پریس ریلیز

دہلی فسادات 2020: قتل کے مقدمہ میں 6 مسلم باعزت بری، جمعیۃ علماء ہند کی کوششوں سے ملی کامیابی

کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ آلوک تیواری کی موت شدید سر اور دماغی چوٹوں کے نتیجے میں ہوئی تھی، تاہم دستیاب شواہد سے یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ مذکورہ 6 ملزمان اس حملے میں شریک تھے۔

دہلی فسادات، فائل فوٹو
دہلی فسادات، فائل فوٹو 

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی میں فروری 2020 کے فسادات کے دوران ہوئے قتل سے متعلق ایک مقدمہ میں دہلی کی عدالت نے 6 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ ملزمان کی جائے وقوع پر موجودگی اور مقتول کی شناخت سے متعلق الزامات کو شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے 48 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ آلوک تیواری کی موت شدید سر اور دماغی چوٹوں کے نتیجے میں ہوئی تھی، تاہم دستیاب شواہد سے یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ مذکورہ 6 ملزمان اس حملے میں شریک تھے۔

اس مقدمہ میں محمد سلمان پرانا مصطفی آباد، پرویز مہالکشمی اینکلو بابو نگر دہلی، اشرف علی  چمن پارک اندرا وہار، سونو سیفی بابو نگر پرانا مصطفیٰ آباد، جاوید علی پرانا مصطفیٰ آباد اور عارف پرانا مصطفیٰ آباد ملزم تھے، جو تقریباً 6 سال سے عدالتی حراست میں تھے۔ عدالت نے گواہوں کے بیانات میں تضادات، مقتول کی شناخت سے متعلق خامیوں اور ملزمان کی انفرادی شرکت کے واضح ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں بری کر دیا۔

اس مقدمے میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کی قانونی ٹیم، جس میں ایڈووکیٹ سلیم ملک اور ایڈووکیٹ عبدالغفار شامل ہیں، نے جاوید اور اشرف علی کے لیے قانونی چارہ جوئی کی۔ قابل ذکر ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی و سکریٹری مولانا نیاز احمد فاروقی کی نگرانی میں دہلی فسادات سے متعلق مقدمات میں متاثرین اور ملزمان کو قانونی امداد فراہم کرنے کے سلسلے میں مسلسل سرگرم ہے۔ دہلی فسادات سے متعلق مجموعی طور پر 267 مقدمات میں قانونی پیروی کی جارہی ہے، جن میں جمعیۃ کی کوششوں سے اب تک 155 مقدمات میں ملزمان بری ہو چکے ہیں۔ ازیں قبل جمعیۃ کی کوششوں سے 586 ضمانتیں ہو چکی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔