شاعری

ادبی دنیا کو صدمہ: ممتاز شاعر راحت اندوری کا حرکت قلب بند ہونے سے انتقال

مشاعرہ لوٹ لینے کی صلاحیت رکھنے والے 70 سالہ شاعر راحت اندوری کا اندور کے اسپتال میں کورونا کا علاج چل رہا تھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اندور: اردو ادب کے استاد اور معروف شاعر راحت اندوری آج یعنی منگل کے روز انتقال کر گئے۔ راحت اندوری کووڈ-19 میں مبتلا تھے اور انہوں نے آج صبح یعنی منگل کے روز ہی اس کی اطلاع دی تھی۔ مشاعرہ لوٹ لینے کی صلاحیت رکھنے والے 70 سالہ شاعر راحت اندوری کا اندور کے اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دوران علاج انہیں دو مرتبہ دل کا دورہ پڑا اور اس کے بعد وہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔

Published: 11 Aug 2020, 6:52 PM IST

اندور کے کلکٹر نے راحت اندوری کے انتقال کی تصدیق کی۔ مداحوں میں ’راحت صاحب‘ کے نام سے مشہور راحت اندوری کا انتقال ادبی دنیا کے لئے عظیم خسارہ ہے۔ ضلع مجسٹریٹ منیش سنگھ نے بتایا، ’’کووڈ 19 کے انفیکشن میں مبتلا اندوری کا اربندو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سیمس) میں دوران علاج انتقال ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ رحت اندوری دل کے عارضہ، گردے کی تکلیف اور ذیابطیس جیسی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

Published: 11 Aug 2020, 6:52 PM IST

ٹوئٹر پر اپنے آخری ٹوئٹ میں راحت اندوری نے مداحوں کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور اسپتال میں داخل ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے دعائے صحت کے لئے اپیل کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں ٹوئٹر پر ہی آگاہ کرتے رہیں گے تاہم انہیں اجل نے مہلت نہ دی۔ راحت اندوری کے انتقال کی تصدیق ان کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی کر دی گئی ہے۔ ان کے ہینڈل سے کیے گئے ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ ’’راحت صاحب کا دورہ قلب پڑنے سے آج شام 5 بجے انتقال ہو گیا ہے... ان کی مغفرت کے لئے دعا کیجیے۔‘‘

Published: 11 Aug 2020, 6:52 PM IST

راحت اندوری کی غزلیں اور نظمیں زبان زد عام تھیں اور انہیں ہند و پاک میں یکساں مقبولیت حاصل تھیں ان کا یہ شعر سیاست دانوں میں کافی مقبول تھا اور انتخابی جلسوں کی رونق ہوا کرتا تھا۔

سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹی میں

کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے

Published: 11 Aug 2020, 6:52 PM IST

راحت اندوری نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی کی تھی اور مقامی کالج میں درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ راحت اندوری ایک مصور بھی تھے اور انہوں نے شاعری کے علاوہ فلموں کے لیے گیت بھی لکھے۔ ممتاز شاعر کے انتقال ہر اعلیٰ حکومتی حکام، ادبی شخصیات اور شوبز ستاروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے دنیا سے چلے جانے کو علم و ادب کا بڑا نقصان قرار دیا۔

Published: 11 Aug 2020, 6:52 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 Aug 2020, 6:52 PM IST