
تصویر پریس ریلیز
نئی دہلی، 26 نومبرجمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر، نئی دہلی میں جمعیۃ سدبھاؤنا منچ کے زیرِ اہتمام یومِ آئین کے موقع پر منعقدہ ’بھارت سنواد‘ میں ملک کے مختلف شعبوں سے وابستہ دانشوروں، سماجی رہنماؤں، سیاسی شخصیات اور ماحولیات کے کارکنوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں ملک کی موجودہ سماجی صورتِ حال، فرقہ واریت، آئینی اقدار اور ماحولیات کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔مکالمے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سماج میں بڑھتی نفرت اور تعصب کا خاتمہ مشترکہ کوششوں، مسلسل رابطوں اور عملی جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس موقع پر جمعیۃ سدبھاؤنا منچ نے اعلان کیا کہ آئندہ چھ ماہ میں ملک کے مختلف حصوں میں دو ہزار سے زائد ’بھارت سنواد‘ منعقد کیے جائیں گے، جب کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران 416 بھارت سنواد منعقد ہو چکے ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر اور پروگرام کے داعی مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آلودگی صرف پانی اور ہوا میں نہیں، بلکہ انسانوں کے دلوں اور ذہنوں میں بھی پیدا ہو چکی ہے، اس لیے ہمیں ہر طرح کی آلودگی کو ختم کرنے کی جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے باہمی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ، خوشی اور غم کے مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا ہماری صدیوں پرانی سماجی روایت ہے، جسے کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے۔
مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو قریب لانے کے لیے ایسے مشترکہ مواقع تلاش کیے جائیں جن میں سب آسانی سے شریک ہو سکیں۔مولانا مدنی نے دیوبند کے علاقے میں واقع کالی ندی کی ابتر حالت کا ذکر کرتے ہوئے اسے دوبارہ زندہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور شرکاء سے اپیل کی کہ اس کی بحالی کا کام کوئی بھی شروع کرے، سب کو اس کی حمایت اور تعاون کرنا چاہیے۔
انڈو پیسیفک پیس فورم کے چیئرمین ڈاکٹر مارکنڈے رائے نے محبت، باہمی احترام اور انسانی رواداری کو روحانیت کے ذریعے فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے تین بنیادی عہد کرنے کی اپیل کی: دینے کا جذبہ اپنائیں، غیر مشروط محبت کریں اور خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔ عالمی سطح پر امن و رواداری کے فروغ کے لیے مختلف مذاہب کے رہنماؤں پر مشتمل مشترکہ فورم قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا مفتی سید محمد عفان منصور پوری نے کہا کہ ہندوستان جیسے کثیر مذہبی ملک میں باہمی مکالمہ ناگزیر ہے، تاہم حقیقی کامیابی تبھی حاصل ہوگی جب ہم ہم خیال حلقوں سے نکل کر ان لوگوں تک بھی پہنچیں جو ہمارے خیالات سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت پیغام عام کرنے پر زور دیا۔
سوشلسٹ رہنما وجے پرتاپ نے کہا کہ سماجی و سیاسی تبدیلی ایک طویل تاریخی عمل ہے، اس لیے ہمیں امید اور حوصلے کے ساتھ مسلسل کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے ہندوتوا کی سیاست سے ہندو دھرم کی بنیادی شناخت پر پڑنے والے اثرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتِ حال کی ذمہ داری تمام مذاہب کے ماننے والوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں سے قرآن کے حقیقی پیغام کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اپیل کی اور آئینی اقدار پر بڑھتی ہوئی گفتگو کو خوش آئند قرار دیا۔
آئی آئی ٹی دہلی کے سابق پروفیسر وپن ترپاٹھی نے کہا کہ ہتھیاروں کے زور پر حکومتیں تو چلائی جا سکتی ہیں، لیکن اس کا خمیازہ عام عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ سدبھاؤنا کا اصل کام حقائق اور سچائی کو اجاگر کرنا ہے، جس کے لیے مذہبی رہنماؤں، مزدوروں، کسانوں اور ہر طبقے کو ساتھ لینا ضروری ہے۔
ناکڈور کے صدر ڈاکٹر اشوک بھارتی نے خوف اور لالچ کو مکالمے کی دو بڑی رکاوٹیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوالات کو دفن کرنے کے بجائے سامنے لایا جائے اور انٹرکاسٹ مکالمے کو فروغ دیا جائے تاکہ کمزور طبقات آگے بڑھ سکیں۔
مورخ پروفیسر کمار جھا نے کہا کہ مکالمہ خصوصاً ان لوگوں کے ساتھ ہونا چاہیے جو ہمارے مخالف ہیں، کیونکہ اختلافات پر کھل کر گفتگو کرنے سے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور امن و انصاف کی بنیاد پر کام کرنے کا راستہ نکلتا ہے۔انٹرفیتھ ڈائیلاگ لیڈر ڈاکٹر اے کے مرچنٹ نے کہا کہ تعلیم اور اہنسا کے راستے پر چل کر، نیز غریب طبقات کے لیے تعلیم کے دروازے کھول کر نفرت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ م عروف قلم کار پروفیسر سید اصغر وجاہت نے شمالی ہندوستان میں ہندی زبان کے ذریعے تحریکیں چلانے، ثقافتی پروگرام ترتیب دینے اور دیہاتوں میں رہنے والے عام لوگوں کو مضبوط سپورٹ سسٹم فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔سماجی رہنما ڈاکٹر اندو پرکاش نے کہا کہ آج رہنما مکالمے سے خوف محسوس کرتے ہیں، حالانکہ فرقہ واریت کی گھیر بندی میں بھی روزمرہ کی زندگی اور میل جول میں مکالمے کے مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔ گفتگو اور تحریر میں مذہب کو رکاوٹ بنانے کے بجائے انسانیت کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔
معروف سماجی کارکن ڈاکٹر چندرکانتا کے ماتھر نے کہا کہ مکالمے کا اصل مقصد کانفرنس ہالز تک محدود رہنا نہیں، بلکہ سماجی و معاشی طور پر نچلے طبقے تک پہنچنا ہے۔سماجی کارکن ہرش شکارا نے اجلاسوں کی گفتگو کو زمین پر اتارنے، گاؤں گاؤں سدبھاؤنا پروگرام منعقد کرنے اور گاندھی جی کے ستیہ گرہ کی طرز پر پُرامن جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ ما حولیاتی کارکن اور ’دی چائلڈ موومنٹ‘ کی بانی لیس پریا کنگوجیم نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بچوں اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ماحولیات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ اس کے لیے بیداری، ورکشاپوں اور مسلسل اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے۔
سماجی کارکن ہرجیت سنگھ نے کہا کہ ماحولیاتی بحران صرف انفرادی طرزِ زندگی کا نہیں، بلکہ ہمارے ترقی کے ماڈل کا بھی مسئلہ ہے۔ شہریوں کے ساتھ حکومتوں کو بھی مناسب انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ انہوں نے مختلف ممالک کی تحریکوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل اجتماعی جدوجہد سے مثبت تبدیلی ممکن ہے، اور اس عمل میں نوجوانوں کو قیادت کے مواقع فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔
ریٹائرڈ میجر ہمانشو نے کہا کہ سماجی مسائل صرف حکومتوں کی تبدیلی سے حل نہیں ہوتے، بلکہ اس کے لیے اخلاقی اقدار، صحیح شعور اور غم و خوشی میں شرکت کی روایات کو مضبوط بنانا ہوگا۔ سماجی کارکن جین جیاسو نے مختلف نسلوں کے درمیان مکالمے اور ماحولیاتی انصاف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مصنوعی کھادوں اور قدرتی وسائل کے بے جا استحصال نے زمین کی صحت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے سماجی کارکنوں کی تنہائی اور جدوجہد کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ محبت و احترام پر مبنی مکالمہ ہی ہماری جمہوریت کو بچا سکتا ہے۔
پروگرام میں جن دیگر معزز شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان میں صحافی آدتیہ مینن، اسسٹنٹ پروفیسر خوشبو اختر جناب ہرمندر پال، انوپم، مسٹر سدیپ جین، ڈاکٹر مرتضیٰ خان اور محترمہ نشابلا تیاگی،یونائیٹڈ ریلیجنز انیشی ایٹو سے وابستہ مصدق ریاض، جینت جگیاسو، جگیاسا گلاٹھی یونائیٹڈ ریجلیس انی شیٹو شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت جمعیۃ سدبھاؤنا منچ کے کنوینر مولانا مفتی مہدی حسن عینی نے کی، جب کہ مہمانوں کا شکریہ جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا عظیم اللہ صدیقی نے ادا کیا۔اس موقع پر معروف سماجی رہنما ڈاکٹر جون دیال، جمعیۃ علماء ہند کے ناظم تنظیم مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، مولانا عمر قاسمی، اویس سلطان، ڈاکٹر شبیر مشتاق (پی ایم او)، مولانا حسین احمد مدنی (سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش) اور سدبھاؤنا منچ و جیم کے دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔