
آیت اللہ علی خامنہ ای۔ فائل فوٹو/ آئی اے این ایس
امریکہ اور اسرائیل کے ذریعہ 28 فروری 2026 کو ایران کی راجدھانی تہران پر کیے گئے حملے میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت علی خامنہ ای جاں بحق ہو گئے تھے۔ فی الوقت ایران کی راجدھانی تہران میں ان کی آخری رسومات جاری ہیں۔ آج، یعنی 9 جولائی کو آیت اللہ علی خامنہ ای کو سپردِ خاک کیا جائے گا۔ اس دوران ایران نے تہران سے 35 سیکنڈ پر مشتمل ایسی پہلی سرکاری ویڈیو جاری کی ہے جس میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی رہائش امام خمینی حسینیہ ہال میں ہونے والی شدید تباہی اور ملبہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس عمارت میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ ساتھ ان کے دیگر اہل خانہ بھی جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 14 ماہ کی زہرا بھی شامل تھیں۔
یہ ویڈیو آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے روز جاری کی گئی ہے، جس سے لوگوں میں جذبات کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ آج انہیں شمال مشرقی ایران واقع ان کے آبائی شہر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی تہران، قم اور عراق کے مقدس شہروں نجف اشرف اور کربلا میں منعقد ہونے والی آخری رسومات اور الوداعی پروگراموں کا سلسلہ بھی اختتام پذیر ہو جائے گا۔ اس سے قبل ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو تہران واقع گرینڈ مصلیٰ میں عوامی دیدار کے لیے رکھا گیا تھا، جس کے بعد تہران اور قم کی سڑکوں سے ہوتے ہوئے ایک جلوس کی صورت میں جنازے کو لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ امریکہ نے ایران پر نئے فضائی حملے کیے ہیں، جس کے بعد جمعرات کے روز علی الصبح کویت، بحرین اور قطر میں ایرانی میزائل کے حملوں کے مدنظر انتباہی سائرن بجا دیے گئے۔ حالانکہ اب تک کویت، بحرین اور قطر میں کسی جانی یا مالی نقصانات کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ایک طرف امریکہ کے تازہ حملوں نے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کے کئی شہروں کو ہلا کر رکھ دیا اور بعض علاقوں میں بجلی سپلائی معطل ہو گئی، وہیں دوسری طرف ایرانی حملوں سے کئی خلیجی ممالک میں خوف و دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔