دیگر ممالک

ایران جنگ کو لے کر امریکی پارلیمنٹ میں ہنگامہ، ہیگسیتھ کے خلاف تحریک مواخذہ پیش

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف تحریک مواخذہ کی یہ دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ نے ہیگسیتھ کے خلاف 6 الزامات پر مشتمل تحریک مواخذہ پیش کی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>پیٹ ہیگسیتھ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

پیٹ ہیگسیتھ، تصویر سوشل میڈیا

 

امریکہ کے ریپبلکن رکن پارلیمنٹ تھامس میسی نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف ایران کے خلاف جاری جنگ اور عہدے پر رہتے ہوئے ان کے طرز عمل کو لے کر مواخذے کی تحریک پیش کی ہے۔ منگل (15 ستمبر) کو ایوان نمائندگان میں بولتے ہوئے کینٹکی کے رکن پارلیمنٹ تھامس میسی نے ہیگسیتھ پر سنگین جرائم اور بدعنوانی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہیگسیتھ نے 1973 کے وار پاورس ریزولوشن کی خلاف ورزی کی، ایران جنگ میں امریکی فوجی شراکت داری ختم کرنے سے متعلق کانگریس کی ہدایات کی خلاف ورزی کی اور شہریوں کی جان کے نقصان کو کم کرنے کے مقصد سے بنائے گئے قوانین کو نظر انداز کیا۔

تھامس میسی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ہیگسیتھ نے مشتبہ منشیات اسمگلروں کے خلاف عدالتی عمل سے ہٹ کر کی گئی فوجی کارروائی کو منظوری دی یا ان کی نگرانی کی۔ واضح رہے کہ یہ ہیگسیتھ کے خلاف تحریک مواخذہ کی دوسری کوشش ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس نے ان کا دفاع کرتے ہوئے ان کے کام کی تعریف کی ہے۔ تھامس میسی نے وزیر دفاع پر اپنے عہدے کے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیگسیتھ نے ٹرمپ انتظامیہ کے ناقدین کو ان کے اظہار رائے کی آزادی کے حق کا استعمال کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا اور ان کے خلاف کارروائی کی۔

واضح رہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اب ساتویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے اور امریکہ میں اس کی مقبولیت میں مسلسل کمی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے ریپبلکن اراکین پارلیمنٹ پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے دیگر ریپبلکن اراکین پارلیمنٹ میسی اور ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر ہیگسیتھ کے خلاف تحریک مواخذہ کی حمایت کریں گے۔ میسی نے ایسے وقت میں یہ قدم اٹھایا ہے جب ’دی ہِل‘ نے منگل کو خبر دی کہ پنٹاگن نے گزشتہ ماہ کانگریس کو بتایا تھا کہ ایران جنگ کی لاگت 42 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ محکمہ دفاع کی جانب سے پہلے عام کیے گئے تخمینے سے 4.5 ارب ڈالر زیادہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایوان نمائندگان میں تحریک مواخذہ پر جمعرات تک کارروائی ہونے کی امید ہے۔ ایسے میں اراکین پارلیمنٹ کے پاس تحریک مواخذہ پر غور و خوض کرنے کے لیے بہت کم وقت ہے۔ دوسری جانب ایوان نمائندگان اس ہفتہ کے آخر میں نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخاب سے قبل روایتی خزاں کی تعطیل کے لیے ملتوی ہونے والی ہے۔ میسی کا یہ قدم وزیر دفاع ہیگسیتھ کے خلاف تحریک مواخذہ کی دوسری کوشش ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ نے ہیگسیتھ کے خلاف 6 الزامات پر مشتمل تحریک مواخذہ پیش کی تھی۔ اس دوران وائٹ ہاؤس نے منگل کو وزیر دفاع ہیگسیتھ کی حمایت کی۔ کینٹکی کے ریپبلکن پارلیمنٹ تھامس میسی کے ذریعہ تحریک مواخذہ پیش کیے جانے کے بعد اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانش نے صحافیوں سے کہا کہ ہیگسیتھ شاندار کام کر رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔