پاکستان

کیا عمران خان کی جیل میں موت ہو چکی ہے؟ پاکستانی صحافی کے دعویٰ سے مچی ہلچل

پاکستانی صحافی وجاہت خان نے کہا کہ 3 سینئر فوجی ذرائع نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں خدشہ ہے عمران خان اب زندہ نہیں ہیں۔ حالانکہ صحافی نے یہ واضح بھی کیا کہ ان ذرائع نے خود عمران کو مردہ نہیں دیکھا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>عمران خان (فائل)، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

عمران خان (فائل)، تصویر آئی اے این ایس

 

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جیل میں موت کی خبر نے پاکستان کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ پاکستانی صحافی کے دعویٰ کے بعد عمران کی صحت اور ان کی سلامتی کو لے کر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ پاکستانی صحافی وجاہت سعید خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر عمران کی ممکنہ موت سے متعلق دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 3 سینئر فوجی ذرائع نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں خدشہ ہے عمران خان اب زندہ نہیں ہیں۔ صحافی نے یہ بھی واضح کیا کہ ان ذرائع نے خود عمران کو مردہ نہیں دیکھا ہے اور ان کا دعویٰ براہ راست تصدیق پر مبنی نہیں ہے۔ اس کے باوجود ان کے دعوے نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم کی صورت حال کو لے کر پہلے سے جاری قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔

عمران خان کی صحت کو لے کر تشویش اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ ان کے خاندان، پارٹی رہنماؤں، وکلا اور ذاتی ڈاکٹروں کی ان سے ملاقات کو لے کر مسلسل تنازعہ رہا ہے۔ پی ٹی آئی پہلے بھی عمران کو الگ تھلگ رکھے جانے اور ان کے علاج کو لے کر سوال اٹھاتی رہی ہے۔ جون میں پارٹی نے انہیں اسپتال بھیجنے، باقاعدہ ملاقات کی اجازت دینے اور ذاتی ڈاکٹروں سے معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ مئی میں بھی عمران کی بہنوں اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو اڈیالہ جیل پہنچنے سے روک دیا گیا تھا۔ اس معاملہ پر پی ٹی آئی نے احتجاج کیا تھا۔

عمران خان کی صورت حال کو لے کر بڑھتی تشویش اب سیاسی ٹکراؤ کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے 20 لاکھ سے زائد لوگ سڑکوں پر اترنے کے لیے تیار ہیں۔ پارٹی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اگست 2023 سے جیل میں ہیں اور کئی معاملات میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے بعد سے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کا ٹکراؤ پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ایسے میں ان کی موت کی غیر مصدقہ خبر نے سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ فی الحال عمران خان کی موت کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن خاندان اور پارٹی کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے سبب ایک بار پھر یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ آخر اڈیالہ جیل میں بند سابق وزیر اعظم کی حالت کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔