس مقابلہ سے قبل سجیت نے اولمپک چمپئن کو پست کر بڑا الٹ پھیر کیا تھا، جس کے بعد طلائی تمغے کی امید بہت بڑھ گئی تھی۔
دراصل سجیت کلکل نے اولمپک چمپئن کوٹارا کیوکا کو 3-3 سے شکست دے کر ایشین گیمز میں مردوں کے 65 کلوگرام زمدہ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس کامیابی کے بعد سبھی امید کر رہے تھے کہ سجیت بہ آسانی فائنل مقابلہ جیت جائیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ تاجکستان کے عبدالماجد اور سجیت کے درمیان سخت ٹکر ہوئی۔ آخر میں سجیت نے 9-10 سے مقابلہ جیتا اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
سجیت نے فائنل کی راہ میں ایران اور جاپان کے مضبوط حریفوں کو شکست دی تھی۔ اس سے یہ محسوس ہونے لگا تھا کہ 23 سالہ سجیت ایشیائی کھیلوں میں اپنا پہلا طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔ حالانکہ تاجکستان کے عبدالماجد نے ہندوستانی کھلاڑی کے لیے بڑا چیلنج کھڑا کر دیا۔ سجیت ایک وقت 9-2 سے پیچھے چل رہے تھے، لیکن اس کے بعد انھوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل 8 پوائنٹس حاصل کر اپنی جیت کو یقینی بنایا۔ اس سے قبل سجیت نے افغانستان کے سید عمر ززئی کو 3-13 سے شکست دی تھی اور کوارٹر فائنل میں ایران کے عباس ابراہیم زادہ کے خلاف شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی پوائنٹ گنوائے تکنیکی اہلیت سے جیت حاصل کی۔
اس درمیان ہندوستان کو باکسنگ میں انکوش پنگھال نے بھی گولڈ میڈل دلا دیا ہے۔ باکسنگ میں آج یہ گولڈ میڈل کی ہیٹ ٹرک ہے، کیونکہ ان سے قبل لولینا اور پروین نے بھی اپنے اپنے مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ پروین ہڈا نے فائنل میں چینی تائپے کی باکسر کو اسپلٹ ڈسیزن میں 2-3 سے شکست دی جو آج ہندوستان کے لیے باکسنگ میں دوسرا طلائی تمغہ تھا۔ اس سے قبل لولینا نے چینی باکسر باؤ جیئی کو 0-5 سے شکست فاش دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
ہندوستان کے لیے آج صبح سے ہی ایشین گیمز شاندار گزر رہا ہے، کیونکہ تیر اندازی میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے طلائی تمغہ سے جو خوشیاں بکھیری تھیں، وہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ طلائی تمغوں کے علاوہ بھی کئی تمغے ہندوستان نے آج اپنے نام کیے ہیں، جن میں تیر اندازی کا مینس ریکرو ٹیم ایونٹ سے حاصل چاندی کا تمغہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے نیترا کمانن نے کشتی رانی میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ ساتھ ہی مکسڈ ٹیم ریکرو ایونٹ میں بھی ہندوستان کو چاندی کا تمغہ ملا ہے۔ اب ہندوستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 75 ہو چکی ہے، جن میں 15 طلائی، 25 نقرئی اور 35 کانسہ کے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔