خبریں

اہم خبر: سہارنپور میں ’جوان‘ کے ساتھ بدسلوکی، 4 پولس اہلکاروں کی معطلی

مہاراشٹر کے بھیونڈی میں 4 منزلہ عمارت منہدم ہونے کی وجہ سے دو افراد کی جان چلی گئی۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے میں ابھی کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سہارنپور: ’جوان‘ کے ساتھ بدسلوکی، 4 پولس اہلکار معطل

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں پیراملٹری فورس کے جوان سے بدسلوکی کے الزام میں چار پولیس اہلکار کو معطل کردیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دنیش کمار پربھو نے سنیچر کو یہاں بتایا کہ کہ دیوبند کوتوالی کے چار پولیس اہلکار کو ایک ’جوان‘ کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیوبند کوتوالی کے گنارسہ گاؤں باشندہ پیرا ملٹری فورس کا جوان مونو جو جموں و کشمیر میں تعینات ہے۔ چھٹی پر اپنے گھر آیا تھا۔ اس جوان کے ساتھ دیوبند ریلوے پولیس چوکی پر تعینات لوکیندر سنگھ، اکھلیش سنگھ اور بنگلور پولیس چوکی پر تعینات سپاہی ونیت کمار اور پرمود کمار نے گذشتہ دنوں بدسلوکی کی تھی۔ پولیس چوکی پر لاکر اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی شکایت کوتوالی انچاج آنند دیو مشر نے کی تھی۔ معاملے کی جانچ کی ہدایت دی گئی تھی۔ پوبھو نے بتایا کہ جانچ رپورٹ ملنے کے بعد چاروں پولیس اہلکار کو فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

جموں و کشمیر: صحافیوں کو راہل گاندھی سے ملنے سے روکا گیا، پولس نے کی بدسلوکی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور 11 اراکین پر مشتمل اپوزیشن لیڈروں کا وفد سری نگر ائیر پورٹ سے ہی واپس ہو گیا ہے۔ مقامی پولس و انتظامیہ نے انھیں سری نگر ائیر پورٹ سے باہر نکلنے نہیں دیا اور اس سلسلے میں کافی ہنگامہ بھی ہوا۔ مجبوراً راہل گاندھی سمیت سبھی کو فلائٹ لے کر واپس آنا پڑا۔ لیکن اس درمیان صحافیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بڑے سوال کھڑے کر رہا ہے۔ دراصل جب صحافی راہل گاندھی سے اور دیگر اپوزیشن لیڈران سے بات چیت کرنا چاہ رہے تھے تو انھیں ایسا کرنے سے روکا گیا۔ اس درمیان ایک خاتون میڈیا رپورٹر کو کچھ چوٹیں بھی آ گئیں۔ اس سے یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ کیا واقعی جموں و کشمیر میں حالات بہتر ہیں؟ اپوزیشن وفد کے واپس ہونے اور صحافیوں کو ان سے بات نہ کرنے دینے کے بعد کچھ لوگ یہ کہنے لگے ہیں کہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے چھپانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

بی جے پی حکومت جموں و کشمیر میں امن بحال کرنے میں ناکام: ڈی راجہ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ بھی سری نگر ائیر پورٹ پہنچے تھے لیکن انھیں بھی وہاں سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ڈی راجہ نے اس سلسلے میں کہا کہ جموں و کشمیر میں امن بحال کرنے میں بی جے پی حکومت ناکام ہوئی ہے اس لیے وہ سچ کو چھپانا چاہتی ہے۔ ڈی راجہ نے کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لیے بغیر اس لیے واپس کیا گیا کیونکہ حالات معمول پر نہیں ہیں۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

ہوائی اڈہ پر ہنگامہ کے بعد راہل سمیت سبھی لیڈروں کو سری نگر ائیر پورٹ سے بھیجا گیا واپس

کانگریس لیڈر راہل گاندھی جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے سری نگر ائیر پورٹ پہنچے لیکن انھیں ہوائی اڈے سے باہر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ کئی دیگر لیڈران بھی سری نگر پہنچے اور سبھی کو ائیر پورٹ پر ہی روک لیا گیا اور باہر نہیں نکلنے دیا گیا۔ سری نگر ائیر پورٹ پر ایک کشمکش کی حالت پیدا ہونے کے بعد کافی ہنگامہ والا ماحول بن گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈران کا وفد جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لینا چاہتا تھا لیکن اسے ایسا نہیں کرنے دیا گیا۔ راہل گاندھی سمیت سبھی لیڈروں کو انتظامیہ نے ائیر پورٹ سے ہی واپس بھیج دیا۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

اتر پردیش: بریلی میں جنم اشٹمی کے ’شوبھا یاترا‘ پر پتھراؤ، 5 زخمی

بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی واقع دیوریا علاقے میں کرشن جنم اشٹمی کی مناسبت سے نکالے جا رہے جلوس پر شرپسند عناصر کی جانب سے کیے گئے پتھراؤ کی وجہ سے مچی بھگدڑ میں خاتون سمیت پانچ افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولس (دیہات) سنسار سنگھ نے ہفتہ کے روز بتایا کہ دیوریا علاقے کے مکری ندی گاؤں میں جنم اشٹمی پر جلوس کئی سالوں سے نکالا جارہا تھا جب کچھ شرپسند عناصر نے جلوس میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی اور جلوس پر پتھراؤ کردیا۔ جس سے بھگدڑ مچ گئی جس میں خاتوں سمیت پانچ لوگ زخمی ہوگئے۔اس درمیان بعض افراد کی جانب سے ہتھیار بھی لہرائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی دیوریا تھانہ انچارج اور سرکل افسر آلوک اگہری موقع پر پہنچ گئے۔ چار تھانوں کی فورس و پی ایس سی کو بلا لیا گیا ہے۔ایس پی دیہات سنسار سنگھ نے موقع واردات پرپہنچ کر پورے معاملے کی جانکاری لی۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

ارون جیٹلی کے انتقال پر کانگریس کا اظہارِ غم

ارون جیٹلی کی موت کی خبر ملنے کے بعد کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ’’ارون جیٹلی کے انتقال کی خبر سے ہمیں بہت تکلیف ہوئی ہے۔ ان کے اہل خانہ کے تئیں ہماری ہمدردی ہے۔ غم کے اس وقت میں ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

زندگی اور موت کی جنگ میں ہار گئے ارون جیٹلی، دنیائے فانی کو کہا الوداع

بالآخر سابق مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے ہمیشہ کے لیے آنکھیں موند لیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے ایمس میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے بی جے پی کے مشہور و معروف لیڈر ارون جیٹلی نے ایمس اسپتال میں 12 بج کر 7 منٹ پر آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کی خبر سے ان کے اہل خانہ و شیدائیوں مین غم و اندوہ کی لہر پھیل گئی ہے۔ جیٹلی کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد سیاسی و سماجی لیڈروں کے ذریعہ تعزیت کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

11 اپوزیشن لیڈروں سمیت راہل گاندھی بذریعہ طیارہ سری نگر روانہ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی سری نگر کے لیے فلائٹ میں سوار ہو چکے ہیں۔ جموں و کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے راہل گاندھی کے علاوہ 11 دیگر اپوزیشن لیڈران بھی سری نگر کے لیے فلائٹ پکڑ چکے ہیں۔ جن اپوزیشن لیڈروں نے سری نگر کے لیے فلائٹ پکڑی ہے ان میں ڈی راجہ، شرد یادو، مجید میمن اور منجو جھا وغیرہ شامل ہیں۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

سری نگر دورہ کے لیے راہل گاندھی گھر سے نکلے

راہل گاندھی اپوزیشن پارٹی لیڈران کے ایک وفد کے ساتھ آج جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس دورہ کے لیے وہ اپنے دہلی واقع گھر سے نکل چکے ہیں۔ حالانکہ گورنر نے انھیں یہ دورہ کرنے کے لیے منع کیا ہے اور میڈیا ذرائع کے مطابق انھیں سری نگر ائیر پورٹ پر ہی روکا جا سکتا ہے۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

ہریانہ: کرنال میں 54 سالہ خاتون کی اجتماعی عصمت دری

ہریانہ کے کرنال میں ایک 54 سالہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ پیش آیا۔ واقعہ 14 اگست کا ہے۔ متاثرہ خاتون کا علاج روہتک کے ایک اسپتال میں چل رہا ہے۔ پولس کیس درج کر معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

مہاراشٹر: بھیونڈی میں چار منزلہ عمارت منہدم، 2 لوگوں کی موت، راحتی کام جاری

مہاراشٹر کے بھیونڈی کے شانتی نگر علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہو گئی ہے۔ اس واقعہ میں دو لوگوں کی ہلاکت کی خبریں موصول ہوئی ہیں اوربتایا جا رہا ہے کہ کچھ لوگ اب بھی ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔ راحتی کام فوری طور پر شروع کیا جا چکا ہے اور خبروں کے مطابق اب تک چار لوگوں کو محفوظ اس ملبے سے باہر بھی نکالا گیا ہے۔ زخمیوں کو قریب کے آئی جی ایم اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 24 Aug 2019, 9:10 AM IST