
علامتی تصویر
میانمار کے شورش زدہ علاقہ میں ہفتہ کے روز فوج نے ایک شادی والے گھر کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا۔ اس حملہ میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ واقعہ کی سامنے آنے والی تصاویر میں کم از کم 6 افراد کی لاشیں دکھائی دے رہی ہیں، جب کہ عینی شاہدین نے ابتدائی طور پر کہا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم 17 ہوگی۔ بعد میں یہ تعداد 30 بتائی گئی۔ عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں فضائی حملہ کے بعد خون میں شرابور زخمیوں کو علاج کے لیے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ حملہ شان اور کاینی ریاستوں کی سرحد پر واقع موئے بائے علاقہ کے ایک گاؤں میں ہوا۔ اس علاقہ میں بڑی تعداد میں اندرون ملک بے گھر ہونے والے افراد رہتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ میانمار میں 2021 میں فوجی بغاوت کے ذریعہ آنگ سان سوکی کی منتخب حکومت کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے خانہ جنگی جاری ہے۔ تنازعات پر نظر رکھنے والی تنظیم ’اے سی ایل ای ڈی‘ کے مطابق جاری خانہ جنگی میں اب تک تمام فریقوں کے ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تازہ ہوائی حملہ علاقے میں جاری کشیدہ حالات کی طرف نشاندہی کرتا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ شادی کے جس گھر پر ہوائی حملہ کیا گیا ہے، وہ دراصل ایک اسکول ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین نے ہوائی حملہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں نے قریب ہی طیارے کے اڑنے کی آواز سنی، لیکن مجھے لگا کہ وہ ہمارے علاقے پر بمباری نہیں کریں گے۔ اس کے بعد میں اپنے گھر کے اندر چلا گیا۔ پھر میں نے بم دھماکہ کی آواز سنی اور فضائی حملے کی جگہ سے اٹھتا ہوا دھوئیں کا ایک بڑا غبار دیکھا۔‘‘ عینی شاہدین کے مطابق بم اس گھر پر گرا جہاں 2 بے گھر افراد کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ ایک شخص نے کہ ’’میں مدد کے لیے فوراً جائے وقوع پر پہنچا۔ میں نے وہاں 17 لاشیں دیکھیں اور کئی لوگ زخمی تھے۔‘‘
گاؤں کے دیگر لوگوں کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں 6 الگ الگ لاشیں دکھائی دی ہیں۔ اگرچہ ان تصاویر کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل تھے۔ اس واقعہ پر میانمار کی فوج سے ردعمل حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن اس سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔