دیگر ممالک

دبئی میں 20 منٹ کے اندر 7 دھماکوں سے ہر طرف پھیل گیا دھواں، عوام میں خوف و دہشت کا ماحول

عراق کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران یمن سے متحدہ عرب امارات پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>

علامتی تصویر

 

دبئی کے جبل علی صنعتی علاقہ میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں سے ہر طرف خوف و دہشت پھیل گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں بوقت شب آسمان پر دھوئیں کے گھنے بادل چھائے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایران کی ’مہر‘ نیوز ایجنسی نے یو اے ای حکام کے حوالے سے بتایا کہ 20 منٹ کے اندر کم از کم 7 دھماکے ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعہ کی ویڈیو بنانے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ واقعہ کسی حملے کا نتیجہ تھا یا صنعتی حادثہ۔

عراق کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران یمن سے متحدہ عرب امارات پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم، یو اے ای میڈیا نے دھماکوں کی وجہ کے بارے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی ہے۔ ’مہر‘ کی ایک رپورٹ میں ناسا کی تھرمل امیجنگ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ بندرگاہ سے متصل ایک گودام میں آگ لگ گئی تھی، جسے ایندھن ذخیرہ کرنے اور منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

بہرحال، ان دھماکوں میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے یا نقصان کی اطلاع فوری طور پر نہیں مل سکی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دھماکوں کے بعد کی صورت حال دکھائی دے رہی ہے، جس میں رہائشی علاقے کے قریب آسمان میں سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دبئی شہر کے مرکز سے تقریباً 25 میل جنوب مغرب میں واقع جبل علی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اہم شاپنگ مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں مصنوعی جزیروں کا مجموعہ ’پام جبل علی‘ اور دنیا کی سب سے بڑی انسانی ساختہ بندرگاہ کے قریب ایک فری ٹریڈ زون ہے، تاکہ بین الاقوامی شپنگ آسانی سے ہو سکے۔ امریکہ-ایران جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات ہائی الرٹ پر رہا ہے، کیونکہ اس علاقے میں امریکہ کے اتحادیوں پر تہران کے جوابی حملوں میں متحدہ عرب امارات اکثر نشانہ بنتا رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔