دیگر ممالک

امریکہ: بوسٹن فیڈرل کورٹ نے ’ایف-1 ویزا‘ کی مدت سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کی تجویز مسترد کی، ہندوستانیوں کو ہوگا فائدہ

جولائی میں امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے ایک تجویز پیش کی تھی۔ اس کے تحت بین الاقوامی طلباء امریکہ میں 4 برس سے زیادہ قیام نہیں کر سکتے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / آئی اے این ایس</p></div>

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / آئی اے این ایس

 

امریکی فیڈرل کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے، جس میں غیر ملکی طلباء، اسکالرز اور صحافیوں کے امریکہ میں قیام کی مدت مقرر کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ اس مدت کو ان کے متعلقہ ویزا کی بنیاد پر محدود کیا جانا تھا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد عدالت کا یہ فیصلہ ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔ جولائی میں امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی (ڈی ایچ ایس) نے ایک تجویز پیش کی تھی۔ اس کے تحت بین الاقوامی طلباء امریکہ میں 4 برس سے زیادہ قیام نہیں کر سکتے تھے۔ اگر انہیں اس سے زیادہ مدت تک قیام کرنا ہوتا تو اس کے لیے وفاقی حکومت سے منظوری لینا ضروری تھا۔

بوسٹن کی وفاقی عدالت کے جج ایف ڈینس سیلر نے پیر کے روز اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈی ایچ ایس کا یہ قدم منمانا، غیر مناسب اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔ یہ قانون کے مطابق بھی نہیں ہے۔ جج سیلر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سادہ الفاظ میں کہیں تو ڈی ایچ ایس اس کام کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کی کانگریس نے اجازت دی تھی اور اسے فروغ دینا چاہتی تھی، یعنی امریکہ میں غیر ملکی طلباء کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی کانگریس نے اجازت دی تھی۔ قانون ڈی ایچ ایس کو اتنے وسیع اور منمانے اختیارات نہیں دیتا کہ وہ ایف-1 ویزا پروگرام کو کمزور کر سکے۔

مجوزہ ضابطے میں غیر ملکی صحافیوں کے امریکہ میں قیام کی مدت بھی کم کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ اسے کئی برسوں سے کم کر کے 240 دن کرنے کی تجویز تھی۔ خاص بات یہ تھی کہ چینی صحافیوں کے لیے 90 دنوں کی مدت مقرر کی گئی تھی۔ اس مجوزہ ضابطے میں ’گریس پیریڈ‘ کو بھی 60 دنوں سے کم کر کے 30 دن کر دیا گیا تھا۔ یہ وہ مدت ہوتی ہے، جو تعلیم مکمل ہونے کے بعد ملک چھوڑنے کے لیے دی جاتی ہے۔ لینگویج پروگرام کے لیے قیام کی کل مدت 24 ماہ مقرر کی گئی تھی، جس میں چھٹیاں اور وقفے بھی شامل ہیں۔ ’فاؤنڈیشن فار انڈیا اینڈ انڈین ڈائسپورا اسٹڈیز‘ (ایف آئی آئی ڈی ایس) نے وفاقی عدالت کے اس حکم کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایف آئی آئی ڈی ایس کے صدر اور پالیسی و حکمت عملی کے سربراہ کھنڈے راؤ کانڈ نے کہا کہ عدالت نے ایک بار پھر بین الاقوامی طلباء کی مدد کی ہے اور ایسا کر کے انہوں نے امریکی سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے مستقبل کو محفوظ رکھنے میں اپنا تعاون دیا ہے۔

اس معاملے میں عرضی دائر کرنے والے اہم فریقین میں شامل ’پریزیڈنٹس الائنس آن ہائر ایجوکیشن اینڈ ایجوکیشن‘ کی صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) مریم فیلڈبلم نے بھی اس فیصلے کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی طلباء، اسکالرز اور انہیں اپنے یہاں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دینے والے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لیے بڑی جیت ہے۔ موجودہ انتظامیہ کی پالیسیوں اور کوششوں کے نقصانات اب صاف نظر آ رہے ہیں۔ بین الاقوامی طلباء کے اندراج اور امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے میں ان کی دلچسپی میں بڑی گراوٹ نظر آرہی ہے۔ وہیں ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل ایجوکیٹرز (این اے ایف ایس اے) کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) فانٹا اوے نے کہا کہ اس فیصلے کے ذریعے جج نے واضح اور سخت پیغام دیا ہے کہ امریکہ میں طلباء کے قیام کی مدت طے کرنے والی پرانی ’ڈیوریشن آف اسٹیٹس‘ پالیسی جاری رہے گی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سال ستمبر میں بوسٹن کے ایک جج نے ڈی ایچ ایس کے ایک مجوزہ ضابطے پر عبوری روک لگا دی تھی۔ یہ ضابطہ ایک طویل عرصے سے چلی آرہی اس پالیسی کو ختم کرنے والا تھا، جس کے تحت غیر ملکی طلباء اور صحافیوں کو امریکہ میں ایک مقررہ مدت کے بجائے اپنے پروگرام کی مکمل مدت تک قیام کی اجازت ملتی تھی۔ اس کے بعد ڈی ایچ ایس نے ستمبر کے اس حکم کے خلاف ’فرسٹ سرکٹ‘ میں اپیل دائر کی۔ ساتھ ہی 3 نومبر کو اس نے عدالت سے درخواست کی کہ اپیل کی کارروائی 30 دنوں کے لیے روک دی جائے، کیونکہ جلد ہی اس معاملے میں حتمی فیصلہ آنے کی امید تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔