کھیل

ایشین گیمز 2026: دنیا کے نمبر 1 پہلوان کو پٹخنی دے کر امن سہراوت نے ہندوستان کو دلایا 20واں گولڈ

2026 ایشین گیمز میں ہندوستان نے 20 گولڈ، 26 سلور اور 36 برونز میڈل جیت لیے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک مجموعی طور پر 82 تمغے جیت لیے ہیں اور میڈل ٹیبل میں ہندوستان پانچویں مقام پر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>امن سہراوت، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/OlympicKhel">@OlympicKhel</a></p></div>

امن سہراوت، تصویر ’ایکس‘ @OlympicKhel

 

’ایشین گیمز 2026‘ میں ہندوستانی پہلوان امن سہراوت نے دنیا کے نمبر 1 پہلوان کو شکست دے کر ہندوستان کے لیے 20واں طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ امن سہراوت نے مردوں کے 57 کلوگرام ایونٹ کے فائنل میں اپنی کارکردگی سے سبھی کو حیران کر دیا۔ یہ مقابلہ آخری منٹ تک سنسنی خیز بنا رہا، جس میں امن نے شمالی کوریا کے چونگ سونگ کو 7-11 سے شکست دے کر طلائی تمغہ پر قبضہ کر لیا۔ یہ 2026 ایشین گیمز میں ہندوستان کا 20واں اور کشتی میں مجموعی طور پر دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ یہ امن سہراوت کا ایشین گیمز میں پہلا گولڈ میڈل ہے۔ 2022 کے ایشیائی کھیلوں میں انہیں کانسہ کے تمغہ پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ کشتی کا مقابلہ 6 منٹ تک جاری رہتا ہے، جس میں 3-3 منٹ کے 2 راؤنڈ کھیلے جاتے ہیں۔ امن نے 0-2 کی ابتدائی برتری حاصل کر لی تھی اور پہلے 3 منٹ ختم ہونے تک بھی اپنے کوریائی حریف سے آگے چل رہے تھے۔ لیکن چونگ سونگ نے اگلے 3 منٹ میں دکھایا کہ وہ عالمی نمبر 1 کیوں ہیں۔ انہوں نے مقابلے کے چوتھے اور پانچویں منٹ میں مکمل طور پر غلبہ حاصل کیا، جبکہ امن سہراوت تھکے ہوئے نظر آنے لگے تھے۔

جب مقابلے میں صرف ایک منٹ باقی تھا، تب چونگ سونگ کو امن پر 6-7 کی برتری حاصل تھی۔ جس طرح شمالی کوریائی پہلوان جارحانہ انداز اختیار کر رہے تھے، اس سے لگ رہا تھا کہ اب امن سہراوت پیچھے ہوتے چلے جائیں گے۔ لیکن آخری ایک منٹ میں چونگ سونگ اپنی ہی جارحیت میں پھنستے چلے گئے، جس کا فائدہ امن کو ملا۔ آخری منٹ میں امن نے اپنے حریف پہلوان کی ٹیک ڈاؤن کی کوشش پر جوابی حملہ کیا اور جواب میں اسے ہی میٹ پر پٹکتے ہوئے 2 اہم پوائنٹس حاصل کر لیے۔ اسی دوران شمالی کوریائی کیمپ نے ریفری کے فیصلے کو چیلنج بھی کیا، لیکن یہ فیصلہ ان کے ہی خلاف پڑا۔ آخر میں امن سہراوت نے 7-11 سے جیت درج کی۔

واضح رہے کہ اب تک 2026 ایشین گیمز میں ہندوستان نے 20 گولڈ، 26 سلور اور 36 برونز میڈل جیت لیے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک مجموعی طور پر 82 تمغے جیت لیے ہیں اور میڈل ٹیبل میں ہندوستان پانچویں مقام پر ہے۔ چوتھے مقام پر قابض ازبکستان کے اس وقت 21 طلائی تمغے اور 24 نقرئی تمغے ہیں۔ یعنی ہندوستان کو ایک طلائی تمغہ حاصل ہو گیا تو وہ چوتھے مقام پر پہنچ جائے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔