
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ / آئی اے این ایس
ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ ایران امریکہ پر گیس اور بایولوجیکل ویپنز (حیاتیاتی اسلحہ) سے حملہ کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے ایران کو جوہری اسلحہ تیار کرنے سے روک دیا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ دیگر خطرناک اسلحوں کے استعمال کے بارے میں سوچ رہا ہے۔ اس درمیان ٹرمپ ایران پر حملہ کرنے کی بھی سوچ رہے ہیں۔ ٹرمپ نے جمعرات کے روز فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اشارے مل رہے ہیں کہ ایران گیس اور بائیولوجیکل ویپنز کے استعمال سے متعلق سوچ رہا ہے۔
ٹرمپ نے بائیولوجیکل ویپنز کو بے حد خطرناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے، یہ دیکھنا ہوگا۔ اس دوران انہوں نے یکم جنوری کے بعد کی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے، جب سی این این کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران واشنگٹن ڈی سی پر کیمیائی بم سے حملے پر غور کر رہا ہے۔ اس کے ذریعہ ٹرمپ انتظامیہ کے افسران کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے کئی بڑے افسران کو سیکورٹی کے لیے فوجی اڈوں پر بھیجا گیا ہے۔ ان میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ بھی شامل ہیں۔ وہ ایران پر اقتصادی دباؤ ڈالنے اور پابندیاں لگانے کی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔
حالاں کہ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی سرزمین پر ایران کے حملے سے متعلق فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اگر ایران ایسا کرتا ہے تو امریکہ اسے پوری طرح تباہ کر دے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افسران کو فوجی اڈوں پر بھیجنے کی وجہ صرف ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی نہیں ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ ایران پر بڑے پیمانے پر فوجی حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
ٹرمپ اسرائیل کی اس وارننگ پر بھی غور کر رہے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی میزائل اور ڈرون کی صلاحیت میں ایک بار پھر اضافہ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ کیمیائی اور بائیولوجیکل اسلحوں سے متعلق پروگراموں کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔ امریکہ کے پاس اس وقت مغربی ایشیا میں بڑی فوجی طاقت موجود ہے۔ حالانکہ ٹرمپ انتظامیہ کے اندر ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے حوالے سے اختلاف ہے۔ امریکی مڈٹرم انتخاب کے نتائج سے بھی اشارہ ملا ہے کہ ووٹرز جنگ سے خوش نہیں ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔