دیگر ممالک

امریکہ میں اپارٹمنٹ کے اندر فائرنگ سے افرا تفری، مشتبہ افراد سمیت 2 افراد ہلاک، 3 پولیس اہلکار زخمی

اپارٹمنٹ کے رہائشی جولیس بیلی نے بتایا کہ وہ بندوق لیے شخص کو پہچانتے تھے، کیونکہ وہ اکثر اپنا ہتھیار دکھانے کے لیے جانا جاتا تھا۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی 

امریکہ کی ریاست منیسوٹا کے شہر منیاپولس کے وسطی علاقہ میں بدھ کے روز ایک اپارٹمنٹ میں ہوئی فائرنگ میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مہلوکین میں فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص بھی شامل ہے۔ منیاپولس پولیس کے سارجنٹ گیریٹ پارٹن نے بدھ کی شام ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس واقعہ میں 3 پولیس افسر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 2 کو گولی لگی ہے۔ ہینیپن کاؤنٹی میڈیکل سینٹر کے مطابق تینوں افسران کی حالت مستحکم ہے۔

پارٹن نے بتایا کہ عمارت میں فائرنگ کی اطلاع 911 پر شام 4:30 بجے کے فوراً بعد ملی۔ اس کے 3 منٹ بعد پولیس افسر عمارت میں داخل ہوئے اور انہیں بلند عمارت کے اندر زخمی افراد ملے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران نے مزید گولیاں چلنے کی آواز سنی اور آواز کا پیچھا کرتے ہوئے اوپری منزل پر پہنچے۔ وہاں دھند جیسی صورتحال تھی، جس کی وجہ سے ان کی دیکھنے کی صلاحیت کافی محدود ہو گئی تھی۔

پارٹن کا کہنا ہے کہ ’’یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ان خاندانوں اور عزیزوں کے ساتھ ہیں، جنہوں نے اپنے لوگوں کو کھویا ہے۔ ہم زخمیوں، زخمی افسران اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کی جائے وقوعہ پر ہی گولی لگنے سے موت ہو گئی، جبکہ دوسرے نے اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا۔ پارٹن نے کہا کہ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی موت کیسے ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جولیس بیلی اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت کے باہر بیٹھے تھے، تبھی انہوں نے گولیوں کی آواز سنی۔ انہوں نے ایک ایسے شخص کو پستول لیے دیکھا، جسے وہ عمارت کے رہائشی کے طور پر پہچانتے تھے۔ بیلی نے بتایا کہ انہوں نے ایک خاتون کو چیختے ہوئے سنا اور فوراً وہاں سے بھاگنے لگے۔ ان کے مطابق انہوں نے 8 گولیوں کی آواز سنی۔ بیلی نے یہ بھی کہا کہ وہ بندوق لیے شخص کو پہچانتے تھے، کیونکہ وہ اکثر اپنا ہتھیار دکھانے کے لیے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جون میں عمارت میں رہائش اختیار کرنے کے بعد سے وہ اس شخص سے بچنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں سمجھ گیا تھا کہ وہ پریشانی کھڑی کر سکتا ہے۔‘‘

اپارٹمنٹ میں رہنے والے کرس ملر نے بتایا کہ انہوں نے مسلسل تیزی سے گولیاں چلنے کی آواز سنی اور حفاظت کے لیے فوراً باہر بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ اس شخص کو جانتے ہیں جس نے فائرنگ کی۔ ملر نے بتایا کہ اس ہفتہ کے آغاز میں انہوں نے اپارٹمنٹ کے اندر ایک شخص کو ہینڈگن کے ساتھ دیکھا تھا اور اس کی اطلاع عمارت کی انتظامیہ کو دی تھی۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں منیاپولس کنونشن سینٹر کے قریب ایک اپارٹمنٹ ٹاور کی جانب پولیس افسران کو رائفلیں تانے ہوئے دیکھا گیا۔ افسران نے لوگوں کو قریبی گنجان آبادی والے لورنگ پارک علاقے سے دور رہنے کی تنبیہ کی۔ منیسوٹا کے گورنر ٹم والز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ریاست کے افسران مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فائرنگ کے واقعہ سے نمٹنے میں مدد کر رہے ہیں۔ ایف بی آئی بھی فائرنگ کے واقعہ پر کارروائی کر رہی ہے۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایجنسی مقامی حکام کی مدد کے لیے ضروری تمام وسائل فراہم کرے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔