
دہلی اییرپورٹ پر حجاج کرام کے آخری قافلہ کا استقبال کرتیں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی چیئرپرسن کوثر جہاں / تصویر پریس ریلیز
نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر انتظام فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والے تمام 21032 حجاج کرام کی وطن واپسی آخری چارٹرڈ پرواز کی دہلی آمد کے ساتھ مکمل ہو گئی۔ دو جون سے شروع ہونے والا واپسی کا مرحلہ اختتام پذیر ہوا تو شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے حج امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے تمام حجاج بحفاظت اپنے وطن پہنچ گئے۔ آخری پرواز کے ذریعے 318 حجاج کرام دہلی پہنچے، جہاں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ان کا استقبال کیا۔
Published: undefined
اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، حج کمیٹی کے دیگر افسران اور عملے کے علاوہ دہلی ہوائی اڈے، سعودی ایئرلائنز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس کے ساتھ ہی تبلیغی جماعت، دعوت اسلامی ہند، مسلم وکاس ایکتا ویلفیئر آرگنائزیشن، العرفات خادم الحجاج ٹرسٹ، الرشید خادم الحجاج ٹرسٹ اور الحیات ویلفیئر سوسائٹی سمیت مختلف سماجی و رفاہی تنظیموں کے رضاکار بھی حجاج کی رہنمائی اور خدمت میں مصروف رہے۔
Published: undefined
چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج کے کامیاب اور پُرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہلی حکومت، حکومت ہند، دہلی ہوائی اڈہ، سعودی ائرلائنز اور تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال خلیجی خطے کی تشویشناک صورت حال کے باوجود حجاج کرام نے محفوظ اور پُرسکون ماحول میں حج ادا کیا، جو حکومت کی مؤثر انتظامی صلاحیت اور مختلف اداروں کے باہمی تعاون کا مظہر ہے۔
Published: undefined
ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ حج آپریشن 2026 کے تحت 18 اپریل سے 20 مئی کے درمیان مقدس سفر پر روانہ ہونے والے حجاج کرام کا تعلق ملک کی 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تھا۔ ان میں دہلی کے 3212، اتر پردیش کے 10992، بہار کے 1374، ہریانہ کے 1626، جموں و کشمیر کے 1053، اتراکھنڈ کے 1348، راجستھان کے 444، پنجاب کے 308، جھارکھنڈ کے 230، مدھیہ پردیش کے 209 اور دیگر ریاستوں کے حجاج شامل تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 9684 خواتین اور 11348 مردوں نے حج کی سعادت حاصل کی۔ قلیل مدتی حج اسکیم کے تحت دو ہزار حجاج نے سفر کیا، جبکہ بغیر محرم حج پر جانے والی خواتین کی تعداد 43 رہی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2026 کی کارروائیاں مکمل ہونے کے ساتھ ہی حج 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے، جو 20 جولائی تک جاری رہے گا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے خواہش مند عازمین سے مقررہ مدت کے اندر درخواستیں جمع کرانے کی اپیل بھی کی ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined