
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال (فائل) / آئی اے این ایس
ہندوستان نے ریاض فنانشل ڈسٹرکٹ ٹاور پر ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کے روز وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیا اور حملے میں 2 ہندوستانیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم 24 نومبر کو ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ٹاور پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم مملکت سعودی عرب میں شہریوں، اقتصادی ڈھانچے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر کیے جا رہے مسلسل حملوں کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ ریاض فنانشل ڈسٹرکٹ پر حملے میں 2 ہندوستانیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے وزارت نے کہا کہ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
ہندوستان نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے مطابق یہ حملے علاقائی سلامتی اور استحکام کو کمزور کرنے والے ہیں۔ ہندوستان نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر روکا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم مملکت سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وہاں کے شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ اس خطے میں جلد از جلد امن اور معمول کے مطابق حالات بحال ہو جائیں گے۔
اس سے قبل ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ریاض پر ہوئے حملے میں 2 ہندوستانی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ سفارت خانہ اس سلسلے میں معلومات جمع کر رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ حوثیوں نے منگل کے روز ریاض کے فنانشل سینٹر ٹاور پر حملہ کیا تھا۔ سعودی سول ڈیفنس نے بعد میں بتایا کہ زخمیوں میں ہندوستان کے علاوہ سعودی عرب، نیپال اور مصر کے شہری بھی شامل ہیں۔ اس نے کہا کہ ریاض شہر میں فنانشل سینٹر کے ایک ٹاور پر حوثیوں نے حملہ کیا، جس میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سعودی عرب کے 2 شہری، ہندوستان کے 2 شہری، نیپال کے 3 شہری، اور مصر کے 4 شہری شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔