
پاکستان: رحمٰن بابا ایکسپریس کے 14 ڈبے پٹری سے اترے (ویڈیو گریب)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں منگل (13 اکتوبر) کی صبح ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا۔ کراچی سے پشاور جا رہی رحمٰن بابا ایکسپریس ملتان میں شیر شاہ پل کے پاس پٹری سے اتر گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 5:15 بجے پیش آیا۔ اس حادثہ میں کم از کم 5 لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے باعث ٹرین کے تمام 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ پولیس اور امدادی افسران کے مطابق زخمیوں کو ملتان کے نشتر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثہ کے بعد ایک مسافر نے ٹرین کے نویں ڈبے کی مرمت کو لے کر دعویٰ کیا ہے۔ ’جیو نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک مسافر نے بتایا کہ حادثہ سے قبل ریہری کے پاس اس ڈبے کے نٹ بولٹ کی مرمت کی گئی تھی۔ حالانکہ اس دعویٰ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مبینہ مرمت کا ٹرین کے پٹری سے اترنے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے میں لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسران کو راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی زخمیوں کو بلا تاخیر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کو کہا ہے۔
فی الحال حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔ پاکستانی ریلوے اور متعلقہ افسران سے بچاؤ مہم کے آگے بڑھنے کے ساتھ مزید معلومات ملنے کی امید ہے۔ اس سے قبل اگست 2023 میں صوبہ سندھ کے نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی تھی۔ اس حادثے میں کم از کم 30 افراد کی موت ہو گئی تھی اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثے کے بعد ریلوے کی حفاظت اور دیکھ بھال کے نظام پر سوالات اٹھے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔