دیگر ممالک

مشرقی افریقہ میں لینڈ سلائیڈنگ، 14 افراد کی موت، متعدد لاپتہ، ایتھوپیا میں مذہبی پروگرام کے دوران پیش آیا حادثہ

مشرقی افریقہ کی مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ ’’ایتھوپیا میں جون سے ستمبر تک جاری بارش کی وجہ سے لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب آنے کا سلسلہ عام بات ہے۔‘‘

لینڈ سلائیڈنگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
لینڈ سلائیڈنگ، علامتی تصویر آئی اے این ایس 

ایتھوپیا کے امہارا علاقے میں پیر کی صبح شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا درد ناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جس کے مدنظر امدادی و ریسکیو کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ یہ حادثہ ’تسادکانے دیبرے مٹماک سینٹ میری مونٹیسری‘ میں پیش آیا، جہاں سینکڑوں عقیدت مند مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے۔ یہ مذہبی رسم طویل عرصے سے بیماریوں سے نجات اور روحانی شفا کے عقیدہ سے منسلک سمجھی جاتی ہے۔

ڈائیوسیس کے جنرل منیجر ’میگابے حدیس نیکا تبیب ابابو‘ کے مطابق حادثہ صبح 7 بجے کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں سے 11 افراد کی آخری رسومات مونٹیسری احاطے میں ہی ادا کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر افراد کی لاشیں آبائی شہروں کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔ ان میں سے کچھ لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، کیوں کہ شناخت کرنے میں کافی دقت آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ شدید زخمی افراد کو شمالی شیوا کے انتظامی علاقے کی راجدھانی ڈیبرے برہان کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہے۔ ایتھوپیا میں جون سے ستمبر تک جاری بارش کی وجہ سے لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب آنے کا سلسلہ عام بات ہے۔ جولائی 2024 جنوبی ایتھوپیا میں ہوئے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کم از کم 257 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے آغاز میں گامو علاقے میں اسی نوعیت کا حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 100 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور کمزور بنیادی ڈھانچے کی وجہ سے قدرتی آفات کا خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس میں اکثر و بیشتر لوگوں کی جانیں جاتی رہتی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔