
تصویر سوشل میڈیا
وسطی اسپین کے صوبہ ٹولیڈو میں 2 ہائی اسپیڈ ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم دیکھنے کو ملا ہے، جس کے بعد وہاں چیخ و پکار مچ گئی۔ اس حادثہ میں اب تک 50 سے زائد افراد کی ہلاکت اور 179 افراد کے زخمی ہونے کی خبر موصول ہو چکی ہے۔ ہلاکتوں کی یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے، کیونکہ زخمیوں کی کئی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
’دی گارجین‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں اسپین کے ریلوے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح 2 ٹرینوں کے پیچھے سے ٹکرانے کے بعد میڈرڈ اور جنوبی علاقے اندلس کے درمیان ریل سروس روک دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ کس طرح پیش آیا، اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ یہ حادثہ آداموز ریل حادثہ سے بھی زیادہ بھیانک ہو سکتا ہے۔ اس حادثے میں 46 افراد کی موت ہوئی تھی۔
اسپین کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی وی ای نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ٹرین دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 2 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ٹولیڈو شہر کے قریب واقع اُردا کے میئر مینوئل گالان نے بتایا کہ ایمرجنسی سروس نے ان سے زخمیوں کو ٹھہرانے کے لیے ایک اسپورٹس ہال تیار کرنے کو کہا ہے۔
دوسری جانب اسپین میں انتخابی مہم میں مصروف سیاسی پارٹیوں نے اپنے پروگرام منسوخ کر دیے ہیں۔ وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے اس حادثہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر ٹرانسپورٹ اور کاسٹیلا لا مانچا کے صدر کے مسلسل رابطے میں ہوں۔ ایمرجنسی سروس متاثرہ افراد کی مدد کرنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔ میری ہمدردیاں اور حمایت تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
ٹرین حادثہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ 2 ٹرینوں کا یہ تصادم کس وجہ سے پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ ٹرینیں اے وی ای اور ایریو کے ذریعے چلائی جا رہی تھیں۔ تصادم کے بعد کم از کم 2 ڈبے پٹری کے کنارے ڈھلان پر جا گرے۔ اس دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 550 مسافر کے موجود ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔