
امریکی صدر ڈونائڈ ٹرمپ (فائل فوٹو)
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ’ویٹرنز ڈے‘ (امریکہ میں فوجیوں کا قومی دن) کے موقع پر ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کو درست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکہ یہ جنگ جیت چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب صرف یہ طے کرنا باقی ہے کہ جنگ کب ختم کرنی ہے۔ امریکہ 93 فیصد نہیں، بلکہ مکمل فتح حاصل کرنا چاہتا ہے۔‘‘ ٹرمپ نے یہ بات ورجینیا میں واقع آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کے سابق فوجیوں اور موجودہ فوجی اہلکاروں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے تئیں اظہار تشکر کیا۔ ساتھ ہی ایران کو دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
تقریب کے آغاز میں ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندار کام کر رہے ہیں اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس کے بعد انہوں نے آرلنگٹن نیشنل قبرستان کو اہم مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی پہاڑیوں اور پتھروں پر کندہ بہادر فوجیوں کے نام ہمیں امریکہ کے عظیم ہیروز کی یاد دلاتے ہیں۔ یہ نام 250 سال کی فوجی خدمات، بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس کی تاریخ میں دوسری کوئی مثال نہیں ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ویٹرنز ڈے پر امریکہ ان سبھی محب وطن کے تئیں اظہار تشکر کرتا ہے، جنہوں نے ملک کی خدمت کے لیے اپنی زندگیوں کو وقف کر دیا۔ انہوں نے ان فوجیوں کو بھی یاد کیا، جنہوں نے جنگیں لڑیں، فوجی وردی زیب تن کی، دشمنوں کا سامنا کیا اور ہر محاذ پر انہیں شکست دی۔ ان کے مطابق فوجیوں نے جنگ کے دوران درپیش چیلنجز اور ذمہ داریوں کو اٹھا کر ملک کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
ٹرمپ نے آرلنگٹن اور ملک بھر میں موجود سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ان کے تئیں احترام، محبت اور مکمل وفاداری کا عہد کرتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امریکی فوج، بحریہ، فضائیہ، خلائی فوج، کوسٹ گارڈ اور میرین کور کے تمام سابق فوجیوں کی خدمات کے لیے ان کا شکریہ ادا کریں۔ اس دوران تقریب میں موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ٹرمپ نے ویٹرنز ڈے کے موقع پر موجودہ فوجی اہلکاروں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوجی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا سب سے بڑا ملک ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ایران کے ساتھ تنازعہ کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی۔ ایران 1979 سے امریکہ کے خلاف جنگ چھیڑے ہوئے ہے۔ اس معاملے کا حل بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے بالآخر ایران کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا اور فتح حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف یہ سوال باقی ہے کہ جنگ کب ختم کی جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائی سے ایران کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ اسے اپنی سابقہ حالت میں واپس آنے میں 25 برس لگ جائیں گے۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ کو آئندہ ایران کے کسی اور حصے کو تباہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور اب ایران کو اپنے ملک کی تعمیر نو کے لیے کافی محنت کرنی ہوگی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوجیوں نے ہر چیلنج کا سامنا کیا، ہر خطرے کا جواب دیا اور ملک کی سلامتی کے لیے جنگ کا ہر بوجھ برداشت کیا، تاکہ آنے والی نسلیں امن اور محبت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک عظیم الشان فاتحانہ محراب (ٹرائمفل آرچ) ان کے نام وقف کی جائے گی۔ یہ یادگار امریکہ کے سابق فوجیوں اور مسلح افواج کے اعزاز میں تعمیر کی جائے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس طرح کی یادگار کا انتظار گزشتہ 200 برس سے کیا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔