
حج تربیتی کیمپ کا منظر
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: حج 2026 کی تیاریوں کے درمیان اور ماہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے وزارت اقلیتی امور حکومت ہند، حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے، حکومت سعودی عربیہ کی وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق عازمین حج کی طبی جانچ کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی سے فراہم اطلاع کے مطابق دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی تربیت کے لیے گزشتہ 2 فروری سے 17 فروری تک جاری حج تربیتی کیمپ آج مکمل ہو گیا۔ عازمین حج کی تربیت کے لیے منعقد کیے گئے اس 15 روزہ حج تربیتی پروگرام میں ریاست دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کو حج و عمرہ کے اعمال و ارکان اور دیگر متعلقہ معلومات فراہم کی گئیں۔
Published: undefined
اس دوران عازمین کو تربیت فراہم کرنے والے ماہرین میں مسجد القریش کے امام و خطیب اور جمعیۃ علما ہند کے دارالقضاء کے مفتی محمد شمیم احمد، عالمہ صبیحہ جمال صالحاتی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی، معروف فٹنس ٹرینر ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی، خاتون فٹنس ٹرینر کوثر کے علاوہ حج کمیٹی کے مختلف علاقائی ٹرینر نے عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے کا فریضہ انجام دیا۔ ماہ رمضان المبارک کے بعد ایک بار پھر حج کمیٹی کی جانب سے علاقائی سطح پر حج تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
Published: undefined
اشفاق احمد عارفی کی فراہم اطلاع کے مطابق دہلی حکومت کے جن 24 اسپتالوں میں عازمین حج کی خصوصی طبی جانچ کا سلسلہ جاری ہے، ان میں لوک نایک اسپتال، جی بی پنت اسپتال، جی ٹی بی اسپتال، جوشی اسپتال، مدن موہن مالویہ اسپتال، جگ پرویش اسپتال، ہیڈگوار اسپتال، ارونا آصف علی اسپتال، لال بہادر شاستری اسپتال وغیرہ شامل ہیں۔ ابھی تک اپنی صحت کی جانچ مکمل نہ کروا سکنے والے عازمین ان اسپتالوں میں اپنی جانچ کروا سکتے ہیں۔ عازمین اپنی صحت کی جانچ کروانے کے بعد اپنے میڈیکل کارڈ کے ساتھ آصف علی روڈ پر ترکمان گیٹ سے متصل واقع دہلی حج کمیٹی کے دفتر سے رابطہ قائم کر کے اپنا لازمی ٹیکہ لگوا سکتے ہیں، جو کہ لازمی ہے۔
Published: undefined
واضح ہو کہ اس سال دہلی سے حج پر روانگی آئندہ 18 اپریل سے شروع ہوگی اور 20 مئی تک جاری رہے گی۔ اس درمیان کل 55 حج پروازوں میں 4 مئی تک ابتدائی 31 پروازیں مدینہ منورہ جبکہ 6 مئی سے 20 مئی تک 23 پروازیں مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گی، جن میں آخری 6 پروازیں قلیل مدتی حج کے عازمین پر مشتمل ہوں گی۔ اس سال دہلی سے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کی تعداد تقریباً 3200 ہیں، جن میں 1651 مرد عازمین حج جبکہ 1560 خواتین شامل ہیں۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے حج پر روانہ ہونے والے مختلف ریاستوں، مثلاً اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، راجستھان، چنڈی گڑھ، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ اور بہار کے عازمین حج کی مجموعی تعداد تقریباً 23000 ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined