
تصویر/ سوشل میڈیا
خلیجی ممالک اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی جاری ہے۔ ایسے حالات میں ہندوستان نے ایران کے لیے نئے سفیر کا تقرر کیا ہے۔ سینئر سفارت کار وشویش نیگی کو ایران میں ہندوستان کا اگلا سفیر بنایا گیا ہے۔ امید ہے کہ نیگی جلد ہی تہران میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ نیگی رودر گورو شریسٹھ کی جگہ لیں گے، جنہیں اب ترکی میں ہندوستان کا اگلا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ’انڈین فارن سروس‘ کے سینئر افسر وشویش نیگی کو ایران میں ہندوستان کا نیا سفیر بنایا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’وشویش نیگی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ ہند پیسیفک خطے کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو سنبھال رہے ہیں۔انہیں اسلامی جمہوریہ ایران میں ہندوستان کا اگلا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ 2002 بیچ کے ’ انڈین فارن سروس‘ کے افسر ہیں۔‘‘
وشویش نیگی کی بطور سفیر تقرری ہندوستان اور ایران کے تعلقات کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے، کیوں کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اسٹریٹجک، اقتصادی اور توانائی کے تعلقات ہیں۔ بطور سفیر وشویش نیگی کے سامنے تہران سے مغربی ایشیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال کے درمیان ہندوستان کے سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ وشویش نیگی نے اپنے سفارتی کیرئیر کے دوران کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ میں تقرری سے پہلے نیگی وزارت دفاع میں جوائنٹ سکریٹری (بین الاقوامی تعاون) کے طور پر کام کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے دفاعی سفارت کاری اور بین الاقوامی فوجی تعاون سے متعلق امور کی ذمہ داری نبھائی، اور اہم دوطرفہ دفاعی مذاکرات میں ملک کی نمائندگی کی، جن میں آرمینیا کے ساتھ فوجی تعاون اور دفاعی صنعتی شراکت داری پر اہم بات چیت بھی شامل تھی۔
اپنے سفارتی کیریئر کے دوران وشویش نیگی نے اقوام متحدہ کے سیاسی شعبے میں ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے پالیسی سے متعلق امور اور بین الاقوامی معاملات کو مؤثر انداز میں سنبھالا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے دوطرفہ تعلقات پر کام کیا، اور بعد ازاں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر اوشیانیا ڈویژن سے وابستہ رہے۔ اس دوران انہوں نے اعلیٰ سطح کی سفارتی بات چیت کی قیادت کی، جس میں بھارت اور پاپوا نیوگنی کے درمیان وزارت خارجہ کی مشاورتی بات چیت بھی شامل تھی۔ وشویش نیگی کے لیے نئی تقرری چیلنجنگ ہوگی، کیونکہ گزشتہ چند ماہ سے مغربی ایشیا میں حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فوجی حملے کیے گئے تھے، جس کے بعد تہران نے بھی سخت جواب دیا۔ تنازعہ شروع ہونے کے بعد فوجی حملوں کے علاوہ جنگ بندی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز سے متعلق کئی طرح کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ خلیجی خطے میں اس تنازعہ نے توانائی کی سپلائی، تجارتی بحری جہاز رانی اور علاقائی سلامتی سے متعلق بھی کئی طرح کی تشویش بڑھا دی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے بار بار خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ نئی دہلی کا کہنا ہے کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
تصویر قومی آواز / وپن