طوفان کی علامتی تصویر، سوشل میڈیا
ایشیائی کھیلوں کے دوران جاپان میں شدید طوفان کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے پیر کے روز 300 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ ملک کو شدید تباہی کا کطرہ ہے۔ سی این اے کی ایک رپورٹ کے مطابق ’ڈوزوان‘ طوفان ٹوکیو کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے ریکارڈ بارش کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔
جاپان میں گرمیوں کے آخر اور پت جھڑ کی شروعات کے درمیان اکثر شدید طوفان آتے ہیں۔ اس طوفان نے ایشیائی کھیلوں کے کچھ ایونٹس میں پہلے ہی رکاوٹ ڈال دی ہے۔ پیر کے روز جب ’ڈوزوان‘ طوفان ٹوکیو کے پاس کاتسورا شہر سے گزرا تو ہوا کی رفتار تقریباً 144 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ طوفان کے سبب جاپان ایئرلائنز نے 135 اور آل نیپان ایئرویز نے 140 پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ ٹوکیو کے پاس 9000 سے زیادہ گھروں کی بجلی چلی گئی ہے۔ فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق راجدھانی اور آس پاس کے علاقوں میں 16 لاکھ سے زیادہ لوگوں کوم حفوظ مقامات پر جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوکیو کے ساتھ ساتھ چیبا، کاناگاوا اور شیزوؤکا خطوں کے لیے بھی لینڈسلائیڈ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریلوے آپریٹرس نے ٹوکیو اور آس پاس کے علاقوں میں کچھ ریلوے لائنوں پر خدمات روک دیں۔ الرٹ والے علاقوں کے بارے میں جاپانی محکمہ موسمیات ایجنسی (جے ایم اے) کے تاکویا ہوسومی نے کہا کہ ’’اس بات کا خطرہ ہے کہ جیسے جیسے طوفان شمال کی جانب بڑھے گا، بارش جاری رہے گی۔‘‘
جے ایم اے نے اتوار کو ہی الرٹ جاری کیا تھا کہ طوفان آنے سے قبل ہی ہوا اور بارش تیز ہو جائے گی۔ ایجنسی نے کہا کہ ’’منگل تک مجموعی بارش ستمبر کی اوسط ماہانہ بارش سے زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے ریکارڈ توڑ بارش کا اندیشہ ہے۔‘‘ طوفان کے سبب ایک شخص کو معمولی چوٹیں بھی آئی ہیں اور 9 گھر متاثر ہو گئے ہیں۔
اس درمیان طوفان آنے کے سبب وسطی جاپان کے آئچی خطہ میں ایشیائی کھیلوں میں گھڑسواری مقابلہ کو منگل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ طوفان کے سبب وزیر اعظم سانے تکائیچی کی روانگی میں بھی 4 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، جو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں شامل ہونے کے لیے نیویارک جا رہی ہیں۔ حکومت نے کہا کہ وہ اب مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے ٹوکیو سے روانہ ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ طوفان ’ڈوزوان‘ کی وجہ سے پیر کو دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو گیم ٹریڈ فیئر میں سے ایک ’ٹوکیو گیم شو‘ کو بھی وقت سے پہلے بند کرنا پڑا۔ چیبا میں ہونے والا ایک بڑا آؤٹ ڈور میوزک فیسٹیول اور بیس بال میچ بھی رد کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویروں میں کاماکورا علاقہ کی سڑکوں پر پانی بھرا ہوا دکھائی دیا۔ کاماکورا کے میئر تکاشی ماتسوؤ نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ’’شہر کے کئی حصوں میں پانی بھر گیا ہے، جس سے کار سے سفر کرنا خطرناک ہو گیا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔