
ایف بی آئی، تصویر، آئی اے این ایس
امریکہ کی سب سے بڑی تحقیقاتی ایجنسی ’فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن‘ (ایف بی آئی) ایک بار پھر سائبر ہیکرز کے نشانے پر ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے اس بار ’نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر‘ (این سی آئی سی) کے ڈاٹا بیس کو نشانہ بنایا ہے۔ اس ڈاٹا بیس کے ذریعے امریکہ کی وفاقی، ریاستی اور علاقائی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان اطلاعات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ اس میں جرائم سے متعلق اعداد و شمار بھی موجود ہوتے ہیں۔ ایف بی آئی کے این سی آئی سی پر سائبر ہیکرز کا یہ دوسرا حملہ ہے۔ چند ماہ قبل بھی ہیکرز نے ایف بی آئی کے نظام پر سائبر حملہ کیا تھا۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ این سی آئی سی کا ڈاٹا بیس امریکہ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس کا استعمال گرفتاری کے وارنٹ اور مجرموں کے پس منظر کی جانچ وغیرہ کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس میں سبھی مجرموں اور ملزمین سے متعلق معلومات موجود ہوتی ہیں۔
حالیہ دنوں میں ہی ڈاٹا میں نقب زنی کا پتہ چلا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ملک کے ڈیجیٹل نظام کی سیکورٹی پر بڑے سوالات اٹھ رہے ہیں، کیونکہ حالیہ دنوں میں سائبر حملوں اور ڈیجیٹل سرور بند ہونے کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے مائیکروسافٹ کی خدمات ٹھپ ہو گئی تھیں، جس کی وجہ سے امریکہ سمیت دنیا بھر میں کام کاج متاثر ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ امریکہ میں بینکوں کے سرور بھی اچانک بند ہو گئے تھے۔ وہیں نیشنل سیکورٹی ایجنسی (این ایس اے) اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں بھی خرابی سامنے آئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کے افسران کو جمعرات کے روز جیسے ہی سائبر سیکورٹی سے متعلق ایک نئے واقعے کی اطلاع ملی، اسی دن ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل فاکس نیوز پر نظر آئے اور انہوں نے ایجنسی کی سائبر سیکورٹی مہم کی تعریف بھی کی۔
پٹیل نے اپنے انٹرویو میں چند ماہ قبل مکمل کیے گئے ایک آپریشن کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس آپریشن کا مقصد کمپنیوں کو اپنے نظام کو اپ ڈیٹ کرنے کی ترغیب دینا اور ہیکرز کو ان کے حساس ڈاٹا تک رسائی حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ پٹیل نے آپریشن ونٹر شیلڈ کا بھی ذکر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے موجودہ انتظامیہ کی بھی تعریف کی ہے۔ اس سال ستمبر میں شینی ہنٹرز نام کے ہیکر گروپ نے ایف بی آئی کی ملازمت سے متعلق ایک ویب سائٹ کو نشانہ بنایا تھا۔ اس سائبر حملے کے ذریعے ایجنسی کے ملازمین کے حساس ڈاٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ 2023 میں بھی ایف بی آئی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس وقت ہیکرز نے ایف بی آئی کے نیویارک شیلڈ آفس کے ایک کمپیوٹر سسٹم پر حملہ کیا تھا۔ اس نظام کا استعمال بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے کیا جاتا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔