سماج

بھارتی ریاست منی پور میں قتل وغارت گری کا سلسلہ جاری

منی پور میں تقریباً ڈیڑھ ماہ سے جاری نسلی تشدد میں سو سے زائد افراد ہلاک،سینکڑوں زخمی اور لگ بھگ پچاس ہزار بے گھر ہوچکے ہیں۔ مودی حکومت پر ناکامی اور کھوکھلے وعدوں کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔

بھارتی ریاست منی پور میں قتل وغارت گری کا سلسلہ جاری
بھارتی ریاست منی پور میں قتل وغارت گری کا سلسلہ جاری 

بی جے پی کی حکومت والی شمال مشرقی ریاست منی پور میں جاری تشدد کی صورت حال کا اندازہ اس واقعے سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہجوم نے بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ کے گھر پرحملہ کرکے اسے جلا دیا۔ حالانکہ اس دوران وہاں کرفیو نافذ تھا اور گھر کی حفاظت پر درجن بھر سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔

Published: undefined

ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ تقریباً 1200 افراد پر مشتمل ہجوم نے حملہ کر دیا۔ "ہجوم اتنا مشتعل تھا کہ ہم انہیں روک نہیں سکے۔ انہوں نے ہر سمت سے پٹرول بموں سے حملے کردیے،صورت حال ہمارے قابو سے باہر تھی۔" اس سے قبل بھی کئی ریاستی وزراء اور اراکین اسمبلی کے گھروں کو آگ لگائی جاچکی ہے۔

Published: undefined

وزیر نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، "میری آبائی ریاست میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ میں امن کی اپیل کرتا رہوں گا۔ جو بھی تشدد میں ملوث ہیں ان کے اندر انسانیت نہیں ہے۔"

Published: undefined

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر حالات پر قابوپانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے باہم متصادم کوکی اور ہندو اکثریتی میئتی قبائل کے رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس ماہ کے اوائل میں منی پور کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔ لیکن اس دورے کے بعد سے صورت حال مزید بگڑ گئی۔

Published: undefined

ایک غیرمصدقہ رپورٹ کے مطابق تین مئی سے شروع ہونے والے تشدد کے بعد سے کم از کم 110 افراد ہلاک، سینکڑوں دیگر زخمی اورتقریباً 50000 بے گھر ہو چکے ہیں۔ متعدد عبادت گاہوں کو بھی آگ لگادی گئی ہے اور بڑے پیمانے پر مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ ریاست میں انٹرنیٹ خدمات پر پابندی میں 20جون تک توسیع کردی گئی ہے۔

Published: undefined

'یہ بی جے پی کی منافرت کی سیاست کا نتیجہ ہے'

اپوزیشن کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ منی پور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ دراصل ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ملک بھر میں جاری 'منافرت کی سیاست' کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا،"بی جے پی کی منافرت کی سیاست کے سبب منی پور 40دن سے زیادہ سے جل رہا ہے اور ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بھارت ناکام ہو چکا ہے اور وزیراعظم اس پر مکمل خاموش ہیں...آئیے ہم نفرت کے بازار کو بند کریں اور منی پور کے ہر دل میں محبت کی دکان کھولیں۔" دہلی کے وزیر اعلی اروند رکیجیروال نے کہا، "منی پور کی صورت حال سے پورا ملک فکر مند ہے۔ وہاں امن بحال کرنے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔"

Published: undefined

تشدد کوختم کرنے کا حل کیا ہے؟

منی پور کی ایک مقامی تنظیم انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم (آئی ٹی ایل ایف) نے اس دوران ریاستی گورنر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ تین مئی سے جاری تشدد کا سبب میئتی اور کوکی کمیونٹیز کے درمیان "نسلی اختلافات اور بے اعتمادی" کی فضا ہے لہذا دونوں فرقوں کی مکمل علیحدگی ہی اس کا حل ہے۔ پچیس لاکھ آبادی والی اس ریاست کی آبادی میں ہندو میئتی کمیونٹی کی تعداد 53 فیصد ہے لیکن وہ ریاست کے صرف تقریباً 10فیصد حصے پر ہی آباد ہیں۔ کوکی اور دیگر قبائلیوں کی اکثریت مسیحی مذہب کو مانتی ہے۔ ریاست میں نسلی مسلمانوں کی تعداد تقریباً 8 فیصد ہے۔ یہ پہاڑی علاقوں میں رہتے ہیں۔

Published: undefined

قانون کے مطابق غیر قبائلی شخص قبائلیوں کی زمین نہیں خرید سکتا۔ 3مئی کو ہائی کورٹ نے میئتی ہندووں کو بھی قبائل کادرجہ دینے کا فیصلہ سنایا تھا، جس کے نتیجے میں انہیں بھی قبائلیوں کی طرح خصوصی مراعات حاصل ہو جائیں گی۔ کوکی اور دیگر قبائل اسی کی مخالفت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میئتی پہلے سے ہی مالی اور سیاسی لحاظ سے غالب ہیں اور عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں کوکی مزید پسماندہ ہو جائیں گے۔

Published: undefined

آئی ٹی ایل ایف نے گورنر انوسوئیا اوئکے کے نام خط میں کہا ہے کہ اب دونو ں فرقوں کے درمیان مصالحت ناممکن ہے۔ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ماہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے کے بعد سے "کم از کم 55 گاوں میں آگ لگادی گئی اور 11افراد کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔" خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پچھلے 40 دنوں میں 160 گاوں میں 4500 سے زیادہ مکانات جلا دیے گئے ہیں جبکہ 253 گرجا گھروں کو بھی نذر آتش کردیا گیا ہے۔

Published: undefined

'بدامنی کے ذمہ دار سرحد پار کے درانداز'

منی پور ایک سرحدی ریاست ہے اور میانمار کی سرحد سے صرف400 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ ریاست میں بی جے پی حکومت کے وزیر اعلی این بیرین سنگھ کا کہنا ہے کہ ریاست میں پرتشدد واقعات کے لیے سرحد پار سے درانداز ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، "سکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے تاکہ تشدد بھڑکانے والوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قصوروار وں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔"

Published: undefined

اس ماہ کے اوائل میں وزیر اعلی سنگھ نے 40 "دہشت گردوں" کو ہلاک کردیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم ان کے اس دعوے پر کئی طرح کے سوالات اٹھائے گئے۔ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد کوکی قبیلے کے عام لوگ تھے۔

Published: undefined

بی جے پی پر پچھلے ریاستی انتخابات میں کوکی عسکریت پسندوں کی مدد لینے کے الزامات بھی عائد کیے جارہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر منی پور میں حالات پر فوراً قابو نہیں پایا گیا تو اطراف کی دیگر ریاستیں بھی اس سے متاثر ہو سکتی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined