
منو فرانسس اور پرنس کوریسنکل، تصویر سوشل میڈیا، @airnewsalerts
ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کو سیلنگ میں اپنا پہلا طمغہ ملا ہے۔ منو فرانسس اور پرنس کوریسنکل نے مردوں کے اسکف ایونٹ میں چین کے بعد دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں ہوئی 9 ریس کے بعد پرنس اور منو نے 23 پوائنٹس کے ساتھ اپنا سفر مکمل کیا۔ انہوں نے ان میں سے ایک ریس جیتی اور مجموعی طور پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وہ چین سے پیچھے رہے، جس نے طلائی تمغہ جیتا اور ہانگ کانگ تیسرے نمبر پر رہا جسے کانسہ پر اکتفا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے اب تک مجموعی طور پر 63 تمغے اپنے نام کیے ہیں، جن میں 10 طلائی، 22 چاندی اور 31 کانسہ شامل ہے۔ میڈل ٹیلی میں ہندوستان آٹھویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب اناہت سنگھ، تنوی کھنہ اور تجربہ کار جوشنا چپنا پر مشتمل ہندوستانی خاتون اسکویش ٹیم کو سیمی فانئنل مقابلہ میں ہانک کانگ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصلہ کن مقابلہ میں چپنا کو ہانگ کانگ کی ہو تجے لوک نے سیدھے گیمز میں شکست دے دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستان کا سفر کانسہ کے تمغہ کے ساتھ ختم ہوا اور ہانگ کانگ نے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایشین گیمز 2026 میں اسکویش میں یہ چوتھا تمغہ ہے۔ اس سے قبل انفرادی مقابلے میں ابھے سنگھ اور اناہت سنگھ نے ہندوستان کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ مکسڈ ڈبل میں جوشان چنپا اور ویلون سینتھل کمار کی جوڑی چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔
سیلنگ اور اسکویش کے علاوہ ہندوستان نے گریکو-رومن ریسلنگ کے 97 کلوگرام زمرے کے فائنل میں جگہ بنا کر تمغہ یقینی کر لیا ہے۔ نتیش سیواچ نے ایشین گیمز 2026 میں ناگویا سٹی اینائے اسپورٹس سنٹر میں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں منگولیا کے گنباتارین گنکھویاغ کو 9-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لیا۔ نتیش نے یہ مقابلہ ’ٹیکنیکل سپیریئرٹی‘ (ٹی ایس یو) کی بنیاد پر جیتا۔ نتیش 1962 کے بعد سے ایشین گیمز میں گریکو-رومن ریسلنگ کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں اور انہوں نے ہندوستان کے لیے 64 سال کا انتظار ختم کر دیا ہے۔ اب وہ طلائی تمغہ کے مقابلے میں جاپان کے یوری ناکاجاتو کا سامنا کریں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔