دیگر ممالک

جنوبی افریقہ کے 2 شہروں میں اجتماعی فائرنگ، کم از کم 27 افراد ہلاک

پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے وادیلا ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جہاں ایک بار میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ دوسرا واقعہ کیپ ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائرنگ سے قبل بار میں تفریح میں مصروف لوگ (ویڈیو گریب)</p></div>

فائرنگ سے قبل بار میں تفریح میں مصروف لوگ (ویڈیو گریب)

 

جنوبی افریقہ کے 2 بڑے شہروں کے قریب فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغرب میں واقع وادیلا ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جہاں ایک بار میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس فائرنگ میں 15 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ دوسرا واقعہ کیپ ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ بار میں اے کے-47 سے فائرنگ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ تفریح میں مصروف ہیں، ڈرنک لے رہے ہیں اور ناچ گا رہے ہیں۔ اسی دوران اچانک تابڑ توڑ گولیوں کی آواز گونجتی ہے اور پھر زمین پر کئی لاشیں بچھ جاتی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ وادیلا ٹاؤن میں ہفتہ کی رات تقریباً 9:30 بجے یہ واقعہ پیش آیا، جب اے کے-47 اور ہینڈ گن سے لیس کم از کم 8 مشتبہ افراد نے وادیلا ٹاؤن میں ایک بار کے باہر موجود لوگوں پر گولیاں چلائیں اور پھر اندر گھس کر بھی فائرنگ کی۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اتوار تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔

ایک دیگر بیان میں پولیس نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 1 بجے کیپ ٹاؤن شہر کے قریب لوانڈلے میں ایک اسٹور پر اجتماعی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے میں 11 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ وہ اس معاملے میں بھی مشتبہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔ تاہم حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں معلومات نہیں دی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ فائرنگ کس نے کی اور کیوں کی، اس بارے میں اب تک کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ فائرنگ کے یہ دونوں واقعات مشرقی ساحل پر واقع شہر ڈربن کے قریب ایک ہاؤس پارٹی میں فائرنگ کے چند ہی دن بعد پیش آئے ہیں، جس میں ایک حاملہ خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے ان تازہ 2 واقعات میں اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے اور ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ افسران دونوں معاملات میں متعدد حملہ آوروں کی تلاش کر رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔