
انڈونیشیا کے بالی واقع نگوراہ رائے ہوائی اڈہ پر بدھ کی دوپہر اچانک بجلی چلی گئی، جس سے افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ بجلی کٹنے سے نہ صرف کمپیوٹر سسٹم ٹھپ پڑ گئے، بلکہ ایئر کنڈیشن اور دیگر سہولیات بھی بری طرح متاثر ہو گئیں۔ نتیجہ کار مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی گل ہونے کی وجہ سے ہوائی اڈہ کے چیک اِن کاؤنٹر پر مسافروں کی طویل قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ سسٹم ٹھپ ہونے سے مسافر نہ ہی چیک اِن کر پا رہے ہیں اور نہ ہی انھیں اپنے سفر کی صورت حال کا اندازہ ہو پا رہا ہے۔ بالی سے پرواز بھرنے والے کئی طیارے بھی رخنہ انداز ہوئے ہیں اور ان میں تاخیر کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ ہوائی اڈہ پر اپنے سفر کے لیے انتظار کر رہے سمافر بھی اے سی بند ہونے سے کافی پریشان ہیں۔ گرمی اور حبس کی وجہ سے مسافروں کو ایئرپورٹ احاطہ کے اندر دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایئرپورٹ پر بجلی کب فراہم ہوگی اور چیک اِن کا عمل و پروازوں کا آپریشن کب سے شروع ہوگا، اس بارے میں ابھی تک کوئی آفیشیل جانکاری مسافروں کو نہیں دی گئی ہے۔
کچھ مسافروں نے درپیش مسائل کی جانکاری سوشل میڈیا پر دی ہے اور اپنی دقتوں کے بارے میں بتایا ہے۔ ایک مسافر نے لکھا ہے کہ گزشتہ 10 منٹ میں بالی ایئرپورٹ پر بجلی 4 مرتبہ جا چکی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بالی بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے ممبئی اور دہلی جیسے ہندوستانی شہروں کے لیے نان اسٹاپ پروازیں دستیاب ہیں۔ وہاں سے کئی دیگر ممالک کے لیے بھی براہ راست اور کنکٹنگ پروازیں ملتی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔