
پیرس ہلٹن، ویڈیو گریب
امریکہ میں آن لائن جنسی ہراسانی اور بغیر رضامندی کے بنائی گئی فحش تصاویر (ڈیپ فیک) کا معاملہ ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے۔ ماڈل اور ریلٹی ٹی وی اسٹار پیرس ہلٹن نے ایک حیران کرنے والا انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کانگریس کی 156 خاتون اراکین میں سے 83 کی فحش ڈیپ فیک تصاویر فی الحال انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ ہلٹن نے منگل کی شام سی این این کے پروگرام ’دی لیڈ‘ میں اینکر جیک ٹیپر سے گفتگو کے دوران یہ معلومات شیئر کیں۔ ان کے اس انکشاف پر ٹیپر بھی حیران رہ گئے۔
ہلٹن ان دنوں امریکی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں، یعنی ایوان نمائندگان سے ڈیفیانس ایکٹ منظور کرانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ یہ بل انٹرنیٹ پر بغیر رضامندی کے بنائی اور شیئر کی جانے والی جنسی تصاویر اور ڈیپ فیک مواد پر روک لگانے کے مقصد سے پیش کیا گیا ہے۔ منگل کو انہوں نے اس قانون کو منظور کرانے کے لیے ایوان نمائندگان کی قیادت سے ملاقات بھی کی۔ ہلٹن نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جنوری میں کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت آنے سے پہلے موجودہ اجلاس میں ہی یہ بل منظور ہو جائے گا۔ اس سے قبل یہ بل امریکی سینیٹ سے منظور ہو چکا ہے۔
سی این این کے اینکر جیک ٹیپر نے جب ہلٹن سے پوچھا کہ کیا ایوانِ نمائندگان میں اس بل کو کافی حمایت حاصل ہو رہی ہے، تو انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کا موجودہ اجلاس ختم ہونے سے پہلے یہ بل منظور نہیں ہوا، تو یہ متاثرین کے لیے انتہائی افسوسناک ہوگا۔ ہلٹن نے اس معاملے کو کسی سیاسی پارٹی سے وابستہ مسئلہ ماننے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریپبلکن یا ڈیموکریٹک پارٹی کا مسئلہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق آن لائن جنسی ڈیپ فیک وبا کی طرح پھیل رہے ہیں اور اس سے نمٹنے کے لیے کئی سطحوں پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
ہلٹن نے ایوانِ نمائندگان کی ارکان الیگزینڈریا اوکاسیو-کورٹیز (ڈیموکریٹ، نیویارک) اور لوری لی (ریپبلکن، فلوریڈا) کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ارکان نے اس بل پر ان کے ساتھ کام کیا ہے اور اس معاملے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے اس موضوع پر ایک مطالعہ کیا ہے۔ اس کے مطابق امریکی کانگریس کی 156 خاتون اراکین میں سے 83 کی جنسی ڈیپ فیک تصاویر اس وقت آن لائن موجود ہیں۔ یہ اعداد و شمار سن کر جیک ٹیپر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ واقعی خوفناک ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔