دیگر ممالک

روسی حملے میں اوڈیسا بندرگاہ سے روانہ ہونے والے ’ایم وی گولڈن لیو‘ پر سوار 4 ہندوستانی شہری جاں بحق: وزارت خارجہ

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ’’ہم ہلاک ہونے والے ہندوستانی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمی ہندوستانی شہری کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

روس اور یوکرین کے درمیان جاری مہلک حملوں میں اتوار کے روز 4 ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی ہے۔ اوڈیسا بندرگاہ سے روانہ ہونے والے تجارتی جہاز ’ایم وی گولڈن لیو‘ پر یہ حملہ ہوا۔ جہاز پر اس وقت عملے کے 17 اراکین سوار تھے، جن میں 5 ہندوستانی شہری تھے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ ’’19 جولائی، اتوار کی شام اوڈیسا بندرگاہ سے روانہ ہوتے وقت تجارتی جہاز ایم وی گولڈن لیو پر حملہ کیا گیا۔ واقعے کے وقت جہاز پر عملے کے 17 اراکین موجود تھے، جن میں 5 ہندوستانی شہری بھی شامل تھے۔‘‘ وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ ’’اس حملے میں 4 ہندوستانی شہریوں کی افسوسناک موت ہو گئی ہے، جبکہ ایک ہندوستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے اور اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے۔‘‘

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ یوکرین میں ہمارا مشن صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ افراد تک ہر ممکن امداد پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہم ہلاک ہونے والے ہندوستانی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمی ہندوستانی شہری کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا، عملے کے بے قصور اراکین کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا یا سمندری راستوں اور تجارت کی آزادی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنا انتہائی قابل مذمت ہے اور ایسا نہیں کیا جانا چاہیے۔

روسی وزارت دفاع نے اتوار کے روز جاری کردہ بیان میں کہا کہ روسی ایئر ڈیفنس سسٹم نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 774 یوکرینی فکسڈ ونگ ڈرون اور 13 گائیڈڈ ہوائی بموں کو مار گرایا ہے۔ وزارت نے کہا کہ روسی فوج نے پوری رات یوکرین کے فوجی ٹھکانوں پر ڈرون اور ہوائی حملے کیے۔ وزارت نے بتایا کہ ان حملوں میں اوڈیسا بندرگاہ کے اس بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جس کا استعمال ایندھن اور لبریکینٹ اتارنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی یوکرینی فوج کو مدد پہنچانے والے ایندھن کے اسٹوریج سنٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

روسی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ یوکرین کے اوڈیسا علاقے میں چورنومورسک بندرگاہ پر گولا بارود اتارنے والے ایک کنٹینر جہاز پر بھی حملہ کیا گیا۔ روسی فوج نے بحیرہ اسود میں اسنیک آئی لینڈ کے پاس ایک ڈرائی کارگو جہاز کو بھی نشانہ بنایا، جو یوکرینی فوج کے لیے سامان لے جا رہا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔