تصویر سوشل میڈیا
ایران پر امریکی حملوں کے خطرہ کے درمیان ایران کو ایک بڑی خوشخبری ملی ہے۔ سی آئی اے کے خفیہ حکام کے مطابق ایران کے میزائلوں کو محفوظ رکھنے اور نئے لانچ پیڈ تیار کرنے کی ذمہ داری شمالی کوریا کو سونپی گئی ہے۔ شمالی کوریا نے اس کے لیے اپنے ماہرین تعینات کیے ہیں، جو اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کی صورت میں ایران کے اسلحے محفوظ رہیں۔ شمالی کوریا کے سائنس داں تہران کے لیے لانچ پیڈ بھی تیار کر رہے ہیں۔
’ارم نیوز‘ نے امریکی اور سی آئی اے کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے یہ رپورٹ شائع کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ چند روز قبل ایران نے شمالی کوریا سے اپنے میزائلوں کو محفوظ رکھنے میں مدد مانگی تھی، جسے شمالی کوریا نے قبول کر لیا۔ یعنی میزائلوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لانچ پیڈ تیار کرنے کے لیے بھی شمالی کوریا راضی ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے ماہرین فی الحال پیانگ یانگ سے ہی ہدایات دے رہے ہیں۔ آنے والے وقت میں یہ ماہرین تہران بھی پہنچ سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اپنے زیر زمین میزائل سٹی میں لانچ پیڈ تیار کرنا چاہتا ہے۔ حال ہی میں امریکہ کے ساتھ جنگ کے دوران ایران کے 80 فیصد لانچ پیڈ تباہ ہو گئے تھے۔ لانچ پیڈ نہ ہونے کی وجہ سے ایران نئے میزائل تیار نہیں کر پا رہا ہے۔ اسی لیے اس نے شمالی کوریا سے مدد مانگی ہے۔ ایران کی کوشش مزید خطرناک میزائل تیار کرنے کی ہے تاکہ آنے والے وقت میں تہران بہ آسانی امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ لڑنے کی پوزیشن میں ہو۔
’ارم نیوز‘ کے مطابق اس وقت ایران کے پاس لانچ پیڈ تیار کرنے کے لیے ضروری سامان موجود نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اس کے کئی سائنس داں جنگ میں مارے جا چکے ہیں۔ اسی لیے ایران نے شمالی کوریا سے مدد مانگی ہے۔ شمالی کوریا فی الحال کسی جنگ میں شامل نہیں ہے۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ میں پیانگ یانگ ماسکو کی مدد کر رہا ہے۔ کم جونگ اُن کے کہنے پر شمالی کوریا سے کئی ہزار فوجی روس بھیجے گئے ہیں۔ ان میں سے کئی فوجی مارے بھی گئے ہیں۔ اس کے باوجود شمالی کوریا جنگ میں روس کا ساتھ دے رہا ہے۔ وہیں اب ایران کی مدد کے ساتھ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ شمالی کوریا ایک نیا محاذ تیار کرنا چاہتا ہے۔ دراصل امریکہ کے خلاف روس پہلے ہی ایران کا ساتھ دے رہا ہے۔ پوتن کئی مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ روس اور یوکرین کی جنگ اسی وقت ختم ہوگی، جب ایران کی جنگ ختم ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔