
زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس
جاپان کے بونین جزائر کے علاقے میں اتوار (25 اکتوبر) کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت 6.5 تھی۔ زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ فی الحال زلزلے سے ہونے والے نقصان کا پتہ نہیں چل سکا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے سونامی کی کوئی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق زلزلہ آج مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11:09 بجے ریکارڈ کیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلہ کا مرکز تقریباً 492 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق ٹوکیو سے تقریباً 1000 کلومیٹر جنوب-جنوب-مشرق میں واقع بونین جزائر (جسے اوگاساوارا جزائر بھی کہا جاتا ہے) میں 6.5 شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلہ کا مرکز سمندر کے اندر 494 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ متاثرہ علاقوں کے لیے سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کسی طرح کے نقصان یا جانی نقصان کی کوئی خبر ہے۔ یہ زلزلہ فلپائن اور بحرالکاہل کی ٹیکٹونک پلیٹوں کے درمیان واقع ایسے علاقے میں آیا، جہاں زلزلے آنے کا خطرہ کافی زیادہ رہتا ہے۔ اس کے علاوہ جرمن ریسرچ سنٹر فار جیوسائنسز (جی ایف زیڈ) کے مطابق اتوار کی صبح وانواتو جزائر میں 6.16 شدت کا زلزلہ آیا۔
قابل ذکر ہے کہ 22 اکتوبر کی رات کو تبت میں 7.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں 16 افراد کی موت ہو گئی تھی، جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔ زلزلہ کے بعد 12 ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا تھا۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ زلزلہ کا مرکز تبت کے ناگچو شہر کی باچین کاؤنٹی میں تھا۔ یہ زلزلہ زمین سے 10 کلومیٹر سے بھی کم گہرائی میں آیا تھا۔ یہ مقام تبت کی راجدھانی لہاسا سے تقریباً 400 کلومیٹر دور ہے۔ زلزلہ کے باعث 330 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔