کھیل

ایشین گیمز 2026: 17 سالہ کم کم موہود نے تیر اندازی اور پرنوی نے گولف میں ہندوستان کو دلایا طلائی تمغہ

ایشین گیمز 2026 کے موجودہ ایڈیشن میں ہندوستان نے اب تک 79 تمغے جیت لیے ہیں، جن میں 18 طلائی، 26 چاندی اور 35 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ تمغوں کی فہرست میں ہندوستان اس وقت پانچویں مقام پر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کم کم موہود، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@OlympicKhel</p></div>

کم کم موہود، تصویر سوشل میڈیا @OlympicKhel

 

17 سالہ کم کم موہود نے ایشین گیمز2026 میں ہندوستان کو طلائی تمغہ دلایا ہے۔ انہوں نے تیر اندازی کے خواتین ریکرو انفرادی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا ہے۔ کم کم نے فائنل میں جنوبی کوریا کی یجن اوہ کو شوٹ آف تک جاری رہنے والے مقابلے میں شکست دی۔ 5 سیٹ تک دونوں کھلاڑی 5-5 سے برابر تھیں، لیکن شوٹ آف میں جنوبی کوریا کی کھلاڑی سے غلطی ہو گئی۔ مقابلہ بہت سنسنی خیز رہا، کیونکہ کم کم پہلا سیٹ 29-27 سے ہار گئی تھیں۔ ایک بار پیچھے رہنے کے بعد واپسی کرنا آسان نہیں ہوتا۔ خصوصاً اس وقت جب تیر اندازی کے کھیل میں جنوبی کوریا کا غلبہ رہا ہو۔ لیکن کم کم نے صبر نہیں کھویا اور دوسرا سیٹ 29-29 سے برابر کر دیا، لیکن مجموعی اسکور میں ہندوستانی کھلاڑی اب بھی 1-3 سے پیچھے تھیں۔

کم کم نے تیسرے سیٹ میں 3 پرفیکٹ-10 اسکور کر کے 30 کا اسکور کیا، جبکہ یجن نے 29 کا اسکور کیا۔ مقابلہ 3-3 سے برابر ہو گیا تھا۔ چوتھے سیٹ میں کم کم سے غلطی ہو گئی اور وہ 28-27 سے ہار گئیں، لیکن مقابلہ یہاں ختم نہیں ہوا تھا۔ اب سارا کھیل پانچویں سیٹ پر منحصر تھا، جس میں ہندوستانی کھلاڑی نے پرفیکٹ 30 کا اسکور کیا اور سیٹ اپنے نام کر لیا۔ دونوں کھلاڑی 5-5 سے برابر تھیں، اس لیے طلائی تمغہ کے لیے شوٹ آف کا سہارا لیا گیا۔ شوٹ آف میں جنوبی کوریا کی یجن اوہ نے غلطی کرتے ہوئے 8 کا اسکور کیا۔ کم کم 10 یا 9 کا اسکور بھی کرتیں تو طلائی تمغہ ان کی جھولی میں تھا۔ بتا دیں کہ شوٹ آف میں جو بھی کھلاڑی درمیانی نقطے کے زیادہ قریب نشانہ لگاتا ہے، اسے فاتح قرار دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ کم کم موہود نے ایشین گیمز 2026 میں 2 طلائی تمغہ سمیت 3 تمغے جیتے ہیں۔ 3 اکتوبر کو خواتین کے ریکرو انفرادی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے سے پہلے وہ ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل بھی جیت چکی تھیں۔ ایشین گیمز 2026 میں تیر اندازی میں ہندوستان نے اپنا غلبہ قائم کیا۔ عام طور پر جنوبی کوریا اس کھیل میں طلائی تمغہ جیتتا آیا ہے، لیکن اس بار ہندوستانی کھلاڑیوں نے کوریا کو سخت چیلنج پیش کیا ہے۔

دوسری جانب ہندوستانی گولفر پرنوی عرس نے خواتین کے انفرادی اسٹروک پلے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ ایشین گیمز میں 24 سالہ خشک سالی ختم کرتے ہوئے ہندوستان نے طلائی تمغہ جیتا ہے۔ اس سے قبل 2002 میں منعقدہ ایشین گیمز میں ہندوستان نے ایک طلائی تمغہ جیتا تھا، جبکہ اس سے قبل 1982 میں ہندوستان نے 2 طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ ہانگژو میں ہندوستان نے صرف ایک کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ پرنوی کے بعد خواتین کی ٹیم نے بھی چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ خواتین کی ٹیم میں پرنوی کے ساتھ دیکشا ڈاگر اور ادیتی اشوک بھی شامل تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایشین گیمز 2026 کے موجودہ ایڈیشن میں ہندوستان نے اب تک 18 طلائی تمغہ سمیت 79 تمغے جیت لیے ہیں۔ تمغوں کی فہرست میں ہندوستان اس وقت پانچویں مقام پر ہے۔ ہندوستان نے 26 چاندی اور 35 کانسے کے تمغے بھی اپنے نام کیے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔