
پیٹ ہیگسیتھ، تصویر سوشل میڈیا
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ منگل کے روز ایوان نمائندگان میں حکمراں ریپبلکن پارٹی کے ارکان نے متحد ہو کر ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کوششوں کو روک دیا۔ ایوان نمائندگان میں مواخذے کی تجویز کو ریپبلکن قیادت والی ’ہاؤس جوڈیشری کمیٹی‘ کے پاس بھیجنے کے حق میں 211 اور مخالفت میں 204 ووٹ پڑے۔ اس قدم کے ساتھ ہی ہیگسیتھ کو عہدے سے ہٹانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
مواخذے کی 8 تجاویز کو جوڈیشری کمیٹی کے پاس بھیجنے کی تجویز کینٹکی سے ریپبلکن رکن نمائندہ تھامس میسی نے پیش کی تھی۔ میسی واحد ریپبلکن رکن پارلیمنٹ تھے، جنہوں نے اس تجویز کے خلاف ووٹ دیا۔ میسی نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ معاملے کو کمیٹی کے پاس بھیجنے سے مواخذے کی کوشش مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔ یہ ووٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ریپبلکن پارٹی وسط مدتی انتخابات میں ہونے والی بڑی شکست کے نتائج سے نبرد آزما ہے۔ پارٹی کے کچھ رہنماؤں نے اس شکست کے لیے ایران جنگ اور اس کے نتیجے میں گیس کی قیمتوں میں ہونے والے بھاری اضافے کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ حالانکہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہیگسیتھ کی مکمل حمایت کی، جس کے بعد پارٹی کے زیادہ تر ارکان پارلیمنٹ وزیر دفاع کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔
ایوان کے اس فیصلے پر ٹرمپ نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی ڈیموکریٹس کی کوششیں بری طرح ناکام ہو گئی ہیں۔ ایک بڑے ناکام شخص تھامس میسی کو چھوڑ کر ہر ریپبلکن رکن نے پیٹ کے حق میں ووٹ دیا۔ ٹرمپ نے ہیگسیتھ کو امریکہ کا عظیم محب وطن قرار دیتے ہوئے وینزویلا اور ایران میں حاصل ہونے والی کامیابیوں، فوج میں ریکارڈ تقرری اور امریکی فوج کے حوصلے بلند کرنے کا سہرا انہیں دیا۔
اگر مواخذے کی یہ تجویز منظور ہو جاتی تو پیٹ ہیگسیتھ امریکی تاریخ میں مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنے والے پہلے وزیر دفاع بن جاتے۔ امریکی فوج کے کسی سویلین سربراہ کے خلاف آخری بار 1876 میں مواخذے کی کارروائی ہوئی تھی، جب ولیم بیلکنپ وزیر جنگ کے عہدے پر فائز تھے۔ حالانکہ یہ راحت عارضی ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد جنوری 2027 سے ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے پاس آجائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔