دیگر ممالک

لاس اینجلس: 5 شدت کے زلزلے کے بعد 40 سے زائد آفٹر شاکس، ایئرپورٹ کے شیشے ٹوٹے

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9:30 بجے مین ہٹن بیچ کے ساحل سے تقریباً 6 میل دور آیا۔ اس کی گہرائی زمین سے تقریباً 5.6 میل نیچے ریکارڈ کی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

 

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے لاس اینجلس کا علاقہ ہفتے کے روز (مقامی وقت کے مطابق) شدید زلزلے سے دہل اٹھا۔ صبح کے وقت 5.0 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس کے بعد 40 سے زیادہ آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے۔ مسلسل جھٹکوں کی وجہ سے جنوبی کیلیفورنیا کے کئی علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9:30 بجے مین ہٹن بیچ کے ساحل سے تقریباً 6 میل دور آیا۔ اس کی گہرائی زمین سے تقریباً 5.6 میل نیچے ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے تقریباً دو گھنٹے بعد صبح 11:41 بجے (آئی ایس ٹی کے مطابق رات 1:11 بجے) ہرمو سا بیچ کے قریب 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا۔ اس کے علاوہ کئی چھوٹے جھٹکے بھی آئے۔ ابتدائی زلزلے کے بعد 40 سے زیادہ آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے۔ حکام نے اسے آفٹر شاکس کا نسبتاً فعال سلسلہ قرار دیا۔ زلزلے کے بعد لاس اینجلس فائر ڈپارٹمنٹ (ایل اے ایف ڈی) نے ہنگامی زلزلہ ردعمل کا نظام فعال کر دیا۔ شہر کے تمام 106 فائر اسٹیشنوں سے عملے کو عمارتوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تعینات کیا گیا۔

لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ایل اے ایکس) کے ٹرمینل-7 میں کچھ شیشے ٹوٹ گئے اور چھت کے چند پینل گر گئے۔ حالانکہ ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی۔ سی این این کے مطابق ابتدائی جائزے میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ مین ہٹن بیچ اور ہرمو سا بیچ کے ساحلی علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر پیئرز (سمندر میں بنے ہوئے پلیٹ فارم) بند کر دیے گئے۔ حکام نے واضح کیا ہے  کہ زلزلے کی وجہ سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یو ایس جی ایس نے 4.0 یا اس سے زیادہ شدت کے آفٹر شاک آنے کا 30 فیصد امکان ظاہر کیا تھا۔ لاس اینجلس کے میٹروپولیٹن علاقے میں اس سے پہلے 2014 میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس لحاظ سے ہفتے کے روز آنے والا زلزلہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران اس علاقے کے طاقتور زلزلوں میں شامل ہے۔ کیلیفورنیا زلزلوں کے اعتبار سے ایک حساس علاقہ ہے۔ یہاں کئی فعال زیر زمین فالٹ لائنیں موجود ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔