دیگر ممالک

آسٹریلیا کے گریٹر بینڈیگو کے پہلے ہندوستانی نژاد میئر بنے ابھیشیک اوستھی

بنیادی طور پر ہماچل پردیش کے منڈی کے رہنے والے ابھیشیک اوستھی 2008 میں ایک بین الاقوامی طالب علم کی حیثیت سے آسٹریلیا آئے تھے۔ 2021 میں انہوں نے ’انڈین ایسوسی ایشن آف بینڈیگو‘ قائم کی۔

<div class="paragraphs"><p>ابھیشیک اوستھی، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

ابھیشیک اوستھی، تصویر/آئی اے این ایس

 

آسٹریلیا کے شہر گریٹر بینڈیگو نے پہلی بار ایک ہندوستانی نژاد شخص کو اپنا میئر منتخب کیا ہے۔ ان کا نام ابھیشیک اوستھی ہے۔ اس غیر معمولی کامیابی پر ہندوستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر فلپ گرین نے انہیں مبارکباد دی ہے۔ گرین نے اسے ’آسٹریلیا-ہندوستان کے تعلقات کی کہانی کا ایک اور حوصلہ افزا باب‘ قرار دیا۔ گرین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستانی نژاد کونسلر ابھیشیک اوستھی کو ریاست وکٹوریہ کے ایک شہر کا میئر منتخب کیا گیا ہے۔

فلپ گرین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آسٹریلیا-ہندوستان کی کہانی کا ایک اور حوصلہ افزا باب! ابھیشیک اوستھی کو مبارکباد، جو طالب علم کی حیثیت سے ہماچل پردیش سے آسٹریلیا آئے تھے اور اب گریٹر بینڈیگو کے پہلے ہندوستانی نژاد میئر بن گئے ہیں۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستانی نژاد لوگ پورے آسٹریلیا میں کس طرح اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘‘ ’دی آسٹریلیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق 9 نومبر کو بینڈیگو کے ’دی کیپیٹل‘ تھیٹر میں ہونے والے میئر کے انتخاب کو دیکھنے کے لیے تقریباً 250 افراد جمع ہوئے تھے۔ اوستھی کو ان کے ساتھی کونسلروں نے 27-2026 کی مدت کے لیے گریٹر بینڈیگو کی قیادت کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔

اوستھی نے اپنے انتخاب کو ان تارکین وطن کے لیے ایک ’غیر معمولی لمحہ‘ قرار دیا ہے جنہوں نے آسٹریلیا اور بینڈیگو کو اپنا گھر بنا لیا ہے۔ ان کا انتخاب ہندوستانی نژاد آسٹریلوی برادری کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اوستھی کا سفر ظاہر کرتا ہے کہ مقامی حکومت اور شہری زندگی میں تارکین وطن آسٹریلوی باشندوں کی شرکت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بنیادی طور پر ہماچل پردیش کے منڈی کے رہنے والے ابھیشیک اوستھی 2008 میں ایک بین الاقوامی طالب علم کی حیثیت سے آسٹریلیا آئے تھے۔ انہوں نے لا ٹروب یونیورسٹی سے بایوٹیکنالوجی اور بایو انفارمیٹکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ 2010 میں بینڈیگو منتقل ہونے کے بعد انہوں نے سماجی تنظیموں، رضاکارانہ سرگرمیوں اور کثیر ثقافتی اقدامات کے لیے کام کرنا شروع کیا۔

’دی آسٹریلیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق 2021 میں اوستھی نے ’انڈین ایسوسی ایشن آف بینڈیگو‘ قائم کی۔ اس کا مقصد ثقافتی تقریبات، فلاحی سرگرمیوں اور کمیونٹی کی مدد کے پروگراموں کے ذریعے وسطی وکٹوریہ میں رہنے والے ہندوستانی خاندانوں کو ایک ساتھ لانا تھا۔ 2024 میں اوستھی نے کیننگٹن وارڈ کا انتخاب جیتا۔ انہوں نے گیون ہکس کو شکست دی اور 58.86 فیصد ’فرسٹ پریفرنس‘ (پہلی ترجیح کے) ووٹ حاصل کیے۔ اس کے بعد وہ 25-2024 کی مدت کے لیے گریٹر بینڈیگو کے پہلے ہندوستانی نژاد ڈپٹی میئر بنے۔ 2 سال بعد اب انہیں گریٹر بینڈیگو کا میئر منتخب کیا گیا ہے، جو ان کے لیے ایک اور بڑی کامیابی ہے۔