
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی مدت میں مزید 45 دن کی توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے پریس آفس نے کہا کہ گوٹیرس نے دونوں ممالک کے درمیان امن برقرار رکھنے کی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ’سنہوا‘ نیوز ایجنسی کے مطابق پریس آفس نے نامہ نگاروں کو بھیجے گئے ایک نوٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ ان تمام کوششوں کے ساتھ کھڑا ہے جن کا مقصد تشدد کو روکنا اور بلیو لائن کے دونوں طرف رہنے والے لوگوں کی پریشانیاں کم کرنا ہے۔ یہاں جس ’بلیو لائن‘ کا ذکر کیا گیا ہے، وہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان اقوام متحدہ کی طرف سے سال 2000 میں طے کی گئی سرحدی لکیر ہے۔
Published: undefined
اقوام متحدہ نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگ بندی پر پوری طرح عمل کریں، مزید حملوں سے گریز کریں اور بین الاقوامی قوانین، خاص طور پر انسانی حقوق کے قوانین کا احترام کریں۔ اقوام متحدہ نے یہ بھی کہا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرار داد 1701 کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ یہ قرارداد 2006 میں ہونے والی لبنان جنگ کے بعد لائی گئی تھی، جس میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تصادم ہوا تھا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان نے گزشتہ ماہ نافذ ہونے والی جنگ بندی میں مزید 45 دن کی توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پگوٹ نے بتایا کہ 16 اپریل سے نافذ العمل جنگ بندی کو آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ مذاکرات میں مزید پیش رفت ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی سطح کے مذاکرات 2 اور 3 جون کو امریکی محکمہ خارجہ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔ جبکہ سیکورٹی سے منسلک معاملات پر فوجی افسران کا الگ اجلاس 29 مئی کو پینٹاگن میں ہوگا۔
Published: undefined
قابل ذکرہے کہ جمعرات اور جمعہ کو اسرائیل اور لبنان کے درمیان تیسرے دور کے براہ راست مذاکرات ہوئے۔ امریکی فریق نے ان مذاکرات کو ’کافی مثبت اور مفید‘ قرار دیا۔ حالانکہ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تصادم جاری ہے۔ جمعہ کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی ڈرون، فوجیوں، فوجی بلڈوزر اور مرکاوہ ٹینک کو نشانہ بنایا۔
Published: undefined
لبنان کے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق 2 مارچ سے 15 مئی کے درمیان اسرائیلی حملوں میں 2951 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 8988 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مذاکرات کے دوران اسرائیل کی نمائندگی واشنگٹن میں اس کے سفیر یشیئل لیٹر اور سینئر سیکورٹی حکام نے کی، جبکہ لبنان کے وفد میں واشنگٹن میں اس کی سفیر نادیہ حمادہ معوض اور امریکہ میں لبنان کے سابق سفیر سائمن کرم شامل تھے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined